Inquilab Logo

بھیونڈی سے سی ایس ایم ٹی اور چرچ گیٹ تک لوکل ٹرین سروس شروع کرنے کا مطالبہ

Updated: February 25, 2023, 10:30 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

سماجودی پارٹی کے وفد کی سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر سے ملاقات،دیگر ریاستوں کیلئے بھی یہاں سے ٹرینیں چلانے کا مطالبہ کیا

The delegation led by Abu Asim Azmi presented a memorandum to the General Manager of Central Railway.
ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں وفد نے سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر کو میمورنڈم پیش کیا۔

کسی بھی شہر کی ترقی میں ریلوے اسٹیشن کا بڑا ہاتھ ہوتا ہے،تاہم  بھیونڈی کو اس کا کچھ فائدہ ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔سچ تو یہ ہے یہاں کی ایک بڑی آبادی کو یہ خبر ہی نہیں ہے کہ اس شہر میں ریلوے اسٹیشن بھی ہے۔ بھیونڈی روڈ ریلوے اسٹیشن کو کارآمد بنانے کیلئے   سماج وادی پارٹی کے ایک وفد نے ریاستی سربراہ ابو عاصم اعظمی کی قیادت میںسینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر نریش لالوانی سے ملاقات کی۔وفد نے ان سے درخواست کی کہ سی ایس ایم ٹی  کے ساتھ ہی چرچ گیٹ سے بھی بھیونڈی روڈ ریلوے اسٹیشن تک باقاعدہ لوکل ٹرین سروس شروع کی جائے۔ ساتھ ہی دیگر ریاستوں کیلئے طویل مسافت کی  ٹرین خدمات بھی صنعتی شہر سے   شروع کی جائے۔
 اس سلسلے میں  جمعہ کواخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے مقامی صدر  ریاض مقیم الدین اعظمی نے بتایا کہ وفد نے سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر نریش لالوانی کو بتایا کہ  پورے ملک میں صنعت پارچہ بافی کیلئے مشہور بھیونڈی میں روایتی پاور لوم کے ساتھ ہی جدید ترین آٹو میٹنگ پاور لوم نصب ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں پاورلوم نصب ہونے کے سبب یہاں روزانہ لاکھوں میٹر کپڑہ تیار کیا جاتا ہے۔جو ملک کے ساتھ بیرون ملک بھی برآمد کیا جاتا ہے۔یہی وجہ ہے جو بھیونڈی ہندوستان کا مانچسٹر کہلاتا ہے،جس کے سبب ریاست کے تقریبا تمام ضلعوں و شہروں کے لوگ ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام تجارتی مقاصد سے اس شہر کا رخ کرتے ہیں۔اسی کے ساتھ ہی یہاں کے دیہی علاقوں میںواقع گودام کا شمارایشیاء کے بڑے گودام مراکز کے طور پر اپنی شہرت رکھتا ہے۔یہاںملک اور بیرون ملک کی ہزاروں نامور کمپنیوں کے گودام ہیں۔اس کے ساتھ عروس البلاد ممبئی سے بھیونڈی کا صرف کاروباری تعلق نہیں ہے بلکہ سماجی،سیاسی اور تعلیمی بھی ہے۔اسکی وجہ سے روزانہ ہزاروں افراد بھیونڈی سے ممبئی  سفر کرتے ہیں ،جن میں بڑی تعداد طلبہ کی ہوتی ہے جوممبئی ،تھانے اور کلیان کے ساتھ دیگر شہروں میں حصول علم کیلئے سفر کرتے ہیں۔شہر یوں کو ریلوے کی براہ راست اور باقاعدہ سہولیت نہ ہونے کے سبب انہیں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے جنرل منیجر کوبتایا کہ اتنا اہم شہر ہونے کے باوجودبھیونڈی سے چھترپتی شیوجی مہاراج ٹرمینس تک کوئی بھی لوکل ٹرین ڈائریکٹ نہیں ہے۔اس سے  لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
  ریاض اعظمی نے بتایا کہ ہم نے اپنے مطالبات پر مشتمل ایک عرضداشت بھی جنرل منیجر کو پیش کرکے انہیں مذکورہ بالا باتوں کے علاوہ یہ بھی بتایا  ہے کہ  اتر پردیش، بہار، بنگال اور راجستھان کے ساتھ ملک کے دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں مہاجر مزدور اور دوسرے افراد بھی یہاں رہتے ہیں۔ جو اپنے آبائی وطن آتے جاتے رہتے ہیں۔ ایسے لاکھوں لوگوں کیلئے باقاعدہ لمبی دوری کی ٹرین سروس بھی شروع کی جانی چاہیے۔ مذکورہ وفد میں ابو عاصم اعظمی کے ساتھ مقامی  صدر ریاض  اعظمی، سابق کارپوریٹر فرازبہاؤالدین (بابا )، انوارالحق محمد علی خان اور ریاض شیخ و دیگر افراد شامل تھے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK