بارش کے دوران راستے پر نکل کر کام کرنے کا کریڈٹ لینے کیلئے ریتوتائوڑے میڈیا کے ہمراہ گاندھی مارکیٹ پہنچی تھیں تبھی ان کا اسٹاف ممبران کے سامنے ہی گٹر میں گرگیا۔ کئی جگہوں پر پانی جمع ہوگیا۔ شہریوں کو دشواریاں۔
EPAPER
Updated: June 25, 2026, 11:28 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
بارش کے دوران راستے پر نکل کر کام کرنے کا کریڈٹ لینے کیلئے ریتوتائوڑے میڈیا کے ہمراہ گاندھی مارکیٹ پہنچی تھیں تبھی ان کا اسٹاف ممبران کے سامنے ہی گٹر میں گرگیا۔ کئی جگہوں پر پانی جمع ہوگیا۔ شہریوں کو دشواریاں۔
شہرومضافات میں بارش ۱۱؍ دن کی تاخیر سے آئی لیکن اس نے بی ایم سی کی ناکامی کوظاہر کردیا جس کی وجہ سے میئر ریتو تاؤڑے کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ میئر بی ایم سی کے کام کا جائزہ لینے نکلی تھیں کہ گاندھی مارکیٹ علاقے میں ان کے سامنے بی ایم سی کا ایک سپر وائزر کھلی گٹر میں گر گیا۔ اس گٹر میں کمر تک پانی جمع تھا۔بارش کے دوران متعدد علاقے زیر آب آگئے جس سے شہریوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا اور بیسٹ نے اپنی متعدد بسوں کے راستے تبدیل کئے نیز نجی گاڑیوں کو بھی متبادل سڑکوں سے گزرنا پڑا۔
سپر وائزر گٹر میں گرپڑا
منگل اور بدھ کی درمیانی شب موسلا دھار بارش کے بعد یہ ثابت کرنے کیلئے کہ بی ایم سی نے موسم باراں کی ایسی تیاری کی تھی کہ ریکارڈ بارش ہونے کے باوجود شہری زندگی مفلوج نہیں ہوئی، میئر ریتو تائوڑے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے نکلی تھیں۔ اگرچہ سوشل میڈیا پر مختلف علاقوں میں سڑک پر پانی جمع ہونے کے ویڈیو گشت کررہے تھے لیکن میئر کو مخصوص مقامات پر ہی لے جایا گیا تھا۔ سائن اسپتال کے قریب کنگز سرکل پر واقع گاندھی مارکیٹ کا علاقہ نشیبی علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور یہاں برسوں سے بارش کا پانی سڑک پر جمع ہوجاتا ہے۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے یہاں پمپنگ اسٹیشن بنایا گیا ہے اور یہاں ۱۱؍ پمپ نصب کئے گئے ہیں۔ ان پمپوں کی مدد سے بڑی مقدار میں پانی کی نکاسی کی جاتی ہے اور اسی وجہ سے وہ یہاں جائزہ لینے پہنچی تھیں۔یہاں صحافیوں سے گفتگو کے دوران میئر نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹی وی نیوز پر اندھیری سب وے میں پانی جمع ہونے کا ویڈی دکھایا جارہا ہے کیونکہ اس جگہ کے مسئلے کا مستقل حل تلاش نہیں کیا جاسکا ہے لیکن یہاں اضافی ورکرس کو کام پر لگایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاڈ، ملن سب وے اور گاندھی مارکیٹ جیسے نشیبی علاقوں میں پانی جمع نہیں ہونے دیا گیا ۔ اسی گفتگو کے دوران بی ایم سی کا ایک سپر وائزر میئر سے چند فٹ کی دوری پر کھلی گٹر میں گر گیا جس میں کمر تک پانی جمع تھا۔ وہاں موجود دیگر اسٹاف ممبروںنے اسے فوراً کھینچ کر باہر نکالا لیکن یہ ویڈیو تب تک کیمروںمیں ریکارڈ ہوچکا تھا۔اس پر میئر نے وہاں کے ذمہ دار افسران کو کافی سخت سست کہا اور وارننگ دی کہ اس طرح کا واقعہ ہونے پر وارڈ آفیسر کو معطل کردیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: بارش کے سبب لوکل ٹرین کا دروازہ بند کرنے پرنوجوان کا چاقو سے بہیمانہ قتل، ملزم گرفتار
ٹرین سروس متاثر
بھاری بارش کی وجہ سے صبح کے مصروف اوقات میں سینٹرل، ہاربر اور ویسٹرن تینوں لائنیں متاثر ہوئیں ۔ مسافروں نے ٹرینیں تاخیر سے چلائے جانے کی وجہ سے دیر ہونے اور ٹرینوں میں شدید بھیڑ کی شکایت کی۔ اس دوران ٹرانس ہاربر لائن پر تھانے سے واشی لائن پر تربھے اور کوپر کھیرنے کے درمیان پٹریوں کے نیچے سے کئی فٹ مٹی بہہ جانے کی وجہ سے اس حصہ کو غیر محفوظ قرار دے کر اَپ اور ڈاؤن دونوں لائنوں کو صبح ۵؍ بجکر ۶؍ منٹ پر بند کردیا گیا تھا۔ مرمت کے بعد دونوں لائنوں کو صبح ساڑھے ۷؍ بجے شروع کیا گیا لیکن ابتدائی چند گھنٹے یہاں اَپ لائن پر ٹرینوں کو ۱۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ اور ڈائون لائن پر ۳۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گزارا گیا۔
بیسٹ بس خدمات بھی متاثر
اگرچہ میئر نے دعویٰ کیا تھا کہ سڑکوں پر پانی جمع نہیں ہونے دیا گیا لیکن یہ غلط ثابت ہوا۔سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے ’برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بیسٹ)‘ کی ۲۸؍ بسوں کے راستے تبدیل کرنے پڑے تھے اور نجی گاڑیوں کو بھی متبادل راستوں سے گزرنا پڑا۔ مزید کئی سڑکیں ’ندی‘ میں تبدیل ہوگئی تھیں ۔
حادثات
بدھ کو بھانڈوپ مغرب میں ۲؍ منزلہ گھر کا حصہ گرگیا اور وکھرولی میں ایک کمپاؤنڈ کی حفاظتی دیوار منہدم ہوگئی جس سے چند جھوپڑوں کو نقصان پہنچا۔ اس طرح عمارتوں کے حصہ گرنے کے کُل ۷؍ واقعات ہوئے۔ اس کے علاوہ شہر و مضافات میں شارٹ سرکٹ کے کُل ۷۰؍ واقعات رونما ہوئے لیکن ان حادثات میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ شاخیں اور درخت گرنے کے ۱۱۳؍ حادثات ہوئے جن میں چند مقامات پر گاڑیوں کو تو کہیں املاک کو نقصان پہنچا ۔ ایک کار میں بیٹھا ڈرائیورتناور درخت گرنے سے زخمی بھی ہوگیا۔ اس کے علاوہ تھانے کے ورتک نگر میں ایک درخت گرنے سے ۲؍ کاروں اور ۳؍ موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بنگال: بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد محرم الحرام کے جلوس کیلئے سخت ہدایات
تین ہندسوں میں بارش
۲۴؍ گھنٹوں میں بارش کا ریکارڈ کچھ اس طرح رہا کہ ایف (سائوتھ) وارڈ ۳۳۴ ملی میٹر، پوائی (ایم سی ایم سی آر) ۳۰۰، مالونی فائر اسٹیشن ۳۴۰، دادر فائر اسٹیشن ۲۸۹، ملاڈ ڈپو ۲۹۳، نائر اسپتال ۲۶۵، ایم (ویسٹ) ۲۴۷، چارکوپ میونسپل اسکول ۲۸۸، بائیکلہ فائر اسٹیشن ۲۶۲، وکھرولی ۲۳۶، پی (نارتھ) وارڈ ۲۷۱، وڈالا فائر اسٹیشن ۲۵۰، ایس وارڈ ۲۳۸، کاندیولی فائر اسٹیشن ۲۶۵، ملبار ہل ۲۵۳، کلکٹر کالونی میونسپل اسکول چمبور ۲۳۲، بوریولی فائر اسٹیشن ۲۵۵، جی (سائوتھ) ۲۴۶، مانخورد فائر اسٹیشن ۲۳۲، باندرہ فائر اسٹیشن ۲۴۴، ورلی فائر اسٹیشن ۲۴۱، ٹیگور نگر، وکھرولی ۲۱۸، جوگیشوری ایچ ایچ بی ٹھاکرے اسکول ۲۳۷، این وارڈ ۲۱۹، آرے کالونی میونسپل اسکول ۲۳۷۔