Inquilab Logo

رفیع نگر اور دیونار قبرستانوں میں تدفین کا سلسلہ جلد شروع کرنے کا فیصلہ

Updated: August 07, 2023, 9:56 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

بی ایم سی کی جانب سے اہلیان گوونڈی اور عوام سے بھی اس معاملے میں تعاون کی اپیل۔کچی لاشیں نکلنے کی وجہ سے تدفین بند کی گئی تھی

The burial process is expected to resume soon at the Rafi Nagar graveyard.
رفیع نگر قبرستان میں تدفین کا عمل دوبارہ جلد شروع ہونے کی امید ہے۔

 یہاں گوونڈی اور آس پاس کے علاقے کے لوگوں کو میت کی تدفین میں ہونے والی دشواریوں کے پیش نظر اور سنیچر کو ایم ایسٹ وارڈ میں قبرستان سے متعلق بات چیت کے دوران ہونے والی واردات کے بعد میونسپل کارپوریشن نے علاقے کے لوگوں اور غیرسرکاری تنظیموں کی مدد سے ایک بار پھر دیونار اور رفیع نگر قبرستان میں بہت جلد دوبارہ میت کی تدفین کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 اس سلسلے میں ایک بی ایم سی افسر نے خود فون کرکے انقلاب سے بھی تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ فون کرنے والے افسر نے اس نمائندہ سے کہا کہ مذکورہ دونوں قبرستانوں میں دوبارہ تدفین کی اجازت دیئے جانے کی خبر اہلیان گوونڈی تک پہنچانے کے ساتھ ان تک شہری انتظامیہ کی یہ درخواست بھی پہنچائی جائے کہ حالات کو دیکھتے ہوئے عوام بھی بی ایم سی کے ساتھ تعاون کرے۔ 
 گوونڈی کے ایم ایسٹ وارڈ کے محکمۂ ہیلتھ کے ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ گوونڈی کے حالات کو دیکھتے ہوئے بہت جلد دیونار اور رفیع نگر قبرستان میں ایک بار پھر میت کی تدفین کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا اور اس تعلق سے غیر سرکاری تنظیم اور علاقے کے لوگوں کی بھی مدد لی جائے گی۔
 بات چیت کے دوران بی ایم سی افسر نے دوبارہ تدفین شروع کرنے کے فیصلے کی وجہ یہ بتائی کہ بی ایم سی کے اصول کے مطابق رفیع نگر میں اب ایسی قبریں دستیاب ہیں جن میں تدفین کو ۱۸؍ ماہ کی مدت گزر چکی ہے۔ اسی طرح دیونار قبرستان میں بھی ایسی قبریں موجود ہیں جن میں ۲۲؍ ماہ سے زیادہ عرصہ قبل میت دفن کی گئی تھی۔
 اس افسر نے کہا کہ اس سلسلے میں علاقے کے سنجیدہ افراد اور علاقےکی تنظیموں کو بھی آگے آنا چاہئے۔ فی الحال علاقے کی غیر سرکاری تنظیموں سے اس موضوع پر بات چیت ہورہی ہے۔ ایک تنظیم نے اس فیصلے کی حمایت بھی کی ہے اور کئی دیگر افراد بھی اس سلسلے میں آگے آئے ہیں ۔ 
 افسر کے مطابق ان قبرستانوں میں تدفین کا سلسلہ اس لئے بند کرنا پڑا تھا کہ ۱۸؍ ماہ گزرجانے کے بعد بھی قبرکھودنے پر کئی بار کچی لاشیں مل رہی تھیں جن کو نئے سرے سے قبر کے نیچے بہت ہی احتیاط اور اچھے ڈھنگ سے دفن کیا گیا۔
 انھوں نے مزید کہا کہ اگر کسی قبر سے کبھی کچی لاش نکل آئے تو اس قبر کو اچھی طرح کھود کر میت کو دوبارہ دفن کردینا چاہئے تاکہ اس کی کسی بھی طرح سے بے حرمتی نہ ہونے پائے ۔ 
 رفیع نگر قبرستان ایکشن کمیٹی کے صدر خان عبدالباری خان نے اس سلسلے میں کہا کہ بی ایم سی افسران کے فیصلے سے کمیٹی متفق ہے۔کیونکہ یہاں  میت کی تدفین کیلئے جو مسائل ہیں وہ یہاں کے لوگ ہی جانتے ہیں اور خاص طور سے وہ لوگ جو اپنے اہل خانہ کی میت دور دراز لے جانے کے اہل نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ عارضی حل ہوسکتا ہے لیکن بی ایم سی کو چاہئے کہ اہلیان گوونڈی کو جلد سے جلد ۲؍ قبرستان کی جگہ الاٹ کرکے تدفین کیلئے راہ ہموار کرے۔ 
 دیونار قبرستان کے ٹرسٹی عبدالرحمان منا نے کہا کہ دیونار قبرستان کا وقت پورا ہوگیا ہے اور اس میں دوبارہ قبریں کھودی جاسکتی ہیں۔

 

deonar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK