Inquilab Logo

آرین کی رہائی کیلئے ۲۵؍ کروڑ کا مطالبہ، کورے کاغذ پر دستخط

Updated: October 25, 2021, 9:06 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے گواہ نے ہی پرتیں کھول دیں ، آرین خان کے ساتھ سیلفی لینے والے کے پی گوساوی کے باڈی گارڈ کے حلف نامہ سےسنسنی، بتایا کہ شاہ رخ خان سے ۲۵؍ کروڑ کا مطالبہ کرکے ۱۸؍ کروڑ پر معاملہ طے کرناتھا، ۸؍ کروڑ سمیر وانکھیڈے کو ملنے تھے، ۵۰؍ لاکھ وصول ہونے کا بھی دعویٰ، این سی بی نے سختی سے تردید کی، کارروائی کاحکم

KP Gosavi at the NCB office at the time of Aryan Khan`s arrest.Picture:INN
کے پی گوساوی آرین خان کی گرفتاری کے وقت این سی بی کے دفتر میں ۔۔ تصویر: آئی این این

:منشیات  کے کیس میں شاہ رخ خان  کے بیٹے آرین خان کی گرفتاری  کےمعاملے میںخود نارکوٹکس کنٹرول بیورو  کے ایک آزاد گواہ کے حلف نامہ سے سنسنی خیز موڑ آگیا ہے۔ پربھاکر سیل جو این سی بی کے دوسرے مفرور گواہ  کے پی گوساوی کا باڈی گارڈ اور ڈرائیور بھی ہے،  نے دعویٰ کیا ہے کہ این سی بی  کے اہلکاروں  نے اس سے ۹؍ سے ۱۰؍ کورے کاغذات پر دستخط لئے ہیں۔ اس نے سیم ڈیسوزا نامی شخص سے فون پر گوساوی کی ہونے والی بات چیت کے حوالے سے بتایا ہے کہ آرین  خان کی گرفتاری کے بعد شاہ رخ خان سےاس کی رہائی کیلئے ۲۵؍ کروڑ روپے مانگے جانے تھے اور ۱۸؍کروڑ پر معاملے کو طےکرنا تھا۔ پربھاکر کے مطابق اس نے گوساوی کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا کہ اس میں سے ۸؍ کروڑ این سی بی ممبئی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کو دینے ہیں جس نے آرین کو گرفتار کیاتھا۔  این سی بی  نے فوری طور پر ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اس ضمن میں   کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ 
پربھاکر سیل کواین سی بی سے جان کا خطرہ   ہونے کا اندیشہ 
 یاد رہے کہ گوساوی وہی شخص ہے جو کروز پر این سی پی کی کارروائی کے بعد آرین کا ہاتھ پکڑ اسے  این سی بی کے دفتر میں لے جاتا ہوا نظر آیاتھ اور جس نے  بعد میں  اس کے ساتھ  سیلفی کھینچ کر شوشل میڈیا پر  اپلوڈ کی تھی ۔ اسی کے تعلق سے کابینی وزیر نواب ملک  نے انکشاف کیاتھا کہ وہ بی جے پی کا رکن ہے۔ وہ اپنے تعلق سے ہونے والے انکشافات کے بعد سے لاپتہ ہے۔اس  کے ڈارائیور پربھاکر سیل  نے شوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ریکارڈنگ اپلوڈ  کرکے این سی بی سے اپنی جان کو خطرہ ہونے کی اندیشہ بھی ظاہر کیا ہے ۔
؍۵۰؍ لاکھ روپے وصول کئے گئے!
 پربھاکر کے اس بیان سے نہ صرف تفتیشی ایجنسی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے بلکہ شاہ رخ خان اور ان کی سیکریٹری ڈڈلانی پر بھی تفتیشی ایجنسی کا شکنجہ سخت ہوسکتا ہے ۔  پنچ گواہ پربھاکر نےحلف نامہ میں  شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ڈڈلانی  سے اس ضمن میں  ۵۰؍ لاکھ روپے ملنے کا بھی سنسنی خیز انکشاف کیا ہے۔اس کے مطابق گوساوی نے سیم ڈیسوزا اور پوجا ڈڈلانی سے مرسیڈیز کار میں بیٹھ کر بات چیت کی تھی اوراس کے بعد مجھے ۲؍ بیگ میں بھرے   ۵۰؍ لاکھ نقدلینے کیلئےتاردیو بھیجا تھا۔  پربھاکر کے مطابق  اس نے وہ رقم گوساوی کو واشی میں اس کے گھر جا کر   دی جس کے بعد گوساوی نے اسے ایک بیگ   ٹرائڈنٹ ہوٹل   کے قریب کار میں بیٹھے سیم ڈیسوزا کوپہنچانے کا حکم دیا۔
 شاہ رخ کی مصیبتیں بھی بڑھ سکتی ہیں
  پنچ گواہ پربھاکر سیل کے اس بیان سے جہاں  سمیر وانکھیڈے  کی کارروائی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے وہیں  شاہ رخ  کی مصیبتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔ان کی سیکریٹری پوجا ڈڈلانی اور سیم ڈیسوزا نامی ایجنٹ  کے مابین پیسوں کے لین دین کے انکشاف کےبعد بعید نہیں کہ مرکزی ایجنسی ای ڈی بھی اس معاملے میں کود پڑے۔  اس کے علاوہ این سی بی نے بھی اپنے طورپر کارروائی کا حکم دیا ہے جس کی وجہ سے پربھاکر پربھی شکنجہ کس سکتاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK