فرنویس ، شندے اور باونکولے نے اپنے اپنے طور پر صفائی پیش کی۔
EPAPER
Updated: August 07, 2026, 10:22 AM IST | Mumbai
فرنویس ، شندے اور باونکولے نے اپنے اپنے طور پر صفائی پیش کی۔
مراٹھا کارکن منوج جرنگے کی جانب سے جمعرات کو جالنہ میں پریس کانفرنس کے دوران حکومت پر سخت تنقیدیں کی گئیں۔ جرنگے نے دیویندر فرنویس اور ایکناتھ شندے دونوں ہی کو دھمکی دی کہ وہ آئندہ الیکشن میں ان سے مراٹھا سماج کے کنبی سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے کا بدلہ لیں گے۔ ان کے یہ تیور دیکھ کر مہایوتی حکومت گھٹنوں پر آ گئی ہے۔ دیویندر فرنویس نے اس معاملے میں وضاحت کی ہے توشندے نے اسے منوج جرنگے کی غلط فہمی قرار دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ممبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا’’ منوج جرنگے نے کیا کہا ہے یہ میں نے نہیں سنا لیکن میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ ذات سرٹیفکیٹ تصدیق کیلئے ذات تصدیق کمیٹی کے پاس جاتا ہے۔ وہاں ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق کام کیا جاتا ہے۔ اس میں حکومت کی کوئی مداخلت نہیں ہوتی۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ کنبی سرٹیفکیٹ کتنے منسوخ کئے گئے ہیں اس کا مجھے علم نہیں ہے لیکن مجھے اتنا معلوم ہے کہ کمیٹی کے پاس روزانہ مختلف سرٹیفکیٹ آتے ہیں۔ اس میں ۱۰؍ تا ۱۲؍ فیصد ری جیکشن ریٹ ہوتا ہی ہے۔ ان کے پاس جو غیر کنبی او بی سی سرٹیفکیٹ آتے ہیں ان میں بھی ۱۰؍ تا ۱۲؍ فیصد مسترد ہوتے ہیں۔ کبھی کبھی تو ۲۵؍ فیصد بھی ہوتے ہیں۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ اس کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی جان بوجھ کر سرٹیفکیٹ منسوخ کر رہا ہے۔ اس کے باوجود اگر کسی کو شکایت ہے تو دیکھا جائے گا کہاں کیا غلطی ہوئی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: نابالغ ملزمین کو گاڑی کے بونٹ پر باندھ کر گھمانے والے افسر کا تبادلہ
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی منوج جرنگے کے تعلق سے نرم رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہمارے وزیر اُودئے سامنت نے منوج جرنگے سے تفصیلی گفتگو کی ہے اور ساری معلومات فون پر مجھے فراہم کی ہے۔ حکومت کے تعلق سے منوج جرنگے کے دل میں جو بھی شبہ ہے جلد دور ہو جائے گا۔ ہم نے مراٹھا سماج کو عدالت میں ٹکنے والا ریزرویشن دیا ہے اور اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ جبکہ وزیر محصول چندر شیکھر باونکولے نے کہا کہ میں نے کسی بھی کنبی سرٹیفکیٹ کو منسوخ کرنےکا حکم نہیں دیا۔ منوج جرنگے چاہیں تو میرا نارکو ٹیسٹ کروا کر دیکھ لیں۔ انہیں کسی قسم کی غلط فہمی ہوئی ہے۔