• Sun, 21 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملزمین کیخلاف بلڈوزر کارروائی کا مطالبہ

Updated: December 21, 2025, 10:14 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow

کوڈین کف سیرپ معاملہ میں بی جے پی اور سماجوادی پارٹی کے درمیان کشیدگی میںاضافہ ، اکھلیش یادو یوگی حکومت پر شدید برہم سماج وادی پارٹی سربراہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ خاطیوں کو وزیر اعلیٰ یوگی اور بی جے پی کا تحفظ حاصل ہے، بی جے پی نے جوابی الزام عائد کیا

Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav. Picture: INN
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو۔ تصویر: آئی این این
اتر پردیش میںکوڈین کف سیرپ معاملہ پر بی جے پی اور سماجوادی پارٹی کے درمیان سیاسی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ ایک طرف جہاں سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے پریس کانفرنس کر کے حکومت پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے ملزمین اور مافیا کے خلاف بلڈوزر کارروائی کا مطالبہ کیا، وہیں دوسری جانب ریاست کے وزیر خزانہ  اور وزیر برائےپارلیمانی امورسریش کھنّہ نے حکومت کی کارروائیوں کی وضاحت پیش کی اور سماجوادی پارٹی کو ہی کٹہرے میں کھڑا کردیا۔
لکھنؤ میں سماجوادی پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ کوڈین کف سیرپ معاملے میں ملزمین اور مافیا کو حکومت اور وزیر اعلیٰ کا تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی ریکیٹ ہے اور حکومت کئی اہم حقائق چھپا رہی ہے۔اکھلیش یادو نے کہا کہ اخبارات کے ذریعے سامنے آیا ہے کہ ٹرک پکڑے جانے کے بعد کف سیرپ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کا انکشاف ہوا، جس میں کروڑوں روپے کا نشیلا اور زہریلا کف سیرپ بیرون ملک اسمگل کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ درجنوں اضلاع میں بڑی تعداد میں ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں۔سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ کوڈین معاملے میں شامل تمام مافیا اور ملزمان کے گھروں پربلڈوزر چلادیا جائے۔ اب تک یہ حکومت کیا کر رہی ہے؟ ان ملزمین کےمکانات کو بلڈوزر سےزمیں بوس کیوں نہیں کیا گیا ؟ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک تصویر دکھا کر سماجوادی پارٹی پر الزام لگا رہی ہے، جبکہ اصل مسئلہ اتنے بڑے ریکیٹ کا ہے جس میں ہزاروں کروڑ روپےکا کھیل ہوا ہے۔
دریں اثناءاتر پردیش کے وزیر خزانہ سریش کھنہ نے شاہجہانپور میں کہا کہ یوگی حکومت زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کوڈین کف سیرپ معاملے میں بڑے سے بڑے افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کر رہی ہے اور آگےبھی جو قصوروار پایا جائےگا، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن ہوگا۔ انہوں نے سماجوادی پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کوڈین مافیا کے ساتھ پارٹی کے قومی صدر کی تصویر سامنے آئی ہے، جس کی حقیقت عوام کے سامنے آنی چاہیے۔سریش کھنّہ نے الزام لگایا کہ کف سیرپ کی اسمگلنگ سے ملک میں بچوں کی اموات ہوئیں، مگر اس پر سماجوادی پارٹی نے خاموشی اختیار کی، جبکہ گرفتار افراد کے ان سےسیاسی روابط بھی سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اتر پردیش میں اس معاملے سے کسی موت کی تصدیق نہیں ہوئی، اس کے باوجود حکومت نے سنجیدگی سے کارروائی کی ہے اور آگے بھی کرتی رہے گی۔سریش کھنہ نے  بتایا کہ حکومت کا مقصد ’نشہ مکت‘ اتر پردیش بنانا ہے۔ کوڈین کف سیرپ صرف ڈاکٹر کی پرچی پر دیا جانا چاہیے، مگر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کی بڑے پیمانے پر اسمگلنگ نیپال اور بنگلہ دیش کی گئی۔ اب تک ایف ایس ڈی اے اور پولیس کی ایس آئی ٹی کی کارروائی میں۳۳؍ اضلاع میں  ۱۴۰؍ فرموں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے،۷۵؍ افراد گرفتار،۹ء۴۲؍ کروڑ روپے کا کف سیرپ ضبط اور۱۲؍ لاکھ سے زائد  بوتلیں ضبط کی جا چکی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK