Inquilab Logo

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ندوۃ العلماء پہنچے

Updated: June 17, 2023, 10:14 AM IST | mohammed aamir nadvi | Lucknowوزیر دفاع راجناتھ سنگھندوۃ العلماءپہنچے

مولانارابع حسنی ندوی کے انتقال پر تعزیت پیش کی ،حال چال اور پریشانیاں دریافت کیں، ناظم ندوۃ العلماء نے کہا کہ ’’ ملک کی ترقی کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے‘‘

Rajnath Singh talking to Maulana Bilal. Along with Maulana Jafar, Maulana Dr. Saeedur Rehman, Mayor Sushma Kharwal, MLC Mukesh Sharma.
راجناتھ سنگھ مولانا بلال سے گفتگو کرتے ہوئے ۔ ساتھ میں مولانا جعفر، مولانا ڈاکٹر سعید الرحمٰن ، میئر سشما کھرکوال ، ایم ایل سی مکیش شرما

مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ دارالعلوم ندوۃ العلماءپہنچے۔ انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سابق صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کے انتقال پر مولانا بلال عبدالحئی حسنی ندوی ، مولانا جعفر مسعود حسنی ندوی سے تعزیت پیش کی اور ایک گھر کے فرد کی طرح حال چال دریافت کیا۔ ۲۰؍منٹ کی گفتگو میں وزیر دفاع نے ماضی میں مولانا رابع حسنی ندویؒاور مولانا ابوالحسن علی ندویؒ سے ملاقات اور ان سے ہونے والی گفتگو کی یادوں کو بھی تازہ کیا۔بعد ازاں، مولانا بلا ل حسنی ندوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں پارٹی  اور سیاست سے اوپر اٹھ کر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے ، انسانیت و محبت کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ 
  واضح رہے کہ مرکزی وزیر وزیردفاع راجناتھ سنگھ اپنے پارلیمانی حلقہ لکھنؤ کے سہ روزہ دورہ پر ہیں ۔ ایئرپورٹ پر اترکر سب سے پہلے وہ دارالعلوم ندوۃ العلماءکے مہمان خانہ پہنچے ۔ ندوۃ العلماءکے ناظر عام مولانا جعفر مسعود حسنی ندوی نے ان کا خیر مقدم کیا۔راجناتھ سنگھ نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سیکریٹری و ناظم ندوۃ العلماءمولانا بلال عبدالحئی حسنی ندوی و مہتمم مولانا سعید الرحمٰن اعظمی ندوی سمیت دیگر لوگوں سے ملاقات کرکے مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کےانتقال پر تعزیت پیش کی ۔انہوں نے ایک گھر کے فرد کی طرح لکھنؤ کے ندوۃ العلماءاور رائے بریلی کے حالات دریافت کئے  اور پوچھا کسی طرح کی کوئی  پریشانی تو نہیں ہے ۔ کسی طرح کی پریشانی ہونے پرموقع پر موجود لکھنؤ کی میئر سشما کھرکوال اور ایم ایل سی مکیش شرما سے بھی بات کرنے کی بات کہی۔ اس دوران انہوں نےمولانا ابوالحسن علی ندوی ؒاور مولانا رابع حسنی ندوی سے ملاقاتوں اور ان سے مختلف موضوعات پر ہونے والی گفتگو کے بارے میں بھی بتایا اور اپنی یادیں تازہ کیں۔
 ملاقات کے بعد مولانا بلال عبدالحئی حسنی ندوی نےمیڈیا سے مختصر گفتگو کی اور کہا کہ ندوۃ العلماءایک قدیم ادارہ ہے ، جو انسانیت کی تعلیم دیتا ہے ۔ یہاں پر زمانہ قدیم سے اٹل بہاری واجپئی سمیت دیگر اہم سیاسی لیڈران آتے رہے ہیں۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ بھی ہم سے قریبی تعلق رکھتے ہیں۔ ملاقات کے دوران یکساں سول کوڈ پر گفتگو کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ایسا موقع نہیں تھاکہ ایسے معاملات پر بات ہوسکے ۔ البتہ یکساں سول کوڈ پر اپنے تاثر کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔  یہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے ، بلکہ مختلف ذات و مذاہب کا معاملہ ہے ، جن کے اپنے اپنے لاءہیں۔ 
 سیاسی پارٹیوں کے مسلم سمیلن کے سوال پر مولانانے کہاکہ سبھی لوگ اپنا اپنا کام کررہےہیں۔اصل بات یہ ہے کہ ملک کو محبت کی ضرورت ہے اور محبت سے ہی ملک ترقی کرے گا۔ مسلمان اسی پارٹی کےساتھ  رہے گا  جو انصاف و محبت کے ساتھ سب کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم رکھتی ہو ۔ اس موقع پر ندوۃ العلماءکی مجلس عاملہ کے ممبر مولانا اسماعیل (بھولا ) ، یوپی مدرسہ بورڈ کے ممبر قمر علی ، سماجی کارکن وفا عباس  اورترلوک ادھیکاری سمیت دیگر افراد موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK