مشترکہ بیان میں لیکوڈ اور یشار دونوں جماعتوں نے مذاکرات کے لیے ایک اور اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ کب؟پہلےمرحلے میں۴؍ گھنٹےتک چلنے والی گفتگو میں اہم موضوعات پر اتفاق نہیں ہوسکا ،یشار پارٹی کے چیئرمین نفتالی بینیٹ نے کہاکہ وہ ایک اتحادی حکومت کی تشکیل کیلئے کام کررہے ہیں۔
اسرائیل کے عبوری وزیر اعظم اورحزب اختلاف کے سربراہ آئزن کوٹ۔ تصویر: آئی این این
اسرائیل میں حکومت سازی کے لیے نیتن یاہو اور اپوزیشن لیڈرگادی آئزن کوٹ کی جماعتوں کے درمیان اتفاق نہیں ہو سکا ۔ اتحادی حکومت کی تشکیل کے لیے گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات کا دور کسی معاہدے کے بغیر ختم ہو گیا۔مشترکہ بیان میں دونوں جماعتوں نے مذاکرات کے لیے ایک اور اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔اسرائیلی صدر نے نیتن یاہو کے مقابلے میں سبقت حاصل کرنے والے گادی آئزن کوٹ کو حکومت تشکیل دینے کے لیے۶؍ دسمبر تک کی مہلت دی ہے جس میں مزید۲؍ہفتوں کی توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔واضح رہے کہ اکتوبر میں ہونے والے اسرائیلی انتخابات میں کسی بھی سیاسی اتحاد کو پارلیمان میں واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔اس دوران یشار پارٹی کے چیئرمین نفتالی بینیٹ نے کہا ہےکہ و ہ نیتن یاہو اورآئزن کوٹ کے ساتھ ایک اتحادی حکومت تشکیل دینے پرکام کررہے ہیں ۔ اطلاعات ہیںکہ مذاکرات میں تعطل کے باوجوداسرائیلی کنیسٹ نے نئی کمیٹیاں قائم کی ہیںجن میںعربوںکےخلاف جرائم اورسماجی ومعاشی مساوات کا جائزہ لینے کیلئے پینل بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ اتوار کو دونوں پارٹیوںکے اعلیٰ نمائندوں کے درمیان ۴؍گھنٹے تک گفتگو ہوئی جس کے بعد دونوں نے مشترکہ بیان جاری کرکے بتایا کہ انہوں نے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور اب دوبارہ بات چیت کریں گے لیکن یہ نہیںبتایاکہ کب ؟
نگراں اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ اور ان کے سیاسی حریف گادی آئزنکوٹ کی جماعت یشار کے درمیان حکومت سازی کے حوالے سے مذاکرات کا ایک اور دور تل ابیب کے قریب واقع شہر ہرزلیا میں اتوار کو ہوا ۔ ان مذاکرات کا مقصد گزشتہ ماہ کے انتخابات کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی تعطل کا خاتمہ اور نئی حکومت کی تشکیل ہے۔اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ گادی آئزنکوٹ کو۶؍دسمبر تک حکومت بنانے کا مینڈیٹ حاصل ہے ۔ آئزنکوٹ کے ۴۸؍رکنی اتحاد کو حکومت بنانے کیلئے۶۱؍نشستوں کی ضرورت ہے، تاہم ان کے اتحادی اس بات پرمنقسم ہیں کہ آیا مذہبی جماعتوں، عرب جماعتوں یا پھر نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے ساتھ اتحادی حکومت قائم کی جائے۔نیتن یاہو نیشنل یونٹی حکومت کے قیام کے حامی ہیں جس کے تحت وزارتِ عظمیٰ دونوںلیڈروں کے درمیان باری باری تقسیم کی جا سکتی ہے، جیسا کہ اسرائیل میں ماضی میں بھی ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت تشویشناک، ذاتی معالج نے خبردار کیا
اختلافات بدستور موجود
تاہم آئزنکوٹ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ نیتن یاہو کی سربراہی میں کسی کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ انتخابی مہم کے دوران بھی انہوں نے اپنی تنقید کا مرکز نیتن یاہو کو ہی بنایا تھا۔دوسری جانب لیکوڈ نے اتحادی حکومت میں شمولیت کے لیے متعدد شرائط پیش کی ہیں۔ ان میں نیتن یاہو اور ان کی حکومت کے خلاف ذاتی حملوں کا خاتمہ اور ایسی جماعتوں کی شمولیت شامل ہے جو اسرائیل کو یہودی قوم کی ریاست تسلیم کرتی ہوں، جبکہ عرب جماعتوں کو اتحاد سے باہر رکھنے کی بھی شرلط رکھی گئی ہے۔لیکوڈ فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت، شام، لبنان اور غزہ کے بعض علاقوں پر اسرائیلی کنٹرول برقرار رکھنے اور قدامت پسند مذہبی یہودیوں کی فوجی بھرتی کے معاملے پر بھی اتفاقِ رائے چاہتی ہے۔
آئزن کوٹ کا منصوبہ کیا ہے؟
آئزنکوٹ نے جمعہ کوخبردار کیا تھا کہ وہ مذاکرات کو غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رہنے دیں گے اور ضرورت پڑی تو پارلیمان میں ’قومی ہنگامی حکومت ‘کی تجویز پیش کریں گے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق آئزنکوٹ پہلے اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل اقلیتی حکومت قائم کرنے اور بعد ازاں اسے وسعت دینے کی کوشش کر سکتے ہیں۔تاہم اس راستے میں بھی مشکلات موجود ہیں، کیونکہ اگرچہ عرب جماعتوں کے۱۹؍ اراکین ایسے اتحاد کی حمایت کر سکتے ہیں تاہم آئزنکوٹ کے دائیں بازو کے اتحادی اوگڈور لائبرمین عرب جماعتوں کے ساتھ تعاون کے مخالف ہیںاور اس کے بجائے مذہبی یہودی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے حامی ہیں۔
لیکوڈ کا خصوصی مطالبہ کیا ہے؟
لیکوڈ کا مطالبہ ہے کہ سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم اور ان کی حکومت کو نشانہ بنانے والے تمام ذاتی حملوں اور نفرت انگیزی کو روکا جائے۔ اس کے علاوہ ایک ایسے حکومتی اتحاد کی تشکیل کا عہد کیا جائے جس میں ایسی تمام جماعتیں شامل ہوں جو ریاست اسرائیل کے وجود کو یہودی عوام کی قومی ریاست کے طور پر تسلیم کرتی ہیں، جبکہ عرب جماعتوں کی شمولیت کو خارج از امکان قرار دیا جائے۔