ایف ڈی اے کمشنر نے جن کھانوں کو مضر قرار دیا تھا ان میںحلبہ سماج کے تیار کر دہ اس پکوان کا بھی نام لیا تھا۔
EPAPER
Updated: August 07, 2026, 10:31 AM IST | Nagpur
ایف ڈی اے کمشنر نے جن کھانوں کو مضر قرار دیا تھا ان میںحلبہ سماج کے تیار کر دہ اس پکوان کا بھی نام لیا تھا۔
ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے نے حال ہی میں مضر غذائوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ناگپور کے مشہور ’ساوجی چکن‘ کا بھی تذکرہ کیا تھا۔ اس کی وجہ سے حلبہ برادری میں ناراضگی ہے۔ ایک روز قبل ناگپور میںحلبہ سماج یووا سنگھٹن کے کارکنان نے اس بیان کے خلاف احتجاج کیا اورمنڈے کے خلاف گاندھی باغ پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی درج کروائی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں امراوتی میں منعقدہ ایک پروگرام میں تکارام منڈے تقریر کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ مضر غذائیں کھاکر بیمار پڑ جاتے ہیں۔ اسی دوران انہوں نے کہا ناگپور میں وہ کیا نام ہے چکن کا؟ .... سائوجی چکن ناں؟‘آگے منڈے کا کہنا تھا کہ ’’ اگر میں سائوجی چکن کھائوں تو بیمار پڑجائوں اور مجھے ایک مہینے تک اسپتال میں رہنا پڑے۔‘‘ یاد رہے کہ سائوجی چکن ودربھ میں کافی مشہور ہے جو وہاں کی حلبہ سماج کے لوگ بناتے ہیں۔ جنہیں سائوجی بھی کہا جاتا ہے۔ سائوجی چکن کے ریسٹورنٹ پورے ودربھ میں پھیلے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حلبہ یا سائوجی سماج تکارام منڈے سے ناراض ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نابالغ ملزمین کو گاڑی کے بونٹ پر باندھ کر گھمانے والے افسر کا تبادلہ
حلبہ سماج یووا سنگٹھن کے سنجے دھاپوکر نے کہا’’یہ ناگپور کے ساوجی کھانے کی توہین ہے، جو پوری دنیا میں مقبول ہے۔ سائوجی حلبہ برادری کی پہچان ہے اور انہیں سائوجی کہہ کر مخاطب کیا جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’۶۰؍فیصد کمیونٹی ساوجی فوڈ کے کاروبار سے وابستہ ہے۔لہٰذا منڈے نے ایک طرح سے پورے سماج کی توہین کی ہے۔‘‘ سنجے دھاپوکر کے مطابق’’ منڈے کا یہ بیان کہ سائوجی کھانے سے دل کی بیماری کا خطرہ ہوتا ہے بے بنیاد ہے۔ سائوجی کا مطلب بہت مسا لے دار یا تیل والا نہیں ہے، بلکہ اسےمزے دار کے معنی میں لیا جاتا ہے۔ اس سے کسی بیماری کا خطرہ نہیں ہوتا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ تکارام منڈے ایک مقبول افسر ہیں ،ان کے بیان سے ہمارے کاروبار پر اثر پڑے گا۔ اسلئے انہیں چاہئے کہ وہ سائوجی سماج سے معافی مانگیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: چندر پور میں کانگریس کا ’جن آکروش مورچہ‘، ہزاروں لوگوں کی شرکت
ادھر تکارام منڈے نے اس معاملے میں معافی مانگنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ’’جو لوگ میرے خلاف احتجاج کر رہے ہیں انہوں نے میرا پورا ویڈیو نہیں دیکھا ہے ، وہ پہلے پورا ویڈیو دیکھیں۔‘‘ تکارام منڈے نے وضاحت کی کہ ’’ میں نے یہ ہرگز نہیں کہا کہ لوگ سائوجی چکن نہ کھائیں بلکہ یہ کہا کہ میں اگر اسے کھائوں تو بیمار پڑ جائوں گا کیونکہ میں اتنا تیز اور روغنی کھانا نہیں کھا سکتا۔‘‘ تکارام منڈے نے کہا اس پر معافی مانگنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کیونکہ یہ میری رائے ہے اور میں کسی کو سائوجی چکن کھانے سے نہیں روک رہا ہوں۔