Inquilab Logo

مانخورد میں غیر قانونی دکانوں کیخلاف انہدامی کارروائی کی جائے گی

Updated: March 24, 2022, 9:08 AM IST | Mumbai

وزیر ہاؤسنگ جتیندر اوہاڑ نے بدھ کو قانون ساز اسمبلی میں یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ مانخورد شیواجی نگر میں اہم جگہ پر غیر قانونی طور پر کمرشیل گالے تعمیر کرنے کے معاملے کی جانچ کی جائے گی

Abu Asim Azmi raised the issue of land mafia.
ابوعاصم اعظمی نے زمین مافیا کا معاملہ اٹھایا۔

وزیر ہاؤسنگ  جتیندر اوہاڑ  نے  بدھ کو قانون ساز اسمبلی میں یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ مانخورد شیواجی نگر میں اہم جگہ پر غیر قانونی طور پر کمرشیل  گالے تعمیر کرنے کے معاملے کی جانچ کی جائے گی اور زمین مافیا کے ذریعے تعمیر کئے گئے غیر قانونی گالوں کو منہدم کیا جائے گا ساتھ  ہی مانخورد میں ہی شنکر کالونی کے خلاف کارروائی کے تعلق سے بھی ضروری اقدام کئے جائیں گے ۔ رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی  نے مانخورد، شیواجی نگر، گھاٹکوپر مانخورد لنک روڈ ، ایکتا نگر، منڈالہ ، ٹی جنکشن  میں زمین مافیا کے ذریعے غیر قانونی تعمیرات کا مسئلہ اسمبلی میں اٹھایا  ۔
 ابو عاصم اعظمی نے اسمبلی میں بتایا کہ ’’ ممبئی میں زمین مافیا سرگرم ہیں اور غیر قانونی قبضہ جات پر ماہانہ لاکھوں روپے کما رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مانخورد ،شیواجی نگر  میں  انتہائی اہم مقام پر چند افراد نے غیر قانونی ۴؍ کمرشیل گالے تعمیر کئے تھے،  مَیں نے اس کے خلاف شکایت کی اور انہیں منہدم بھی کیا گیا لیکن کچھ ہی دنو ں میں اسی جگہ پر ۶؍ گالے تعمیر کر دیئے گئے۔ دوبارہ شکایت کی گئی تو انہدامی دستہ نے اس قدر سست رفتاری سے کارروائی کی کہ زمین مافیا نے اسٹے حاصل کر لیا اور ۶؍ میں سے ۴؍ ہی گالے منہد م کئے گئے۔ مَیں نے زمین مافیا کے خلاف ایڈیشنل کلکٹر ملنڈ میں بھی شکایت کی اور اس تعلق سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ان پر ایف آئی آر درج کر نے کے ساتھ ایم آر ٹی پی کے تحت کارروائی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’مانخورد منڈالہ کے کرلا اسکریپ میں غیر قانونی کاروبار کیاجارہا ہے ۔ یہاں نقلی صابن ، تیل اور متعدد اشیاء بنائی جاتی ہیں ۔ اس غیر قانونی کاروبار کے سبب متعدد مرتبہ یہاں آتشزدگی کے واقعات ہوئے ہیں۔ کرلا اسکریپ نے غیر قانونی طریقے سے سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہے اورزمین کولیزپر دیا  تھا۔لیز پر دی گئی زائد زمین پر قبضہ کیا ہے، اس کا ۳۸؍کروڑ روپے بھی بقایا  ہے۔ انہوں نے مانخورد کی  شنکر کالونی پر غیر قانونی قبضہ کی شکایت کی اور کہا کہ یہاں سے زمین مافیا  ماہانہ ۵۰؍ تا ۶۰؍ لاکھ روپے کرایہ وصول کرتا ہے اور مقامی مکینوں سے غنڈہ گردی کی جاتی ہے ، ان پر بھی کارروائی ہونی چاہئے۔ 
 ان تمام شکایتوں کو سننے کے بعد وزیر ہاؤسنگ  جتیندر اوہاڑ نے کہا کہ مانخورد میں بقیہ ۲؍ گالے بھی منہدم کئے جائیں گے ۔ اسی کےساتھ اگر کرلا اسکریپ کی لیز ختم ہوگئی ہے تو اسے بھی خالی کروایا جائے گا اور یہ جگہ واپس لی جائے گی۔

Mankhurd Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK