Inquilab Logo

نوی ممبئی میٹرو ٹرین جلد شروع کرنے کا مطالبہ

Updated: September 19, 2023, 9:26 AM IST | Kazim Shaikh

کام مکمل ہوجانے اور خدمات شروع کرنے کا لیٹر دینے کے باوجود سروس کا آغاز نہ کرنے پر سماجی تنظیم نے وزیر اعلیٰ اور گورنرکوخط بھیجا

Work is underway on the project to run metro trains in Mumbai and its suburbs. (File Photo)
ممبئی اورمضافات میں میٹروٹرینیں چلانے کے پروجیکٹ پر کام جاری ہے۔(فائل فوٹو)

یہاں بیلاپور سے  پیندھر ریلوے اسٹیشن تک میٹرو ٹرین کا کام تقریباً ۴؍ماہ قبل مکمل ہوچکا ہےاور ڈیڑھ ماہ قبل میٹرو ریلوے نے کام مکمل ہونے کا لیٹر بھی دے دیا ہے۔اس کے باوجود میٹرو ٹرین شروع نہیں کی جارہی ہے۔ ٹرین خدمات شروع نہ کئے جانے پر بہوجن سماج سنستھا کے ذمہ داروں نے خط لکھ کر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ سے جلد ازجلد میٹرو ٹرین شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔  واضح رہے کہ بیلاپور سے پیندھر  کے درمیان آمدورفت میں آٹو رکشا سے ۳۰۰؍ روپے سے زائد خرچ اور کافی وقت لگتاہے ۔
 نوی ممبئی میٹرو  ٹرین کو مکمل ہوئے ۶؍ ماہ گزر چکے ہیں جو کھارگھر بیلا پوراور پیندھر روٹ پر چلے گی۔ بہوجن ونچت وکاس سنستھا کے عہدیداروں میں سے سنستھا کے بانی اسلم کھوت اور جنرل سیکریٹری اقبال ناڈویکرنے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور گورنر رمیش بیس کو ایک خط کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوی ممبئی میٹرو ٹرین شروع کرنے کا حکم جاری کریں ۔ 
  واضح رہے کہ نوی ممبئی کے علاقے میں نقل و حمل کے نظام کو فعال کرنے کیلئےسڈکو نے مئی۲۰۱۱ء میں بیلا پور ریلوے اسٹیشن سے  پیندھر ساڑھے ۱۱؍ کلومیٹر تک  نوی ممبئی میٹرو ریلوے لائن کا کام شروع کیا تھا۔ میٹرو ریلوے کا کام گزشتہ۳؍ برسوں میں تیزی سے جاری رہا ہے۔ اس لئے ممبئی اورتھانے کے علاقے میں ملازمت اور تجارت کرنے والے شہریوں نے پرائیویٹ بلڈروں سے مکانات خریدے جبکہ نچلے اور متوسط طبقے کے خاندانوںکو سڈکو ہاؤسنگ ا سکیم کے ذریعے مہاڈا کےمکانات ملے ہیں۔ تلوجہ فیز ون اور تلوجہ فیز ٹو کی آبادی ایک لاکھ سے زائد ہے اور آبادی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔  نوی ممبئی میونسل ٹرانسپورٹ( این ایم ایم ٹی) بسوں کی تعداد میں کمی کی وجہ سے تلوجہ کے شہری نقل مکانی کر رہے ہیں۔
  وزیر اعلیٰ اور گورنر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تلوجہ میں مسافر طبقے کی  دشواریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نوی ممبئی میٹرو ریل سروس جلد شروع کی جائے ۔ وزیر اعلیٰ اور گورنر سے بھی  ملاقات کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔
    واضح رہے کہ تلوجہ فیز ون اور فیز ٹو میں ممبئی   منتقل ہونے والےشہریوں کی بڑی تعدادرہتی ہے اور تلوجہ کالونی کی آبادی میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہو رہا ہے۔ نوی ممبئی میٹرو ریل کی وجہ سے سفر آرام دہ ہونے کی امی ہے۔ کھارگھر، تلوجہ ،پیٹھ گاؤں ، تلوجہ ٹیکسٹ، پیتھالی اور  پیندھر  وغیرہ آباد ہیں اور کچھ لوگ کرایہ پر رہتے ہیں  چونکہ نوی ممبئی میٹرو ریل شروع ہونے میں تاخیر ہو رہی ہے  اس لئے تلوجہ علاقے کے مسافروں کو کھارگھر اور بیلا پور ریلوے اسٹیشن تک پہنچنےکیلئے این ایم ایم ٹی بسوں اور نجی گاڑیوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ تاہم گاڑیاں وقت پر نہ ملنے کی وجہ سے تلو جہ کے مکینوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
 نوی ممبئی میٹرو ریل کو مکمل ہوئے ۶؍ ماہ ہو چکے ہیں لیکن سروس ہنوز شروع نہیں کی جا سکی ہے۔ اس لئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور گورنر رمیش بیس  سے مسافروں کی دشواریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نوی ممبئی میٹرسروس جلد از جلد شروکرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔  
  دریں اثنا سڈکو نے ریاستی حکومت کو نوی ممبئی میٹرو ریلوے شروع کرنےکیلئے ۲؍ بار خط لکھا ہے۔ سڈکو حکام نے کہا کہ نوی ممبئی میٹرو ریلوے شروع کرنے میں تاخیر ہو سکتی ہے کیونکہ حکمران وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں نوی ممبئی میٹرو ریلوے کا افتتاح کرانا چاہتے ہیں۔نوی ممبئی میٹرو ریلوے کا کام مکمل ہو چکا ہے اور میٹرو ریل سیفٹی کمشنر کی طرف سے سی آئی ڈی سی او کو ایک خط بھی موصول ہوا ہے۔ 
 سڈکو میٹرو ریلوے ڈویژن کے ایگزیکٹو انجینئرجےپی پٹیل نے بہوجن و نچت وکاس سنستھا کو ایک خط بھی بھیجا ہے جس میں یہ ظاہر کیا گیاہے کہ نوی ممبئی میٹرو ٹرین پوری طرح تیار ہے اورجلد ہی  انہیں شروع کرنے کی اجازت دے دی جائےگی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK