Inquilab Logo

مانخورد : منڈالا میں بھیانک آتشزدگی ۔ ۶؍ بڑے گودام اور ۲؍ مکانات خاکستر

Updated: June 10, 2022, 9:42 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

کیمیکل کے ڈرم جلنے پردھماکوں کی آواز سے مقامی افراد خوفزدہ ہوگئے ۔حادثہ میں گوداموںکے کھمبے اور پترے پگھل گئے۔ ’ کرلا اسکریپ مارکیٹ ‘ کےمزدورگودام خالی کرنے پر مجبور

A warehouse destroyed in a fire
آتشزدگی میں تباہ ہونے والا ایک گودام

 یہاں منڈالاعلاقے میں کیمیکل کے ایک گودام میں اچانک آگ لگنےکی وجہ سے آس پاس کے  ۶؍بڑے گودام  اور ۲ ؍ مکانات خاکستر  ہوگئے ۔ اس  حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے لیکن آتشزدگی کے دوران ہونے والے دھماکوں سے مقامی افراد خوفزدہ ہوگئے اور دیگر گوداموں کے مزدورحفظ ماتقدم کے طور پر گودام خالی کرنے پر مجبور ہوگئے ۔ فائر بریگیڈ  نے جائے وقوع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ پولیس  نے حادثہ کی مزید تفتیش کررہی ہے۔ 
  مانخورد- گھاٹ کوپر لنک روڈ کے قریب منڈالا کے روڈ نمبر۱۵؍ پر واقع ’کرلا اسکریپ مارکیٹ ‘ میںجمعرات کی صبح تقریباً ۱۰؍بجے کیمیکل کے ایک گودام میں اچانک آگ لگ گئی جس کی زد میں  دیگر ۵؍ گوداموں سمیت ۲؍ رہائشی مکانات بھی آگئے ۔بھیانک  آتشزدگی کے دوران جہاں گودام  کے مزدور اپنی جان بچانے کیلئے نکل پڑے،وہیں آس پاس کے مکینوں نے بھی اپنا اپنا گھر خالی کرتے ہوئے گیس سلنڈر نکا ل لئے تھے تاکہ بڑے حادثے سے بچاجاسکے ۔
 کرلا اسکریپ مارکیٹ کے ایک تاجر نے بتایا کہ’’ آتشزدگی کے دوران جس گودام کی وجہ سے آگ لگی تھی،اس گودام میں بہت سارے ڈرم میں کیمیکل بھر ا تھا ۔ اس کے علاوہ اس سے متصل فائبر کی اشیاء کافی مقدار میں رکھی تھیں ۔ آگ لگنے کی وجہ سے دھماکے کے  ساتھ کئی ڈرم  پھٹ گئے اور آتشزدگی کے دوران کیمیکل کی وجہ سے  شعلے کافی بلندہو رہے تھے ۔ یہی وجہ تھی کہ دھماکوں کی آواز سے اطراف میں دہشت پھیل گئی اور مکینوں نے گھر اور   مزدوروں نے گوداموں کو خالی کردیا تھا۔ ‘‘ ایک  اور تاجر نے بتایا کہ ’’آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ  شعلے کافی اوپر تک اٹھ رہے تھے اور ڈرم پھٹنے کی وجہ سے لوگوں پر خوف طاری تھا ۔ آگ کی وجہ سے لوہے کے کھمبے اور پترے  ٹیڑھے ہو گئے اور پگھل گئے۔ تادم تحریر فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کی جانب سے آگ  پر قابو پانے کا کام جاری  تھا ۔ ‘‘
 جائے وقوع پر موجود ایک فائرافسر نے بتایا کہ صبح  ۹؍ بجکر ۴۸؍ منٹ پر آتشزدگی کی اطلاع ملی تھی  جس کے بعد وہاں پہنچ کر  ۸؍ فائر انجن اور واٹر ٹینکر کی مدد سے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کےبعد آگ پر قابو پایاگیا ۔اس  حادثے میںکوئی  جانی نقصان  ہوا ہے۔  تاجروں کے مطابق کروڑوں روپے کے نقصان کا اندیشہ ہے ۔ 
 فائر افسر کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ البتہ اس کی جانچ کیلئے جائے وقوع سے کچھ اشیاء  لے کر لیباریٹری میں بھیج دی گئی ہے اور ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ایک کیمیکل گودام میں لگی تھی جس نے دیگر گوداموںکو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ جائے وقوع پر موجود ایک پولیس انسپکٹر نے انقلاب کو بتایا کہ اس آتشزدگی میں ۶؍ بڑے گوداموں کے علاوہ ۲؍ مکانوں کو بھی  نقصان ہوا ہے ۔ آس پاس کے علاقے میں بجلی سپلائی منقطع کردی گئی ہے ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کرلا اسکریپ مارکیٹ میں متعدد مرتبہ آگ لگ چکی ہے۔ 

mankhurd Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK