Inquilab Logo

دہلی فساد کیس : ۱۱؍ مسلم نوجوان باعزت بری

Updated: October 26, 2023, 5:27 PM IST | New Delhi

عدالت نے دہلی پولیس پر سوال اٹھاتے ہوئے مقدمہ ہی خارج کردیا

Photo: INN
تصویر: آئی این این

دہلی فسادات سے متعلق ایک مقدمہ میں عدالت نے دہلی پولیس کی تفتیش پر سنگین سوال اٹھاتے ہوئے قتل کے ۱۱؍ملزمین جو سب کے سب مسلم نوجوان ہیں ،کو باعزت بری کردیا۔ بری ہونے والوں میں محمد فیصل، راشد ،اشرف، راشد عرف راجہ ، شاہ رخ، شعیب عرف چھوٹوا اور محمد طاہر شامل ہیں ۔ان پر شمال مشرقی دہلی کے گوکل پوری علاقے میں ایک مٹھائی کی دکان میں کام کرنے والے ۲۲؍سالہ دلبر نیگی کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے مقدمے کی سماعت کے دوران پولیس کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے ملزمین کے خلاف مقدمہ کو سرے سے خارج کردیا اور تمام ملزمین کو ڈسچارج کردیا ۔ عدالت نے کہا کہ پولیس نے اتنے سنگین اور وحشت انگیز قضیہ میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اصل مجرموں کی شناخت اور گرفتاری کے بجائے بے قصوروں کو پکڑ کر خانہ پری کی ہے۔ واضح رہے کہ ان ملزمین کا کیس جمعیۃ علماء ہند کے وکیلوں نے لڑا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے موکلوں پر لگایا گیا الزام بے بنیاد تھا ، عدالت نے ضمانت کے وقت بھی اس کی طرف اشارہ کیا تھا لیکن پولیس اپنی غیرمنصفانہ تھیوری پر قائم رہی جس کے نتیجے میں کیس ہی خارج ہو گیا۔ اس فیصلے پر جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے وکیلوں کی جد وجہد کی ستائش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ بے قصور افراد جلد نجات پائیں گے۔ واضح رہے کہ دلبر نیگی اتراکھنڈ کا رہنے والا تھا ، فساد کے وقت بھیڑ نے جب مٹھائی کی دکان پر حملہ کیا تو وہاں کام کرنے والا نیگی اندر موجود تھے۔بھیڑ نے پہلے اس کے ہاتھ پیر کاٹےاور پھر دکان کو آگ لگا دی تھی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK