بی ایم سی افسران نے بُلیٹ ٹرین اور دیگر پروجیکٹوں کا جائزہ لیا، اصولوں کی خلاف ورزی کی وجہ سے ایم پی سی بی نے ممبئی میں سیمنٹ کے ۴؍ پلانٹ بند کروادیئے۔
ماہم میں فضائی آلود گی کے سبب دھند چھائی ہوئی ہے۔ تصویر،انقلاب: شاداب خان
ممبئی میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن مختلف اقدامات کررہی ہے۔ اس کے باوجود اتوار کو شہر و مضافات کے مختلف مقامات پر آلودگی کی سطح خراب سے انتہائی خراب زمرے میں رہی۔ اس دوران بی ایم سی افسران نے تعمیراتی کام سے پھیلنے والی آلودگی کا جائزہ لینے کیلئے اتوار کو بُلیٹ ٹرین اور دیگر پروجیکٹ کا جائزہ لیا۔
اس دوران اتوار کو ’مہاراشٹر پلوشن کنٹرول بورڈ‘ (ایم پی سی بی) نے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے ممبئی میں ۴؍ سیمنٹ پلانٹ کو بند کرنے کےاحکام جاری کئے ہیںاور ریڈی مکس پلانٹ کے دیگر ۳۷؍ یونٹ سے جرمانہ وصول کرنے کی کارروائی شروع کی ہے۔
واضح رہے کہ فضائی آلودگی کم کرنے کے تعلق سے جاری کردہ اصولوں کی پاسداری نہ کرنے کی وجہ سے بی ایم سی نے پہلے ہی بی کے سی میں بُلیٹ ٹرین پروجیکٹ اور باندرہ (مشرق) میں بامبے ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کے کام پر روک لگا دی تھی۔ اس طرح کے اقدام کے باوجود اتوار کو شہر و مضافات کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خراب رہی۔
اتوار کو خبر لکھتے وقت باندرہ مائونٹ میری پر آلودگی کی سطح ۲۰۸، باندرہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر ادیان ۲۰۹، قلابہ نیوی نگر ۱۸۶، مجگائوں ۱۸۲، ورلی ۱۸۶، ورلی (سدھارتھ نگر) ۱۸۸، وڈالا بھکتی پارک ۱۸۱، سائن ۱۸۲؍ اور دیگر کئی علاقوں میں ۱۸۰؍ اور ۱۷۰؍ سے زیادہ رہی۔
شہر میں فضائی آلودگی کی گرتی ہوئی سطح کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کو مؤثر طریقہ سے نافذ کرنے کیلئے ایڈیشنل میونسپل کمشنر (مشرقی مضافات) ڈاکٹر اویناش ڈھکنے نے ’کے ایسٹ‘ اور ’ایچ ایسٹ‘ وارڈوں کا دورہ کیا اور بی کے سی میں بلیٹ ٹرین اور مختلف پروجیکٹوں کا جائزہ لیااور تمام تعمیراتی پروجیکٹوں پر فضائی آلودگی کم کرنے کے اقدام کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اس معائنہ کے دوران کے ایسٹ کے اسسٹنٹ کمشنر نتن شکلا، ایچ ویسٹ کی اسسٹنٹ کمشنر مردولا آندے سمیت مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔ اس وفد نے اتوار کو بلیٹ ٹرین پروجیکٹ، ہائی کورٹ اور گورنمنٹ کالونی پروجیکٹ کی جگہ، پان بائی اسکول اور اس کے آس پاس کی سڑکوں کا معائنہ کیا۔ ان افسران نے کھیرواڑی جنکشن پر سروس روڈ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں صفائی، ڈسٹ کنٹرول اور ٹریفک نظام کا جائزہ لیا۔
اس دوران یہ بھی دیکھا گیا کہ تعمیراتی مقامات پر دھول کو اڑنے سے روکنے کے لئے پانی کا باقاعدگی سے چھڑکاؤ، سازو سامان کو ڈھانکنے کے لئے ہری جالی کا استعمال ہورہا ہے یا نہیں اور تعمیراتی سامان کی نقل و حمل کے دوران گاڑیوں کو ڈھانکا جاتا ہے یا نہیں۔ اس کے علاوہسڑکوں کی مکینیکل صفائی کا بھی معائنہ کیا گیا۔
متعلقہ اداروں کو اسکول کے احاطوں اور گنجان آبادی والے علاقوں میں خاص خیال رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی دی گئیں کہ کسی بھی قسم کی غفلت سے علاقے کے شہریوں بالخصوص بچوں، بزرگوں اور مریضوں کی صحت پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔ ڈاکٹر ڈھکنے نے یہ بھی کہا کہ جہاں بھی ضروری ہوگا، قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ٹھیکیداروں اور متعلقہ اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔