Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ میں نسل کشی پرحکومت ِ ہند سے اسرائیل کی کھل کرمذمت کا مطالبہ

Updated: August 05, 2025, 11:10 PM IST | Mumbai

انڈیا فلسطین سولڈریٹی فورم کی پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ ہندوستان اپنے پرانے موقف پرقائم رہے۔ اس تعلق سے اراکین پارلیمان کے نام میمورنڈم بھی جاری کیا گیا

At the press conference, placards are being held to raise voices for the oppressed people of Gaza.
پریس کانفرنس میں پلے کارڈزاٹھاکرغزہ کے مظلومین کیلئے آواز بلند کی جارہی ہے۔(تصویر:انقلاب)

 انڈیا فلسطین سولڈریٹی فورم اور فلسطین یکجہتی گروپ (نیشنل الائنس آف پیپلز موومنٹس)کی منگل کی سہ پہر مراٹھی پترکار سنگھ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں غزہ میں نسل کُشی اور اشیائے خورد و نوش کی شدید قلت پر اسرائیل کی کھل کرمذمت کرنے اور حکومت ِ ہند سے اپنا سابقہ موقف دہرانے کا مطالبہ کیا گیا۔
 اس موقع پرغزہ کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا کہ وہاں انتہائی تباہ کن حالات ہیں اور ظالم اسرائیل بھوک پیاس کے ذریعے اہل غزہ کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ دورانِ پریس کانفرنس اراکین پارلیمان کےنام ایک میمورنڈم بھی جاری کیاگیاجس میںبھی یہی مطالبہ دہرایا گیا کہ وہ حکومت ِ ہند پرغزہ کے تعلق سےاپنا موقف واضح کرے اور فلسطینیوں کی حمایت کیلئے دباؤ ڈالے ۔ اس لئے کہ فلسطین کے تعلق سے ہندوستان کی پالیسی روز اوّل سے واضح ہے ، بدقسمتی سے موجودہ حالات میںحکومت کا رویہ کچھ اورہوگیا ہے ۔ مراٹھی پترکار سنگھ میں پریس کانفرنس سے کسان لیڈر ڈاکٹر سنیلم ، ڈاکٹر سلیم خان (جماعت ِ اسلامی)، فیروز میٹھی بور والا (انڈیا فلسطین سولڈریٹی فورم )، معراج صدیقی (سماج وادی پارٹی)، ایم اے خالد اورگڈی ایس ایل آر ( ڈاکٹر یوسف مہر علی سینٹر) نے خطاب کیا اورپلے کارڈز اٹھاکر بھی فلسطین اورغزہ کے مظلومین کیلئے آواز بلند کی ۔ 
   میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ (۱) وہ فلسطین کے عوام کے خلاف جاری نسل کشی، بھوک اور نسل کُشی کی اسرائیلی کارروائیوں کی دوٹوک انداز میں مذمت کرے (۲) جنگ بندی اور انسانی امداد کیلئے قائدانہ رول ادا کریںاور مطالبہ کریں کہ فوری مستقل جنگ بندی ہو۔ بلا رکاوٹ انسانی امداد، طبی عملے کا تحفظ اور شہریوں کیلئے سہولیات اور ریلیف کی فوری بحالی کی جائے۔بین الاقوامی سطح پر سمندری راستوں سے اغوا کئے گئے حقوق انسانی کے۲۱؍ محافظوں کو رہا کیا جائے ، جنہیں ‘حنظلہ’ نامی جہاز سے اغوا کیا گیاہے (۳) ہندوستان کی خارجہ پالیسی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور ہندوستان کی سفارتی روایت کے تحت فلسطینی ریاست کی خودمختاری کیلئے حمایت کا اعادہ کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK