یورپی یونین کے مطابق مسودہ میں عالمی حدت کی بنیادی وجہ بننے والے فوسل فیولز یعنی تیل، گیس اور کوئلے کا واضح ذکر موجود نہیں، اس لئے یہ مسودہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف کوششوں کو آگے بڑھانےکیلئے ناکافی ہے۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 3:23 PM IST | Agency | Antalya
یورپی یونین کے مطابق مسودہ میں عالمی حدت کی بنیادی وجہ بننے والے فوسل فیولز یعنی تیل، گیس اور کوئلے کا واضح ذکر موجود نہیں، اس لئے یہ مسودہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف کوششوں کو آگے بڑھانےکیلئے ناکافی ہے۔
اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس ’کوپ۳۱‘ کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئی۔ تیل، گیس اور کوئلے کے استعمال میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مالی معاونت کے معاملات پررکن ممالک کے درمیان اتفاق نہیںہوسکا ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے اس صورتِ حال کو مایوس کُن قرار دیا ہے۔ترکی کے شہر انطالیہ میں ہونے والی کانفرنس میں یورپی یونین سمیت متعدد ممالک نے ترکی اور آسٹریلیا کی قیادت میں تیار کردہ حتمی مسودہ مسترد کر دیا۔یورپی یونین کا موقف تھا کہ مسودے میں عالمی حدت کی بنیادی وجہ بننے والے فوسل فیولز یعنی تیل، گیس اور کوئلے کا واضح ذکر موجود نہیں، اس لیے یہ مسودہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف عالمی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے ناکافی ہے۔
واضح رہےکہ دو ہفتوں سے زائد جاری رہنے والے مذاکرات جمعے کو ختم ہونے والے تھے تاہم اختلافات کے باعث کانفرنس ایک دن اورچلی۔کانفرنس کے صدر مراد کورم نے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ معاہدہ کو منظور نہیں کیا جا سکا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ایک نیا مسودہ تیار کیا جائے گا۔مذاکرات میں یہ اختلافات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب رواں برس یورپ میں شدید گرمی کی لہروں، نیپال میں سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں سے جڑے دیگر تباہ کن اثرات نے عالمی توجہ حاصل کی، تاہم جنگوں اور بڑھتی مہنگائی کے باعث موسمیاتی ایجنڈا پس منظر میں چلا گیا۔اقوام متحدہ کے موسمیاتی مذاکرات میں بڑی ناکامی ۲۰۰۹ء میں کوپن ہیگن میں دیکھنے میں آئی تھی جب ممالک کوپن ہیگن معاہدے کی متفقہ منظوری حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: سیرانگ: ٹافیوں کی فیکٹری میں آتشزدگی کے بعد اب تک ۲۴؍ لاشیں برآمد
کوپ۳۱؍ مذاکرات کی قیادت کرنے والے ملک آسٹریلیا اور میزبان ملک ترکی نے متعدد مسودے پیش کیے تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ممالک اور فوسل فیولز پر انحصار کرنے والی معیشتوں کے درمیان کوئی درمیانی راستہ نکالا جا سکے۔ تاہم اس حوالے سے انہیں کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔مجوزہ متن میں پہلی مرتبہ یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو۱ء۵؍ ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا ہدف حاصل ہوتا دکھائی نہیں دیتا جبکہ کاربن کو فضا سے نکالنے والی ٹیکنالوجیز کی تیز رفتار ترقی پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں اس اضافے کے اثرات کم کئے جا سکیں۔تاہم یورپی یونین سمیت متعدد ممالک نے اس مسودے کو غیر مؤثر قرار دیا ہے جس کے باعث اس کی متفقہ منظوری ممکن نہ ہو سکی۔ کوپ عمل کو عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مشترکہ اقدامات کا اہم ترین فورم سمجھا جاتا ہے جہاں ممالک ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں کمی، مالی معاونت اور موسمیاتی موافقت سے متعلق پالیسیاں ترتیب دیتے ہیں۔اگر انطالیہ میں کوئی معاہدہ نہ ہو سکا تو بے شک یہ بین الاقوامی موسمیاتی کوششوں کیلئے ایک بڑا دھچکا ہو گا لیکن اس سے گزشتہ کانفرنسوں میں طے پانے والے وعدے، قانونی ذمہ داریاں اور موسمیاتی فریم ورک ختم نہیں ہوں گے۔