شمالی کیرولینا میں چک ہبارڈ کی ورجینیا فوکس کے خلاف فتح کے بعد اتوار کو نشستوں کی تعداد۲۵۸؍ ہوگئی،اب تک ۴۴؍ نشستوں کا اضافہ۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 3:13 PM IST | Agency | Washington
شمالی کیرولینا میں چک ہبارڈ کی ورجینیا فوکس کے خلاف فتح کے بعد اتوار کو نشستوں کی تعداد۲۵۸؍ ہوگئی،اب تک ۴۴؍ نشستوں کا اضافہ۔
ڈیموکریٹس نے دہائیوں بعد امریکی ایوان نمائندگان کے انتخابات میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم از کم۲۵۸؍ نشستیں حاصل کر لی ہیں جو۱۹۹۲ء کے بعد ملک میں دیکھی جانے والی سب سے بڑی انتخابی لہر ہے جس سے پارٹی کو حکمرانی کے وسیع مواقع میسر آ گئے ہیں تاہم اس کے ساتھ ہی اسے اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل اور ترجیحات پر عمل درآمد کے حوالے سے شدید دباؤ کا بھی سامنا ہے۔ ڈیموکریٹس نے اب تک ایوان نمائندگان میں ۴۴؍ نشستوں کا اضافہ کیا ہے جو صدر ٹرمپ کے پہلے دور صدارت کے دوران ۲۰۱۸ء کے پہلے وسط مدتی انتخابات میں حاصل کردہ۴۰؍ نشستوں کے مقابلے میں ۴؍ نشستیں زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل میں حکومت سازی کیلئے گفتگو بے نتیجہ، اب دوسرا دَور ہوگا
اتوار کو ریاست شمالی کیرولینا میں ڈیمو کریٹک امیدوار چک ہبارڈ کی ریپبلکن رکن کانگریس ورجینیا فوکس کے خلاف فتح کے بعد ڈیموکریٹس کی نشستوں کی تعداد۲۵۸؍ تک پہنچ گئی ہے۔ایوان نمائندگان کے۴؍انتخابی حلقوں کے نتائج کا تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے جن میں ریاست مینیسوٹا اور ٹینیسی کا ایک ایک حلقہ جبکہ ریاست لوسیانا کے دو حلقے شامل ہیں جہاں آئندہ دسمبر میں دوبارہ انتخابی مقابلہ (رن آف) منعقد ہو گا ۔ دوسری جانب ریپبلکن کو کم از کم۱۷۳؍ نشستیں ملیں گی اور وہ ۴۳۵؍اراکین پر مشتمل ایوان نمائندگان میں اقلیتی جماعت کی حیثیت سے بیٹھیں گے ۔ واضح رہے کہ ڈیموکریٹس کو امریکی سینیٹ پر بھی کنٹرول حاصل ہے۔نئے اعتماد سے سرشار ڈیموکریٹس مہنگائی اور بڑھتی ہوئی لاگت زندگی سے نمٹنے کیلئے ۱۰۰؍روزہ لائحہ عمل تیار کر رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ہی صدر ٹرمپ کے دوسرے دور صدارت کی بقیہ مدت کے دوران ان کے احتساب اور نگرانی کے ایک وسیع منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں ۔ ڈیموکریٹس کی یہ اکثریت ۱۹۹۲ء میں بل کلنٹن کے صدر منتخب ہونے کے بعد کسی بھی انتخاب میں پارٹی کی جانب سے حاصل کی جانے والی سب سے بڑی اکثریت ہو گی جب پارٹی نے ۲۵۸؍نشستیں حاصل کی تھیں، یا ۲۰۰۸ء میں بارک اوبامہ کے انتخاب کے وقت حاصل کردہ۲۵۷؍نشستوں سے زیادہ ہے۔