Inquilab Logo

انیس ماہ بعد صد فیصد لوکل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

Updated: October 27, 2021, 9:36 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

ریلوےا نتظامیہ کابھیڑبھاڑکے سبب فیصلہ۔ کل سے سینٹرل ریلوے میں ۱۷۷۴؍ اورویسٹرن ریلوے میں۱۳۶۷؍ لوکل سروسیزچلائی جائیںگی

Railways has announced to restore all services from Thursday. (File photo)
جمعرات سے تمام سروسیز بحال کردینے کا ریلوے نے اعلان کیا ہے۔(فائل فوٹو)

 ۱۹؍ماہ بعد ۱۰۰؍ فیصد لوکل ٹرینیںچلانے کا ریلوے انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے۔ ۲۸؍اکتوبر بروز جمعرات (کل) کووڈ ۱۹؍سے پہلے جس طرح لوکل ٹرینیں دوڑاکرتی تھیں،اسی طرح تمام سروسیز بحال کردی جائیںگی۔ سینٹرل اورویسٹرن ریلوے انتظامیہ کی جانب سے اس کی وجہ لوکل ٹرینو ں میںزبردست بھیڑبھاڑبتائی گئی ہے۔
 ۲۲؍مارچ ۲۰۲۰ءسے کووڈ۱۹ کے سبب لوکل خدمات پوری طرح سےبند کردی گئی تھیںجبکہ ۱۵؍جون ۲۰۲۰ءسے ریاستی حکومت کی سفارش پر ریلوے انتظامیہ نے لازمی خد مات پرمامور عملہ اورمرکزی حکومت کے مختلف شعبوں کے ملازمین کوان کے دفتر جانے کیلئے لوکل ٹرینیں شروع کیں اوروقفے وقفے  سےزمروں کا اضافہ کیا گیا ۔ 
 اسی طرح ۱۵؍اگست سے ٹیکے کی دوخورا ک لینے والوں کوبھی سفر کی اجازت دی گئی ہے اور سرٹیفکیٹ دکھانے بعد ایسے مسافرو ںکو پاس جاری کرنے کاسلسلہ شروع کیا گیا جواب تک اسی ترتیب کے ساتھ جاری ہے۔یومیہ ایسے تقریباً ۱۸؍ تا  ۲۰؍ ہزار مسافر پاس حاصل کررہے ہیں۔
 موجودہ وقت میںسینٹرل ریلوے میں ۱۷۰۲؍ اور ویسٹرن ریلوےمیں۱۳۰۴؍ لوکل سروسیز چلائی جارہی ہیں جو مجموعی سروسیز کا ۹۵ء۷۰؍ فیصد ہے ۔ ۲۸؍ اکتوبر سے سینٹرل ریلوے کی تمام سروسیزیعنی ۱۷۷۴؍ اورویسٹرن ریلوے میں ۱۳۶۷؍  چلائی جائیں گی ۔ لیکن اس فیصلے کے باوجود ان ہی مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی جنہیںریاستی حکومت اور وزارت ریل کی جانب سے اجازت دی گئی ہے ،  عام مسافرو ں کوسفر کی اجازت نہیںہوگی۔
 یہ تفصیلات سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر اوشیواجی ستار اورویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر اوسمیت ٹھاکورنے نمائندۂ انقلاب کوبتائیں۔ 
 ان رابطہ عامہ افسران کا یہ بھی کہناہےکہ کووڈ ۱۹؍ میںاحتیاط کے پیش نظرہی پہلے۹۵؍ فیصد سروسیز  چلائی جارہی تھیںلیکن اب چونکہ بڑی تعداد میں دوویکسین لینے والوںنے بھی پاس حاصل کرلئے ہیںاورطلبہ کو بھی اجازت دے دی گئی ہے اس لئے بھیڑبڑھ گئی ہے چنانچہ پہلے کی طرح تمام سروسیزجمعرات سے شروع کردی جائیں گی ،اس سے مسافروں کومزیدراحت ملے گی اور بھیڑ بھاڑ پر قابوپایاجاسکے گا۔
 ریلوے کے اس فیصلے سے یہ بھی امید  نظر آرہی ہے کہ ریاستی وزیرصحت نے چند دن قبل جو اعلان کیا تھا کہ دیوالی بعدکورونا کا ایک ڈوزلینے والوں کوبھی سفر کی اجازت دی جائے گی البتہ اس پر مہر وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے لگائیں گے، ریلوے کےتمام سروسیز چلانے کےفیصلے سے اس کی امید بڑھ گئی ہے کیونکہ یہ کہا جارہا ہےکہ ریلوے انتظامیہ پہلے سے ہی تیاری کررہا ہے تاکہ بھیڑبھاڑ کم ہو اور تمام سروسیزپہلے کی طرح چلانے کیلئے انداز ہ بھی ہوجائے ۔ حالانکہ حتمی اعلان کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ اجازت دی جاتی ہے یانہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK