وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ، نتیش سیتو سمیت کئی بنیادی ڈھانچوں کا افتتاح۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 9:36 AM IST | Hajipur/ Patna
وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ، نتیش سیتو سمیت کئی بنیادی ڈھانچوں کا افتتاح۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سنیچر کو ویشالی کی سرزمین سے بہار کو تقریباً۳۴؍ ہزار ۴۷۰؍کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیا۔ ان میں نتیش سیتوسمیت متعدد بنیادی ڈھانچوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنا شامل ہے۔ وزیر اعظم نے سنیچر کو ویشالی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران۱۵؍ہزار ۶۰۰؍کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے انہیں قوم کے نام وقف کیا جبکہ تقریباً۱۴؍ ہزار۴۵۰؍ کروڑ روپے کے نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے۱۰۰؍ الیکٹرک بسوں کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس کے علاوہ پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) کے تحت۲۶؍ ہزار۹۰۰؍ سے زیادہ مستفیدین کو ان کے نئے گھروں میں داخلے کا موقع ملا۔
وزیر اعظم نے جن اہم منصوبوں کو قوم کے نام وقف کیا، ان میں تقریباً۴۲۸۰؍ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ کچا درگاہ-بیدوپور ۶؍لین پل، یعنی نتیش سیتو، نمایاں ہے۔ دریائے گنگا پر تعمیر کیا گیا یہ پل تقریباً۱۹ء۷؍ کلومیٹر طویل ہے، جس میں۹ء۷؍ کلومیٹر طویل مرکزی پل اور۱۰؍ کلومیٹر رابطہ سڑکیں شامل ہیں۔ اس کے شروع ہونے سے پٹنہ اور ویشالی کے درمیان آمد و رفت زیادہ آسان ہو جائے گی اور مہاتما گاندھی سیتو اور جے پی سیتو پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
شاہراہوں کے شعبے میں قومی شاہراہ۱۹؍کے اورنگ آباد- چورداہا سیکشن، قومی شاہراہ۲۲۷؍ ایف کے چورما-بیرگنیا سیکشن اور قومی شاہراہ۳۲۷؍کے امگاؤں-سہرسہ سیکشن سے متعلق سڑک منصوبے بھی افتتاحی منصوبوں میں شامل ہیں ۔ ان منصوبوں سے ریاست کے مختلف علاقوں کے درمیان رابطہ بہتر ہونے اور سڑکوں پر آمد و رفت کو تیز رفتار بنانے کی امید ہے۔
توانائی کے شعبے میں بکسر تھرمل پاور پروجیکٹ کے ۶۶۰؍ میگاواٹ صلاحیت والی دوسری یونٹ کا افتتاح کیا گیا۔ اس کے ساتھ بجلی کی تقسیم اور ترسیل کے نظام کو مضبوط بنانے اور ازسرنو تشکیل شدہ بجلی تقسیم شعبہ اسکیم (آر ڈی ایس ایس) کے تحت بجلی کے نقصانات میں کمی لانے سے متعلق کام بھی شامل ہیں ۔ ان منصوبوں پر۱۱۳۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔آبی وسائل کے شعبے میں نہروں اور پشتوں کی بحالی اور مضبوطی کے علاوہ نوادہ ضلع کے پھلواریا ڈیم میں فلوٹنگ سولر پروجیکٹ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ کہل گاؤں میں سیوریج کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا۔
نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد
وزیر اعظم نے جن نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، ان میں صاحب گنج-اریراج-بیتیا قومی شاہراہ کو ترقی دینے کا منصوبہ نمایاں ہے جس پر۳۸۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کیے جانے کی تجویز ہے۔ اس سے مغربی چمپارن اور آس پاس کے علاقوں میں سڑک رابطے بہتر ہوں گے ۔ توانائی کے شعبے میں بھاگلپور ضلع کے پیرپینتی میں مجوزہ ۸۰۰-۸۰۰؍ میگاواٹ کی۳؍ یونٹوں پر مشتمل سپر تھرمل پاور پروجیکٹ کیلئے بجلی کی ترسیل کے انتظام سے متعلق تقریباً۳۳۵۰؍ کروڑ روپے کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ تعلیم کے شعبے میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر رہائشی اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور آئی آئی ٹی پٹنہ میں ریسرچ پارک اور طلبہ کے ہاسٹل کی تعمیر سے متعلق منصوبے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انجینئرنگ اور پالی ٹیکنک اداروں کی سہولیات میں توسیع، نہری نظام کو جدید بنانے، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے نظام اور پولیس ڈیٹا سینٹر سے متعلق منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا۔
وزیر اعظم کا دورۂ بہار بے رونق اور مایوس کن رہا: آر جے ڈی
راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ بہار کو مایوس کن اور بے رونق قرار دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ پروگرام میں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے رہنما اور ویشالی کے انچارج وزیر نشانت کمار کو نظر انداز کیا گیا۔آر جے ڈی کے ریاستی ترجمان چترنجن گگن نےایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کے پروگرام میں ایک بار پھر نشانت کمار کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نشانت کمار سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے ہونے کے ساتھ ہی ویشالی ضلع کے انچارج وزیر بھی ہیں۔ اس کے باوجود دریائے گنگا پر تعمیر شدہ نتیش سیتو کے دورے کے وقت وہ موجود نہیں تھے۔آر جے ڈی ترجمان نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات کے بعد پہلی بار بہار آئے وزیر اعظم سے لوگوں کو امید تھی کہ وہ ریاست کے لیے کچھ نئے اعلانات اور تحائف دیں گے لیکن انہوں نے اپنی پرانی تقریروں کو ہی دہرایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہار، بالخصوص ویشالی کے لوگوں نے وزیر اعظم کے پروگرام کو کوئی اہمیت نہیں دی اور این ڈی اے رہنماؤں اور سرکاری سطح پر بھیڑ جمع کرنے کی کوششوں کے باوجود جلسے میں عام لوگوں کی شرکت نہ ہونے کے برابر رہی۔