ایس ڈی پی آئی کارکنان کے احتجاج کو دبانے کی کوشش ، مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی نے شہری انتظامیہ کو بغیر دباؤ کے کام کرنے کی تلقین کی
EPAPER
Updated: June 02, 2025, 10:56 PM IST | Malegaon
ایس ڈی پی آئی کارکنان کے احتجاج کو دبانے کی کوشش ، مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی نے شہری انتظامیہ کو بغیر دباؤ کے کام کرنے کی تلقین کی
بی جے پی لیڈر کریٹ سومیّا کی مالیگاؤں آمد پر سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ( ایس ڈی پی آئی ) کے کارکنان نے زبردست احتجاج کیا تو دوسری جانب مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے وفد نے سخت تیور اپناتے ہوئے شہری انتظامیہ کو سیاسی دباؤ سے آزاد رہ کر کام کرنے کی تلقین کی ۔
ایس ڈی پی آئی کارکنان نے جم کر احتجاج کیا
جعلی برتھ سرٹیفکیٹ معاملے کو ہوا دینے والے کریٹ سومیّا۲؍ جون پیر کی صبح۱۱؍بجے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے ہیڈ کوارٹر مولانا ابوالکلام آزاد بھون پہنچے ۔جیسے ہی کریٹ سومیّا کا قافلہ شہری انتظامیہ کے صدر دفتر کے سامنے سے آگے بڑھا تو ایس ڈی پی آئی کے کارکنان نے راستہ روک دیا ۔’’ کریٹ سومیّا واپس جاؤ ، گو بیک گو بیک کریٹ سومیّا گوبیک ، مردہ باد مردہ باد کریٹ سومیّا مردہ باد‘‘ کے زور دار نعرے لگائے ۔ ایس ڈی پی آئی رضاکاروں کو پولیس اہلکاروں نے حراست میں لینے سے قبل کھدیڑنے کی کوشش کی لیکن کارکنان اپنی جگہ سے ٹس سے مس نہیں ہوئے ۔ ہلکی مزاحمت کے بعد کارکنوں کو پولیس وین میں ٹھونس کر لے جایا گیا ۔
اُدھر کریٹ سومیّا بی جے پی کے مقامی صدر دیوا پاٹل اور دیگر کے ساتھ میونسپل کمشنر کے آفس میں گئے ۔ انہوں نے اپنے مخصوص لب ولہجے میں میونسپل کارپوریشن کے محکمہ برائے اندراج اموات و پیدائش میں پیش آئے معاملات اجاگر کئے ۔ ایک مرتبہ پھر اپنا یہ الزام دہرایا کہ مالیگاؤں میں جعلی کاغذات کی مدد سے جنم و اموات کے داخلے بنوائے گئے ہیں۔ اس بنیاد پر ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کی کوششیں ہوئیں ۔ بہت سارے افراد نے پاسپورٹ بنوا کر بیرون ممالک کے اسفار بھی کئے ۔
مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے ذمہ داران کی کمشنر سے ملاقات
کریٹ سومیّا اور بی جے پی کی مقامی اکائی سے منسلک افراد کے آنے سے قبل مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے کنوینر شیخ آصف ( سابق رکن اسمبلی ) اور کوآرڈینیٹر محمد مستقیم ( سابق رکن بلدیہ ) میونسپل کارپوریشن آئے ۔ ان دونوں لیڈران نے میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر رویندر جادھو سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ معاملے میں کسی بھی طرح کے دباؤ کو قبول نہ کیا جائے ۔ بی جے پی لیڈر کریٹ سومیّا کے اس طریق کار سے سرکاری ملازمین و افسران پریشانی کا شکار ہوتے ہیں ۔ سیاسی دباؤ میں شہری انتظامیہ اور محکمہ اندراج برائے اموات و پیدائش کام نہ کرے ۔
مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن سے نکل کر کریٹ سومیّا چھاؤنی پولیس اسٹیشن پہنچے ۔ یہاں انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں سے تبادلہ خیال کیا ۔ اسکے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر کریٹ سومیّا نے کہا کہ جنم و اموات کے سرکاری داخلے کی بنیاد پر پاسپورٹ بنے ہیں ۔ اس کی جانچ ہونا ضروری ہے ۔ اس جانب پولیس انتظامیہ کی توجہ مبذول کروائی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ کریٹ سومیّا کے آنےسے ایک روز قبل شیوسینا اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے کے ترجمان اور رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے مالیگاؤں کا دورہ کیا تھا اور سومیّا کو گندگی قرار دیتے ہوئے اس کی صفائی کو لازمی بتایا ۔ راؤت کے بقول کریٹ سومیّا بکواس آدمی ہے ۔ ریاستی حکومت کی بد عنوانیوں کے خلاف اب اِس لئے نہیں بولتا کہ گورنمنٹ اُس کی پارٹی کی ہے اور بد عنوانوں کی پشت پناہ بی جے پی ہے ۔