کسی بھی ایوان کا رکن نہ ہونے کے باوجو دیپک وزیر تھےجس پر سپریم کورٹ نے سوال اٹھایا تھا،گورنر نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انہیںرکن نامزد کردیا۔
EPAPER
Updated: August 07, 2026, 10:36 AM IST | Patna
کسی بھی ایوان کا رکن نہ ہونے کے باوجو دیپک وزیر تھےجس پر سپریم کورٹ نے سوال اٹھایا تھا،گورنر نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انہیںرکن نامزد کردیا۔
بہار کے پنچایتی راج کے وزیر دیپک پرکاش کو گورنر نے بہار قانون ساز کونسل کے رکن (ایم ایل سی) کے طور پر نامزد کر دیا ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بہار حکومت کی سفارش پر گورنر نے بدھ(۵؍ اگست)کو یہ فیصلہ کیا ۔ واضح رہے کہ دیپک پرکاش راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کے صدر اور راجیہ سبھا رکن اوپیندر کشواہا کے بیٹے ہیں۔ دیپک پرکاش کو ایم ایل سی بنائے جانے کا قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب سپریم کورٹ نے ان کے کے وزیر بنے رہنے پر سوال اٹھایا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ’ساؤجی چکن‘ پر تکارام منڈے کے تبصرے سے حلبہ سماج ناراض
دیپک پرکاش کو بہار قانون ساز کونسل کا رکن بنائے جانے پر اوپیندر کشواہا نے کہا کہ ’’ یہ تو این ڈی اے کا ایک پرانا اور طے شدہ فیصلہ تھا جس پر اب عمل درآمد کیا گیا ہے۔ بی جے پی اور این ڈی اے کے تمام لیڈران کے درمیان باہمی مشاورت سے یہ امور پہلے ہی طے پا چکے تھے۔ چونکہ دیپک پرکاش کسی بھی ایوان کے رکن بنے بغیر وزیر بن رہے تھے، اس لیے اسی وقت یہ طے کر لیا گیا تھا کہ انہیں ایوان میں بھیجنا ہے۔‘‘
بہار گزٹ میں شائع محکمہ الیکشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئین کی دفعہ ۱۷۱؍ کی شق(۳)کی ذیلی شق (ای) اور شق(۵)کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے گورنر نے دیپک پرکاش کو بہار قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: منوج جرنگے کے تیور دیکھ کر حکومت گھٹنوں پر
واضح رہے کہ دیپک پرکاش کی نامزدگی بی جے پی کے ایم ایل سی دیویش کمار کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی سیٹ کے لیے کی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق دیپک پرکاش کی میعاد کار۱۶؍ مارچ۲۰۲۷ء تک رہے گی۔قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں سپریم کورٹ نے بہار حکومت سے یہ وضاحت طلب کی تھی کہ دیپک پرکاش کسی ایوان کے رکن نہ ہونے کے باوجود وزیر کے عہدے پر کیسے فائز ہیں؟ دراصل آئین کے مطابق اگر کوئی شخص وزیر بنتا ہے تو۶؍ مہینے کے اندر اس کا اسمبلی یا قانون ساز کونسل کا رکن بننا لازمی ہوتا ہے۔ ایسا نہ ہونے پر متعلقہ شخص کو وزارتی عہدہ چھوڑنا پڑ سکتا ہے۔دیپک پرکاش نے ایکس پر پوسٹ میںانہیں قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کرنے پربہار کے گورنرسید عطا حسنین کا شکریہ ادا کیا ہے۔