ہندوستان نے گزشتہ سال۲۲؍ اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعدپاکستان کے خلاف تعزیری اقدامات کے طور پر ۲۰۲۵ء میں اس معاہدے کو یکطرفہ طورپر معطل کر دیا تھا۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 9:57 AM IST | New Delhi
ہندوستان نے گزشتہ سال۲۲؍ اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعدپاکستان کے خلاف تعزیری اقدامات کے طور پر ۲۰۲۵ء میں اس معاہدے کو یکطرفہ طورپر معطل کر دیا تھا۔
پاکستانی وزیر مصدق مسعودملک کے ایس سی او (شنگھائی تعاون تنظیم) سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لیے دورہ دہلی کے دوران ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پرہندوستان کا موقف ’انتہائی واضح ‘ہے اور اس میں بالکل کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔مصدق ملک جمعہ کی صبح سویرے نئی دہلی پہنچے اور شام کو تین روزہ فورم کے افتتاحی دن کی تقریب میں شرکت کی۔ تاریخی پرانا قلعہ میں ہندوستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی اس تقریب کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا۔ہندوستان نے۲۸؍ اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ قائم شدہ روایت کے مطابق پاکستان سمیت ایس سی او کے تمام رکن ممالک کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔
گزشتہ سال ’آپریشن سیندور‘ کے بعد ۷؍ سے۱۰؍ مئی تک ہونے والی فوجی جھڑپوں کے بعد غالباً یہ پہلا موقع ہے جب نئی دہلی نے کسی پاکستانی وزیر کو ہندوستان میں کسی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ پاکستان نے۱۴؍ نومبر کو اعلان کیا تھا کہ اس کے وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اس فورم میں شرکت کریں گے۔
اپنی دو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال سے پوچھا گیا کہ نئی دہلی ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے اس فورم میں مصدق ملک کی شرکت کو کس نظر سے دیکھتا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ ان کے پاس ثقافت کا قلمدان نہیں ہے اور مبینہ طور پر انہوں نے سندھ آبی معاہدے پر بیانات بھی دیے ہیں۔جیسوال نے کہا کہ ’’جہاں تک سندھ طاس معاہدے کا تعلق ہے، ہم نے اپنا موقف بالکل واضح کر دیا ہے، اور ہم اسی پر قائم ہیں۔ اس میں بالکل کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بہار کو۳۴؍ ہزار۴۷۰؍کروڑ روپے کی سوغات
واضح رہے کہ ہندوستان نے گزشتہ سال۲۲؍ اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد جس میں۲۶؍ افراد ہلاک ہوئے تھے، پاکستان کے خلاف تعزیری اقدامات کے طور پر ۲۰۲۵ء میں اس معاہدے کو معطل کر دیا تھا۔بعض ماہرین اس فورم میں مصدق ملک کی شرکت کو ایک کثیر جہتی فریم ورک کے تحت ایک ایسے موقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں جو دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔ فورم کے موقعے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جب مصدق ملک سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات کے فروغ میں ثقافت کے کردار کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا تھاکہ ثقافت کا اس میں انتہائی کلیدی کردار ہے۔واضح رہےکہ پہلگام حملے کے بعد اپریل۲۰۲۵ءکے دوران ہندوستان نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کیا تھا ۔ دونوں ملکوں کے درمیان ۱۹۶۰ء میں طے پائے پانی کی تقسیم اور استعمال کے اس معاہدہ کے تحت پاکستان کے ۸۰؍ فیصد زرعی شعبے کو پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔واضح رہےکہ اس معاہدے کے مطابق تین مشرقی دریاؤں یعنی بیاس، راوی اور ستلج کا کنٹرول ہندوستان کو دیا گیا اور تین مغربی دریاؤں یعنی سندھ، چناب اور جہلم کا کنٹرول پاکستان کو دے دیا گیا۔یہ معاہدہ پاکستان کے اس خوف کا نتیجہ تھا کہ چونکہ دریاؤں کے طاس یعنی دہانے ہندوستان میں ہیں اس لئے جنگ کی صورت میں اسے خشک سالی اور قحط کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔