• Fri, 19 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کا وہائٹ ہاؤس سے خطاب: اپنی حکومت کی ’بڑی کامیابیاں‘ گنوائیں، کئی اہم اعلانات بھی کئے

Updated: December 18, 2025, 8:00 PM IST | Washington

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ان کی دوسری صدارتی مدت میں اب تک ۱۸ ٹریلین ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔

Donald Trump. Photo: X
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: ایکس

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو وہائٹ ہاؤس سے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے اپنی موجودہ مدت کے پہلے ۱۱ ماہ کے دوران ”بڑی کامیابیاں حاصل کرنے “ کا دعویٰ کیا اور وسیع پیمانے پر قومی اصلاحات کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔ امریکی صدارتی محل کے ڈپلومیٹک رسیپشن روم سے اپنے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے غزہ جنگ کا خاتمہ، ایران کے مبینہ ایٹمی خطرے کا خاتمہ اور ”تین ہزار برسوں میں پہلی بار مشرق وسطیٰ میں امن“ لانا جیسی ”عظیم کامیابیاں“ حاصل کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں قید زندہ یا مردہ اسرائیلی مغویوں کو رہا کرکے واپس لایا جاچکا ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ۱۰ مہینوں میں انہوں نے ۸ جنگیں ختم کرائیں۔ امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی قیادت میں امریکہ کی فوجی طاقت بحال ہوچکی ہے۔ انہوں نے تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ ”ہمارے پاس دنیا کی اب تک کی مضبوط ترین فوج ہے۔“

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: پلٹزر بورڈ کا ٹرمپ سے مطالبہ، صدر کے میڈیکل ریکارڈ تک رسائی اور دولت کی تفصیلات طلب کی

معیشت اور قومی پالیسی پر اعلانات

قومی پالیسی کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ وہ جلد ہی فیڈرل ریزرو کے نئے چیئرمین کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نامزد امیدوار شرح سود میں نمایاں کٹوتیوں کی حمایت کرے گا۔ انہوں نے اگلے سال تک ہاؤسنگ ریفارمز (رہائشی اصلاحات) کا عہد کیا اور لاکھوں امریکیوں کیلئے گھر کی خریداری کو ناممکن بنانے کا ذمہ دار ”ڈیموکریٹس کی پیدا کردہ مہنگائی کی تباہی“ کو قرار دیا۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ان کی دوسری صدارتی مدت میں اب تک ۱۸ ٹریلین ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری حاصل کی ہے، جس کے نتیجے میں اجرتوں میں اضافہ اور ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوگے۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ دس لاکھ سے زائد امریکی سروس ممبرز (فوجی اہلکاروں) کو کرسمس سے پہلے مالی بونس دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: بونڈی بیچ فائرنگ: آسٹریلیا میں نفرت انگیز تقاریر کے خلاف سخت قوانین کا اعلان

امیگریشن اور دیگر موضوعات پر متنازع بیانات

ٹرمپ نے امیگریشن پر اپنے دیرینہ دعوؤں کو دہرایا کہ امریکی سرحدیں پہلے کھلی تھیں، جس کے نتیجے میں ”لاکھوں افراد نے یلغار“ کی۔ ان کی انتظامیہ جارحانہ نفاذ کے اقدامات جاری رکھے گی۔ ٹرمپ نے بڑی ہیلتھ انشورنس کمپنیوں پر عوامی خرچ کے بل بوتے پر ضرورت سے زیادہ منافع کمانے کا الزام لگایا اور ان کے خلاف مزید کارروائی کا عہد کیا۔ انہوں نے اس موقع پر متنازع تبصرہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ صومالیوں نے مینیسوٹا میں اربوں ڈالر چوری کئے ہیں اور ان کی انتظامیہ اس معاملے میں مداخلت کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK