معذوروں نے بھیک مانگ کر رقم جمع کی اور رشوت خوری کی بات چیت ریکارڈ کر کےشکایت کی
EPAPER
Updated: May 03, 2025, 11:38 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
معذوروں نے بھیک مانگ کر رقم جمع کی اور رشوت خوری کی بات چیت ریکارڈ کر کےشکایت کی
معذوری کا سرٹیفکیٹ جا ری کرنے کیلئے ایک ہزار روپے کی رشوت کا مطالبہ کرناتھانے کے سول اسپتال کے میڈیکل سوشل ورکر ( ایم ایس ڈبلیو) کو مہنگا ثابت ہوا۔ جس معذور بچے کے والد سے ملازم نے رشوت کا مطالبہ کیا تھااس نے معذوروںکی تنظیم اکھل بھارتیہ دِویانگ سینا سے رابطہ کیا اور رشوت کا مطالبہ کرنے کی بات چیت فون میں ریکارڈ کر لی۔ اتنا ہی نہیں بلکہ تنظیم کے اراکین نے بھیک مانگی کر رشوت کی رقم جمع کی۔ جمع شدہ رقم لے کر جمعرات کو اسپتال پہنچے اور ذرائع ابلاغ کے سامنے ملازم کو رشوت کی رقم پیش کی۔ معذوروں کی جانب سے تھانے سول اسپتال کے سرجن کو میمورنڈم دے کر خاطی اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے۔
اس ضمن میں اکھل بھارتیہ دِویانگ سینا کے چیف کنوینر محمد یوسف خان نے انقلاب کو بتایاکہ ’’تھانے سول اسپتال میں ہفتے میں صرف بدھ کو معذوری کا سرٹیفکیٹ جاری کیاجاتا ہے۔یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلئےپورے ضلع سے معذور افراد اپنے سرپرستوں کیساتھ آتے ہیں۔ مجھے شکایتیں موصول ہوئی تھیں کہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے رشوت کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور رشوت نہ دینے پر جو سرٹیفکیٹ ایک دن میں ملنا چاہئے اسے ایک سے ڈیڑھ مہینے تک چکر لگانے کےبعد دیاجاتا ہے۔ اسی دوران ہماری تنظیم کے ایک رکن امتیاز سید ان کے دماغی طور پر معذور ۱۰؍ سالہ بیٹے محمد مصطفیٰ کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے جب سول اسپتال گئے توشری رام شڈ نام کے ایم ایس ڈبلیو نے ان سے پہلے ۲؍ ہزار اور اس کے بعد ایک ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا ۔ مصطفیٰ کو اسکول میں داخلہ کیلئے یہ سرٹیفکیٹ درکار تھا۔ ہم نے رشوت کی بات چیت فون میں ریکارڈ کی اور بھیک مانگ کر ہمارے اراکین نے ایک ہزار روپے جمع کئے اور رشوت خوری کے اس سلسلے میں بند کرنے کیلئے ذرائع ابلاغ کے سامنے یہ رقم متعلقہ ملازم کو پیش کی۔ ‘‘
امتیاز سید نے رشوت مانگنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’جس روز مَیں میرے بیٹے کو لے کر تھانے سول اسپتال میںآیا تھا مَیں نے دیکھا کہ واڈا، بھیونڈی اور دیگر دور درازعلاقوں سے معذور بچوں کو سرپرست اپنے گود میں لے کر پریشان ہو رہے تھے۔وہ سرٹیفکیٹ لینے کیلئے ۲۔۲؍ مہینے سے اسپتال کا چکر کاٹ رہے ہیں۔ سرٹیفکیٹ کب ملے گا؟ اس کی تاریخ بھی انہیں نہیں دی جاتی۔ان کی پریشانی کو ختم کرنے کیلئے مَیں نے یہ اسٹنگ کیا ہے۔معذوروں کی جانب سے کیلاش پوار ( سول سرجن )کو دیئے گئے لیٹر میں مطالبہ کیا گیا ہےکہ ہفتہ میں ۳؍ دن معذوری کا سرٹیفکیٹ دیاجائےاور سرٹیفکیٹ اسی روز دیا جائے اور رشوت خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔