امیت شاہ کا اعلان، این آر سی کا بھی اشارہ، کہا: اس کی تیاری کے تعلق سے متعلقہ فریقوں سے گفتگو ہورہی ہے۔
EPAPER
Updated: September 14, 2026, 9:26 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
امیت شاہ کا اعلان، این آر سی کا بھی اشارہ، کہا: اس کی تیاری کے تعلق سے متعلقہ فریقوں سے گفتگو ہورہی ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کو اعلان کیا کہ۲۰۲۹ءکے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جےپی اور این ڈی اے کے زیر اقتدار تمام ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ کردیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایاکہ حکومت’’این آر سی‘‘کی تیاری کے معاملہ پر متعلقہ فریقوں سے بھی بات چیت جاری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’نسلی تطہیر‘ کے بیان پر جرمن چانسلر فریڈرک مرزکے خلاف اے ایف ڈی کی فوجداری شکایت
ممبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ نے کہاکہ’’ہماری حکومت نے مسلم خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرنے کیلئے تین طلاق کو ختم کیا۔ ہم نے بغیر ایک قطرہ خون بہائے اور ایک گولی چلائے بغیر آرٹیکل۳۷۰؍کو ختم کیا … کچھ ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ ہوچکا ہے۔ ہمارا یقین ہے کہ۲۰۲۹ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی اتحاد کے زیر اقتدار تمام۲۱؍ ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ کردیا جائے گا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: اسپیکر حافظ کا معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ پرگمشدگیوں اور قتل کا الزام
صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ’’ہم نے کئی ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ۲۰۲۹ءسے پہلے بی جے پی اور این ڈی اے کی حکومت والی تمام۲۱؍ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ ہوجائے گا۔‘‘ اگلے لوک سبھا انتخابات ۲۰۲۹ءمیں ہونے ہیں۔ گزشتہ ماہ مدھیہ پردیش کابینہ نے بھوپال کے جگدیش پورہ میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں یکساں سول کوڈ کی منظوری دی تھی۔ اتراکھنڈ ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے فروری۲۰۲۴ءمیں یکساں سول کوڈ منظور کیا۔ اس کے بعد گجرات نے گزشتہ سال اسے منظور کیا جبکہ آسام مئی۲۶ءمیں یکساں سول کوڈ بل منظور کرنے والی شمال مشرقی ریاستوں میں پہلی ریاست بن گئی۔اتراکھنڈ میں جنوری۲۵ءسے یکساں سول کوڈ نافذ ہے، جبکہ گجرات، آسام اور مدھیہ پردیش صدر جمہوریہ کی منظوری اور نوٹیفکیشن کے منتظر ہیں۔ مہاراشٹر، مغربی بنگال اور چھتیس گڑھ نے اس کا مسودہ تیار کرنے کیلئےکمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔