این سی پی کی یوتھ وِنگ کا احتجاج، جی آر کی کاپی نذر آتش ، الزام لگایا کہ نوجوانوں کا مستقبل ٹھیکیداروں کے ہاتھوں میں دیا جا رہا ہے
Updated: September 19, 2023, 9:22 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
این سی پی کی یوتھ وِنگ کا احتجاج، جی آر کی کاپی نذر آتش ، الزام لگایا کہ نوجوانوں کا مستقبل ٹھیکیداروں کے ہاتھوں میں دیا جا رہا ہے
ریاستی حکومت نے مختلف سرکاری محکموں کی خالی آسامیوں کو ٹھیکیداروں کے ذریعے ۵؍ سال کے ٹھیکہ پر پُر کرنے کا حکم نامہ( جی آر)نکالا ہے۔ اس جی آر کی چہار جانب سے مخالفت کی جارہی ہے ۔ پیر کو نیشنلسٹ یوتھ کانگریس کے ورکروں نے ریاستی دفتر کے سامنے مذکورہ جی آر کی مذمت میں مظاہرہ کیا گیا اور جی آر کی کاپی بھی نذر آتش کی ۔ مظاہرین نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ کنٹریکٹ پر نوکریوں کی بھرتی کر کے حکومت نوجوانوں کے خوابوں کو چکنا چور کررہی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کو کنٹریکٹ ملازمت نہیں بلکہ مستقل ملازمتیں فراہم کریں۔نیشنلسٹ یوتھ کانگریس کی جانب سے حکومت کو دھمکی دی گئی ہے کہ اگر اس جی آر کو واپس نہیں لیاگیا تو بڑے پیمانے احتجاج کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں نیشنلسٹ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر محبوب شیخ نے کہا کہ ’’حکومت کی طرف سے جاری کردہ جی آر نوجوانوں کے روزگار کیلئے خطرہ ہے۔ ریاستی حکومت نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہی ہے۔ اس لئے این سی پی یوتھ کانگریس کی جانب سے آج اس جی آر کی ہولی جلائی گئی ہے۔ ‘‘اس وقت انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ ریاستی حکومت اس جی آر کو فوری طور پر منسوخ کرے ورنہ این سی پی کی جانب سے سڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا۔
محبوب شیخ نے مزید کہا کہ یہ ٹھیکہ کس کے لئے تیار کیا گیا تھا؟ کرسٹل کمپنی کا مالک کون ہے؟ ’پرساد‘ کس کو دیا گیا ہے؟ آپ نوجوانوں کا مستقبل بی جے پی والوں کے ہاتھ میں دے رہے ہیں۔ ہم اس کی سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ جی آر ۶؍ستمبر ۲۱۰۲۳ء کو جاری کیا گیا تھا۔ اس دن غداروں کی حکومت تھی انہیں اس جی آر کو منسوخ کرنا چاہیے۔
محبوب شیخ نے کہا کہ ’’بی جے پی نے کہا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرے گی اور سرکاری ملازمتیں فراہم کرے گی، لیکن حکومت روزگار اور سرکاری نوکریاں دینے کے بجائے اب کنٹریکٹ کی بنیاد پر نوکریاں دے رہی ہے۔ سرکاری نوکری کاخواب دیکھنے والے عام نوجوان کا خواب ریاستی حکومت نے چکنا چور کر دیا ہے۔ یہ حکومت کسانوں اور عام عوام کی حکومت نہیں ہے۔ صنعتکاروں اور ٹھیکیداروں کے خواب پورے کرنے والی حکومت ہے۔
محبوب شیخ نے مزید کہاکہ’’ مہا وکاس اگھاڑی حکومت کے دوران کسانوں اور عام لوگوں کے لئےکئی اسکیمیں نافذ کی گئیں۔ اس کی وجہ سے بی جے پی لیڈروں نے مہا وکاس اگھاڑی حکومت کو گرایا ہے۔ اگر یہ جی آر مہا وکاس اگھاڑی کے دور میں جاری ہوتا تو بی جے پی میں زبردست ہنگامہ کر دیتی لیکن اب بی جے پی لیڈر خاموش ہیں۔ بی جے پی کی پالیسی عام لوگوں کیلئے نہیں ہے بلکہ صنعت کاروں اور ٹھیکیداروں کیلئے ہے۔ ‘‘
محبوب شیخ نے یہ بھی کہا کہ جس طرح حکومت نے نوجوانوں کا خواب چکنا چور کیا، نوجوان آپ کے اقتدار کے خواب کو چکنا چور کر دیں گے۔اس احتجاج کے موقع پر پنویل این سی پی کے ضلع صدر پرمود باگل، نوی ممبئی یوتھ صدر انو آنگرے، ریاستی نائب صدر امول ماتیلے، ریاستی سیکریٹری امیش اگروال، ریاستی سیکریٹری گرو جیوت سنگھ کیر، پنویل یوتھ صدر شہباز پٹیل، ریاستی جنرل سیکریٹری نظیر شیخ، یوتھ کانگریس کے دیگر عہدیدار اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔