ملک کی راجدھانی نئی دہلی کیلئے اگلے وزیراعلیٰ کا نام کیجریوال نے پیش کیا۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت میں وزیر تعلیم کی ذمہ داری سنبھالنے والی آتشی، دہلی کی اگلی وزیر اعلیٰ ہوں گی۔
EPAPER
Updated: September 17, 2024, 2:05 PM IST | New Delhi
ملک کی راجدھانی نئی دہلی کیلئے اگلے وزیراعلیٰ کا نام کیجریوال نے پیش کیا۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت میں وزیر تعلیم کی ذمہ داری سنبھالنے والی آتشی، دہلی کی اگلی وزیر اعلیٰ ہوں گی۔
ملک کی راجدھانی نئی دہلی کو ایک اور نیا وزیر اعلیٰ مل گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت میں وزیر تعلیم کی ذمہ داری سنبھالنے والی آتشی، دہلی کی اگلی وزیر اعلیٰ ہوں گی۔ آتشی دہلی کی تیسری خاتون وزیر اعلیٰ بنیں گی۔ آتشی، اروند کیجریوال کابینہ میں سب سے طاقتور وزیر رہے ہیں۔ آتشی کو اروند کیجریوال کا قریبی ساتھی اور معتمد سمجھا جاتا ہے۔ آتشی انا تحریک کے وقت سے ہی تنظیم میں سرگرم ہیں۔ اس وقت آتشی کے پاس سب سے زیادہ وزارتیں ہیں۔ انہوں نے تیزی سے عام آدمی پارٹی میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ عام آدمی پارٹی اپنے آٹھ سالہ دور اقتدار میں جو کامیابیاں سب سے زیادہ گنتی رہی ہے، ان میں تعلیم کا شعبہ سرفہرست ہے اور اس کا بہت سا سہرا آتشی کو جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مودی حکومت۳؍کے ۱۰۰؍ دن مکمل ، کانگریس نے ناکامیوں سے تعبیر کیا
انہوں نے۲۰۱۳ء کے اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کا منشور تیار کرنے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ انہیں ۲۰۱۴ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل ترجمان بنایا گیا تھا۔ پھر سال۲۰۱۹ء میں انہوں نے مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑا۔ لیکن وہ بی جے پی کے گوتم گمبھیر سے۴؍ لاکھ۷۷؍ ہزار ووٹوں سے ہار گئیں اور تیسرے نمبر پر رہیں۔ اس کے بعد ۲۰۲۰ء میں انہوں نے کالکاجی اسمبلی سے الیکشن جیتا تھا۔ ۲۰۲۳ء میں پہلی بار انہوں نے دہلی کی کیجریوال حکومت میں وزیر کا عہدہ سنبھالا۔ اب وہ ۲۰۲۴ء میں دہلی کی وزیر اعلیٰ کے عہدے کی ذمہ داری سنبھالنے جا رہی ہیں۔