Inquilab Logo

ہاتھرس میں حیوانیت کا شکار ہونے والی لڑکی کو انصاف دینے کا مطالبہ

Updated: October 01, 2020, 9:27 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

جری مری اور چمبور میں مظاہرین نے نعرے لگائے اور فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلاکر ملزموں کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا

Protest in Mumbai - PIC : Inquilab
ممبئی میں احتجاج ۔ تصویر : انقلاب

یوپی کے ہاتھرس ضلع میں۱۹؍سالہ دلت لڑکی کے ساتھ درندوں کی ذریعے کی گئی حیوانیت کے خلاف لوگوں میں زبردست غم و غصہ پایا جارہا ہے اور ملزمین کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اسی تعلق سے بدھ کی شام کو مسلم اسوسی ایشن فار پیس اینڈ ہارمونی کے زیر اہتمام جری مری  بیٹ چوکی کے قریب اور چمبور میں لال ڈونگر سائن ٹرامبے روڈ پر بھیم آرمی کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔ کرلا کے علاقے جری مری  میں کئے گئے احتجاج میں عباس خان، حنیف ڈانگے، رفیق شیروا، وجے کوروے اور ارون کمار پیش پیش تھے۔ عباس خان نے کہا کہ  دلت لڑکی کے ساتھ حیوانیت کی تمام حدیں درندوں نے پار کیں، یہ یوگی حکومت کی بدترین ناکامی ہے جہاں بیٹیاں محفوظ نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر یوگی کو ذرا بھی اپنی ذمہ داری کا احساس ہے تو وہ  فوراً استعفیٰ دیں اور یہ کیس فاسٹ ٹریک کورٹ  میں چلایا جائے اور ملزمین کو سخت ترین سزا دی جائے ‌۔ 
 چمبور کے احتجاج  میں مرد و خواتین موجود تھے۔ اس موقع پر بھیم آرمی ممبئی کے ذمہ دار اشوک کامبلے نے کہا کہ اترپردیش میں بہن بیٹیوں کی نہ تو عزت محفوظ ہے اور نہ ہی انہیں تحفظ‌ حاصل ہے۔ آئے دن اس طرح کی واردات معمول بن گئی ہے اور حکومت کارروائی کے نام پر تماشائی بنی ہوئی ہے۔اویناش سمیندار نے کہا کہ یوگی حکومت بہن بیٹیوں کے تحفظ میں بری طرح سے ناکام ہوچکی ہے۔ وہ روزانہ کوئی نہ کوئی نئے اعلان کا‌ ڈرامہ تو کرتی ہے لیکن نظم و نسق کی صورت حال ابتر ہوچکی ہے۔ اویناش گروڈ نے کہا کہ جس طرح سے ہاتھرس میں ایک بہن کی پہلے مجرموں نے آبرو لوٹی اور اس کے گلے میں رسی ڈال کر گھسیٹا اور اسپتال میں اس نے دم توڑ دیا اس سے صاف ہوجاتا ہے کہ یوگی حکومت مجرموں پر شکنجہ کسنے اور جرائم پر قابو پانے میں پوری طرح سے ناکام ہوچکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK