• Wed, 22 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس ایس سی بورڈامتحان کی فیس لوٹانے کامطالبہ

Updated: April 27, 2021, 12:35 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

کوروناوائرس پھیلنےکی وجہ سےحکومت نے امسال امتحان منسوخ کردیاہے۔ ۱۶؍ لاکھ طلبہ کی امتحان کی فیس ۶۶؍کروڑ روپے ہوتی ہے۔ حکومت اور اسٹیٹ بورڈ کی طرف سے اس بارے میں کوئی اعلان نہ کئے جانے سے والدین اور تعلیمی تنظیموں میں بے چینی پائی جارہی ہے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

 : کوروناوائرس پھیلنے اور لاک ڈائون کی وجہ سے حکومت نے  امسال ایس ایس سی امتحان منسوخ کردیا ہے مگر ۱۶؍ لاکھ طلبہ نے امتحان کی جوفیس ادا کی تھی ، وہ ۶۶؍ کروڑ روپے ہوتی ہے ، اس تعلق سےحکومت اور اسٹیٹ بورڈ کی طرف سے کسی طرح کا اعلان نہ کئے جانے سے طلبہ ، والدین اور تعلیمی تنظیموں میں بے چینی پائی جارہی ہے ۔اس ضمن میں تعلیمی تنظیم ’اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ ‘ نے ریاستی وزیر تعلیم ورشاگائیکواڑ ، مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کےصدر اور سیکریٹری کو مکتوب روانہ کیاہے جس میں امتحان منعقدنہ کئے جانے کی صورت میں طلبہ نے امتحان کی جو فیس ادا کی ہے،  اسے لوٹانے کا مطالبہ کیاہے ۔ 
 مذکورہ تنظیم کے جنرل سیکریٹری ساجد  نثار نے بتایاکہ ’’کورونا وائرس پھیلنے کو روکنے کیلئے حفاظتی اقدامات کے تحت حکومت نے امسال ہونےوالا ایس ایس سی امتحان منسوخ کردیا ہے۔دسویں جماعت کے امتحان کیلئے طلبہ نے آن لائن درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ  ہائر سیکنڈری ایجوکیشن پونے نے فی طالب علم ۴۱۵؍ روپے اور دوبارہ امتحان دینے والے طالب علم سے ۳۹۵؍ روپے فیس وصول کئے تھے۔ امسال ریاست بھر سے ۱۶؍لاکھ ۲۰۶؍ طلبہ نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ امتحانی فیس اور طلبہ کی مجموعی تعداد کےمطابق اسٹیٹ بورڈ کے پاس فیس  ۶۶؍ کروڑ ۴۰؍ لاکھ ۸۵؍ہزار روپے  ہیں۔
 مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے ۹؍ ڈویژن میں سے پونے ڈویژن سے ۲؍لاکھ ۷۱؍ہزار ۵۰۳؍ طلبہ نے ۱۱؍کروڑ ۲۶؍  لاکھ ۷۳؍ ہزار ۷۴۵؍روپے، ناگپور ڈویژن  سے ایک لاکھ ۵۳؍ہزار ۲۷۱؍ طلبہ نے ۶؍کروڑ ۴۸؍لاکھ ۵۲؍ ہزار ۴۳۵؍ روپے،اورنگ آباد ڈویژن سے ایک لاکھ ۷۷؍ ہزار ۳۱۱؍ طلبہ نے ۷؍کروڑ ۳۵؍لاکھ ۸۴؍ہزار ۳۵؍ روپے،ممبئی ڈویژن سے۳؍لاکھ ۵۱؍ہزار ۹۳۵؍ طلبہ نے ۱۴؍کروڑ ۹۳؍ لاکھ ۷۳؍ ہزار ۲۵؍روپے،کولہا پور ڈویژن سےایک لاکھ ۳۶؍ ہزار ۲۴۲؍ طلبہ نے ۵؍کروڑ ۶۵؍ لاکھ ۴۰؍ہزار ۴۳۰؍ روپے، امرائوتی ڈویژن سے ایک لاکھ ۵۹؍ ہزار ۷۷۱؍ طلبہ نے ۶؍کروڑ ۶۳؍لاکھ ۴؍ ہزار ۹۶۵؍روپے، ناسک ڈویژن سے۲؍لاکھ ایک ہزار ۶۷۵؍طلبہ نے۸؍کروڑ ۳۶؍لاکھ ۹۵؍ہزار ۱۲۵؍ روپے، لاتور بورڈ سےایک لاکھ ۵؍ ہزار ۱۱۷؍ طلبہ نے ۴؍ کروڑ ۳۹؍لاکھ ۵۵؍ہزار ۵۵۵؍ روپے اورکوکن ڈویژن بورڈ سے ۳۱؍ہزار ۵۸۱؍طلبہ نے ایک کروڑ ۳۱؍ لاکھ ۶؍ ہزار ۱۱۵؍ روپے ادا کئے ہیں ۔اس طرح مجموعی طور پر  ۱۶؍ لاکھ  ۲۰۶؍طلبہ   کے ۶۶؍ کروڑ ۴۰؍لاکھ ۸۵؍ ہزار  ۴۹۰؍ روپے امتحان فیس  کے طور پرجمع ہیں۔ لاک ڈاؤن میں والدین کی مالی حالت بد سے بد تر ہوتی جا رہی ہے ۔ علاوہ ازیں عیدکا تہوار بھی قریب ہے۔ایسے میں ریاستی وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ اور مہاراشٹر اسٹیٹ سیکنڈری بورڈ پونے کے صدر  اور سیکریٹری سےمطالبہ ہےکہ مذکور ہ فیس کی رقم طلبہ کو لوٹائی جائے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK