Inquilab Logo

حج ہاؤس کوچنگ سینٹر میں تمام طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنے کا مطالبہ

Updated: January 30, 2022, 10:00 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

’ سکل مسلم یووک گروپ‘ کی جانب سے ایک وفد کی حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او اور ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور سے ملاقات

A delegation of Skill Muslim Youth Group met the CEO of Hajj Committee of India and handed over the memorandum.
’سکل مسلم یوو گروپ‘ کے ایک وفد نے حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او سے ملاقات کرکے میمورنڈم دیا۔

حج ہاؤس کوچنگ سینٹر میں زیر تعلیم ۲۸؍پرانے طلبہ کو نکالنے کے خلاف متعدد مرتبہ شکایت کی جاچکی ہے۔ اسی سلسلے میں گزشتہ روز’ سکل مسلم یووک گروپ‘ کی جانب سے ۹؍رکنی ایک وفد نے حج کمیٹی آف انڈیا کےسی ای او یعقوب شیخا اور ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور نواب ملک سے ملاقات کی اور انہیں میمورنڈم دیا۔اس گروپ کی جانب سے اس سے قبل احتجاج کرتے ہوئے ممبئی ، تھانے اور ریاست کے ضلع کلکٹروں کے ساتھ تحصیلداروں کو میمورنڈم دیتے ہوئے ان کے توسط سے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ طلبہ کی سہولتوں میں اضافہ کرے نہ کہ جو سہولتیں انہیں دی گئی ہیں وہ بھی ختم کی جائیں، جیسا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے نئے سی ای او اپنے فیصلے سےکررہے ہیں ۔
 اس کے علاوہ پہلے کی طرح تمام ۲۱۰؍طلبہ کو حج ہاؤس کوچنگ  میں پڑھنے کا موقع دیا جائے تاکہ مسلم بچے اعلیٰ  اور مقابلہ جاتی امتحانات میں نمایاں کارنامہ انجام دے سکیں اور کھانے میں طلبہ کو ماہانہ دی جانے والی ۱۵۰۰؍ روپے کی سبسڈی بحال کی جائے جسے سی ای او نے ختم کردیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے دیگر حج ہاؤسیز میں بھی اس طرح کا سینٹر شروع کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ آئی اے ایس امتحان کی تیاری کرسکیں۔
 سکل مسلم یووک گروپ کے فعال رکن فہیم شبیر احمد شیخ نے  انقلاب کو بتایا کہ سکل گروپ کور کمیٹی کے اراکین نے جمعہ کوصبح کے وقت نواب ملک سے ملاقات کی اور ان کو طلبہ کے مسائل اور اس ضمن میں اپنے مطالبات سے آگاہ کروایا ۔ اس پر نواب ملک نے سی ای او سے بات چیت کی اور وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے بھی بات چیت کریں گے اور اس مسئلے کو کسی بھی صورت حل کروائیں گے۔
  اس کے ساتھ ہی شرکاء وفد نے سی ای او سے حج ہاؤس میں ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان سے بھی میمورنڈم پیش کرتے ہوئے مذکورہ بالا مطالبات کئے ۔شرکاء وفد نے سی ای او سے بھی یہ کہا کہ ریاست کے دیگر حج ہاؤسیز میں بھی اسی طرح کوچنگ سینٹر شروع کرنے کا ہم سب کا مطالبہ ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ حج ہاؤس سے ہی طلبہ کو نکالا جارہا ہے ، ان کی تعلیم مکمل کئے بغیر ہی نکال دیا گیا ہے۔ حالانکہ یہاں ۲۱۰؍طلبہ کے لئے تمام سہولتیں فراہم کروائی گئی ہیں اور وہ یہاں بآسانی قیام وطعام کے ساتھ اعلیٰ امتحان کی تیاری کرسکتے ہیں۔ اس لئے  سی ای او اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں اور تمام طلبہ کو امتحان کی تیاری کا موقع دیا جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیت اور محنت کے ذریعے نمایاں کامیابی حاصل کرسکیں۔
 سی ای او نے شرکاء وفد کو یہ بھی بتایا کہ ۱۰۰؍ طلبہ کی جگہ ۲۰۰؍طلبہ کو رکھنے کیلئے ہمیں کئی تنظیموں کے اور ذمہ داران نے بھی کہا ہے اس لئے اس تعلق سے وزارت برائے اقلیتی امور کو پرپوزل بھیجوں گا۔اس کے علاوہ جہاں تک ریاست کے دیگر حج ہاؤسیز میں کوچنگ سینٹر شروع کرنے کی بات ہے تو اس کے تعلق سے ریاست کے وزارتِ برائے اقلیتی امور سے بات چیت کیجئیے ، میں بھی آپ کے مطالبات سے ان کو آگاہ کرواؤں گا۔

hajj house Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK