سنّی بلال مسجد میںعلماء کا احتجاجی اجلاس۔ کہا : امن پسندوں کوآگے آنے اور بھوکے بچوں پر فائرنگ کرنے والے بے رحم اسرائیل کے خلاف ایکشن لیاجائے
EPAPER
Updated: July 04, 2025, 12:22 AM IST | Mumbai
سنّی بلال مسجد میںعلماء کا احتجاجی اجلاس۔ کہا : امن پسندوں کوآگے آنے اور بھوکے بچوں پر فائرنگ کرنے والے بے رحم اسرائیل کے خلاف ایکشن لیاجائے
غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور نسل کشی کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات کو سنّی بلال مسجد میں علماء کا احتجاجی اجلاس منعقد کیا گیا ۔اس موقع پر مقامی وبیرونی علماء نےامن پسند افراد اور عالمی قوانین کی روشنی میں نیتن یاہو کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ۔ یہ اجلاس سنی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ۔
مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ ’’ظالم اسرائیل انسانیت کا قاتل ہے،اس ریاست کے سربراہ نیتن یاہو کے خلاف عالمی سطح پر کارروائی کی جائے، وہ ناقابل معافی جرائم کا مرتکب ہے۔‘‘ رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے کہاکہ ’’غزہ میں قتل عام پر عرب دنیا اور مغربی ممالک کی خاموشی ناقابلِ برداشت ہے۔‘‘
ہالینڈ سے آنےوالے مفتی شفیق الرحمٰن نے کہاکہ ’’غزہ میں انسانیت کا قتل عام اور خوں ریزی انتہائی قابل مذمت ہے مگرامید ہے کہ یہ ایک نئی تاریخ رقم کرےگا ۔‘‘انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’مغربی دنیا جانوروں کے تحفظ کیلئےقوانین بناتی ہے مگر انسانوں کے قتل ِ عام پر چپ ہے۔ یہ دوہرا معیار ناقابلِ قبول ہے۔ نیتن یاہو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کر رہا ہے، اس پر جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کیا جانا چاہئے۔‘‘
غزہ میں انتہائی تباہ کن حالات کے تناظر میں بلغاریہ یونیورسٹی کے ڈاکٹر انور بغدادی نے کہا کہ ’’دنیا نے بھوکے پیاسے اہل غزہ کوایک طرح سے بے رحم قاتل کے حوالے کر دیا ہے۔عالمی برادری کو فوری طور پر اسرائیل پر پابندیاں لگا کر جنگ بندی کروانی چاہئے۔‘‘
مذکورہ احتجاجی اجلاس میں۵۰؍ سے زائد علماء اورصحافی شریک ہوئے۔مذکورہ تنظیموں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری اسرائیل سے تمام سفارتی اور تجارتی تعلقات فوراً ختم کرے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کے لئے عملی اقدامات کرے۔