کوکی تنظیموں کے وفاق نے ۴۸؍ گھنٹوں میں رہا کرنے کا مطالبہ کیا، حکومت نے بھیڑ کے حملے سے بچنے کیلئے ملزمین کو فوری طور پر آسام منتقل کردیا۔
EPAPER
Updated: October 03, 2023, 9:35 AM IST | Agency | Imphal
کوکی تنظیموں کے وفاق نے ۴۸؍ گھنٹوں میں رہا کرنے کا مطالبہ کیا، حکومت نے بھیڑ کے حملے سے بچنے کیلئے ملزمین کو فوری طور پر آسام منتقل کردیا۔
منی پور میں این آئی اے اور سی بی آئی کے ذریعہ کوکی سماج کے ۷؍ افراد کی گرفتاری، جن میں ۲؍ نابالغ بھی شامل ہیں، کے خلاف کوکی سماج کی تنظیموں کے اتحاد ’آئی ٹی ایل ایف‘ کی جانب سے پیر کی صبح ۱۰؍ بجے سے غیر معینہ مدت کے بند کے نعرے کا چوراچاند پور میں غیر معمولی اثر نظر آیا۔ پیر کو یہاں بند زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوا، سڑکوں پر گاڑیاں نظر آئیں نہ دکانیں کھلیں۔ چوراچاند پور کوکی اکثریتی ضلع ہے۔ عوامی برہمی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے گرفتار شدہ افراد کو فوری طور پر آسام منتقل کردیا۔
واضح رہے کہ منی پور میں جاری تشدد کے بیچ ایسے کئی واقعات ہوئے ہیں جب بھیڑ نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر گرفتار شدہ افراد کو زبرستی رہا کروالیا۔ ’آئی ٹی ایل ایف‘ کے گرفتار شدہ افراد کو ۴۸؍ گھنٹوں کے اندر اندر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان میں وہ بھی شامل ہیں جنہیں اسی سال جولائی میں ۲؍ منی پوری نوجوانوں کے اغوا اور قتل کے شبہ میں پکڑا گیاہے۔ مذکورہ دونوں نوجوانوں کے ویڈیو حال ہی میں منظر عام پر آئے تھے جس کے بعد امپھال میں مظاہروں اور تشدد کا نیا سلسلہ شروع ہوتا ہوا نظر آرہا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ایک بار پھر پورے منی پور میں انٹرنیٹ بند کردیاگیاہےاور کیس سی بی آئی کے حوالے کردیاگیاہے۔
عالمی سازش کے الزام میں گرفتاری
گرفتاریوں کے تعلق سے وزیراعلیٰ بیرین سنگھ نے اتوار کو بتایا کہ ۴؍ افراد کو میتئی سماج کے ۲؍ نوجوانوں کے اغوا اور قتل کے الزام میں گرفتار کیاگیاہے جبکہ این آئی اے نے چورا چاند پور سے ایک شخص کو بین الاقوامی ساز ش میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص پر میانمار اور بنگلہ دیش کی دہشت گردانہ تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہونے اور منی پور تشدد کا فائدہ اٹھاکر ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ اس معاملے میں این آئی اے کے ذریعہ یہ دوسری گرفتاری ہے۔ اس سے قبل ۲۲؍ ستمبر کو ایک شخص کو گرفتار کرچکی ہے۔