کانگریس کے ریاستی صدر نے کریٹ سومیا پر عام شہریوں کو دھوکہ دے کر رقم جمع کرنے کا الزام لگایا۔مرکز سے سومیا کا پتہ لگانے کیلئے رابطہ کیا جائیگا:پاٹل
EPAPER
Updated: April 13, 2022, 8:57 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
کانگریس کے ریاستی صدر نے کریٹ سومیا پر عام شہریوں کو دھوکہ دے کر رقم جمع کرنے کا الزام لگایا۔مرکز سے سومیا کا پتہ لگانے کیلئے رابطہ کیا جائیگا:پاٹل
آئی این ایس وکرانت چندہ گھوٹالہ معاملے میں فرار بی جے پی کے لیڈر کریٹ سومیا کے خلاف مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈروں کی تنقیدیں مزید سخت ہوتی جارہی ہیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے اس معاملے میں بی جےپی کو بھی گھپلے میں معاون قرار دیا ہے اور بی جے پی کے خلاف بھی معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تو شیو سینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا ہےکہ اب کشمیر فائلز کے بعد ’بھاگ سومیا بھاگ‘ بنانا چاہئے جو جانچ سے بھاگے بھاگے پھر رہے ہیں۔ اسی دوران وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ چونکہ کریٹ سومیا کو مرکز کی جانب سے زیڈ سیکوریٹی دی گئی تھی اس لئے مرکز سے معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ آخر سومیا کہاں ہیں؟
بی جے پی کو شریک ملزم بنائیں: نانا پٹولے
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہےکہ ’’جنگی جہاز آئی این ایس `وکرانت بچاؤ مہم کے نام پر عام لوگوں سے بی جے پی اور کریٹ سومیا نے جو رقم اکٹھی کی ہے اس کا حساب عوام کو دینا چاہیے۔ کریٹ سومیا کے بقول جمع شدہ فنڈز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )کو دیا گیا تھا۔ یہ عوام کے ساتھ غداری اور سنگین جرم ہے۔‘‘ نانا پٹولے نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر کریٹ سومیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو فنڈز دیئے تھے تو پارٹی کو شریک ملزم بناتے ہوئے اور اس کے اُس وقت کے ریاستی صدر اور خزانچی سے پوچھ گچھ کی جانی چاہئے۔
پٹولے نے مزید کہا کہ کریٹ سومیا آئی این ایس وکرانت بچاؤ مہم کے تحت۱۴۰؍ کروڑ روپے اکٹھا کرنے کے لئے پُرعزم تھے۔ اس کے لئے کریٹ سومیا اور بی جے پی کے عہدیداروں نے اپنے ہاتھوں میں ڈبے لے کر عام لوگوں سے ’سیو وکرانت ‘کے نام پر نقد روپے جمع کئے، لوگوں کو اس رقم کی کوئی رسید نہیں دی گئی۔ کریٹ سومیا کے وکیلوں کا کہنا ہے کہ لوگوں سے جمع کی گئی رقم راج بھون، راشٹرپتی بھون یا وزارت دفاع میں جمع کئے بغیر بھارتیہ جنتا پارٹی کے پاس جمع کرائی گئی تھی۔ یہ عوام کے ساتھ دھوکہ ہے اور جھوٹ بول کر وصول کی ہے۔ اگر بی جے پی نے یہ رقم لی ہے تو یہ بھی جرم ہے اس لئے بی جے پی اور اس کے ریاستی صدر کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
مرکز سے کریٹ سومیا کے بارے میں پوچھا جائے گا: وزیر داخلہ
جنگی جہاز آئی این ایس وکرانت بدعنوانی معاملے میں کریٹ سومیا اور ان کے بیٹے نیل سومیا فرار ہیں اور ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی کورٹ نے مسترد کر دی ہے ۔ اس ضمن میں وزیر داخلہ دلیپ ولے پاٹل سے بات چیت کرنے پر انہوںنے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایاکہ ’’ کریٹ سومیا کو مرکز کی جانب سے زیڈ سیکوریٹی دی گئی تھی اس لئے مرکز سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ سومیا کہاں ہیں تاکہ انہیں گرفتار کیاجا سکے۔‘‘
کشمیر فائلز کے طرز پر’ بھاگ سومیا بھاگ‘ فلم بنانی چاہئے: سنجے راؤت
شیو سیناکے ترجمان اور رکن پارلیمان سنجے راؤت اور بی جےپی لیڈر کریٹ سومیا کے درمیان لفظی جنگ کئی دنوں سے جاری ہے اور وہ ایک دوسرے پر تنقید کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے۔ چونکہ ابھی کریٹ سومیا فرار ہیں اس لئے سنجے راؤت نے بی جے پی کے حمایتی فلمسازوں کو مشورہ دیا ہےکہ جس طرح انہوں نے فلم ’ کشمیر فائلز‘ بنائی تھی اسی طرز پر اب ’ بھاگ سومیا بھاگ‘ فلم بنانی چاہئے۔ دوسروں کو یہ کہنے والے کہ اگر آپ نے کچھ غلط نہیں کیا ہے توجانچ سے کیوں بھاگ رہے ہیں، آج خود کریٹ سومیا ہی بھاگے بھاگے پھر رہے ہیں۔انہوںنے سوال کیا کہ ’’سومیا اور میہول چوکسی کے درمیان پرانے تعلقات ہیں اس لئے کہیں وہ بھی میہول کے ساتھ تو نہیں ؟‘‘