ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے حال ہی میں ہوئے ایم ایل سی (قانون ساز کونسل ) کے الیکشن میں شکست کو سنجیدگی سے لیا ہے اور اپنے وزراء اور پارٹی تنظیم کی کارکردگی کا اندرونی جائزہ شروع کر دیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 10:54 AM IST | Mumbai
ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے حال ہی میں ہوئے ایم ایل سی (قانون ساز کونسل ) کے الیکشن میں شکست کو سنجیدگی سے لیا ہے اور اپنے وزراء اور پارٹی تنظیم کی کارکردگی کا اندرونی جائزہ شروع کر دیا ہے۔
ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے حال ہی میں ہوئے ایم ایل سی (قانون ساز کونسل ) کے الیکشن میں شکست کو سنجیدگی سے لیا ہے اور اپنے وزراء اور پارٹی تنظیم کی کارکردگی کا اندرونی جائزہ شروع کر دیا ہے۔بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے مبینہ طور پر وزراء سے وضاحت طلب کی ہے۔ خاص طور پر ان اضلاع کے انچارج وزراء سے جواب طلب کیا گیا ہے جہاں پارٹی کو انتخابی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ قانون ساز کونسل کے گریجویٹ اور اساتذہ کے انتخابی حلقوں کی۵؍ سیٹوں کیلئے انتخابات ہوئے تھے۔ مرکز اور ریاست دونوں جگہ اقتدار میں ہونے کے باوجود بی جے پی کو دھچکا لگا اور وہ پونے اور ناگپور گریجویٹ انتخابی حلقوں کی نشستیں ہار گئی۔ مہایوتی کو۲؍ سیٹیںملیں جبکہ مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) نے۳؍ سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھئے: ’’سندھ طاس معاہدہ پرہندوستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے‘‘
انتخابی نتائج آنے کے بعد رویندر چوہان نے پارٹی کی کارکردگی کا اندرونی جائزہ شروع کیا اور بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے متعلقہ اضلاع کے سرپرست وزراء کی سرزنش بھی کی۔ انہوں نے وزراء سے اپنے دورِ کار میں پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے اور زمینی سطح پر کام کرنے والے کارکنوں کی مدد کیلئے کی گئی کوششوں کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ پارٹی قیادت نے تمام وزراء کو۷؍ دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے اور جائزہ میٹنگ میں شامل ہونے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے مبینہ طور پر وزراء کو یہ بھی یاد دلایا کہ پارٹی تنظیم سب سے اہم ہے اور انہیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ انہیں وزارت کا عہدہ تنظیم کی طاقت کی وجہ سے ہی ملا ہے۔
قانون ساز کونسل کے انتخابی نتائج کے بعد بی جے پی اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ بھی شروع ہے۔ بی جے پی کے ترجمان نوناتھ بان نے الزام لگایاہے کہ انتخابات کے دوران پارٹی کو اپنے اتحادی سے مطلوبہ تعاون نہیں ملا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر شیوسینا نے خاطر خواہ حمایت دی ہوتی تو انتخابی نتائج مختلف ہوسکتے تھے۔ ان کے اس بیان کے بعد مہایوتی اتحاد کی دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان الزام تراشی شروع ہوگئی۔
یہ بھی پڑھئے: بہار کو۳۴؍ ہزار۴۷۰؍کروڑ روپے کی سوغات
اختلافات خاص طور پر پونے میں سامنے آئے جہاں ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا اساتذہ کے انتخابی حلقے کی نشست پر انتخاب لڑنا چاہتی تھی۔ تاہم یہ نشست بی جے پی کو دے دی گئی جس کے نتیجے میں دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان دوستانہ مقابلہ ہوا۔ اس کے بعد شندے سینا نے ایک آزاد امیدوار کی حمایت کر دی۔بی جے پی کا کہنا تھا کہ اگر ضلع میں اسے شندے سینا کے ووٹ ملے ہوتے تو وہ پونے گریجویٹ انتخابی حلقے کی نشست جیت سکتی تھی۔ تاہم اب یہ تنازع ختم ہو گیا ہے لیکن اس واقعے نے مہایوتی اتحاد کے اندر موجود اختلافات اور باہمی تال میل کی کمی کو اجاگر کر دیا ہے۔