اس تعلق سے منعقدہ جلسہ میںرکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نےکہاکہ اس مہم میںہر ایک کا شامل ہونا ضروری ہے
یہاںشیواجی نگر میںمقامی ڈی سی پی ہیمراج راجپوت کی سربراہی میںنشہ مخالف مہم کے تحت ایک اجلاس کا ا نعقاد کیاگیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نےپولیس کے ذریعے شروع کردہ اس مہم میں عوام سے تعاون کی اپیل کی ۔ اس موقع پرہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیاگیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ابو عاصم اعظمی نے کہا ’’ ممبئی میں نشہ کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے نوجوان نسلوں کو اس سے بیدار کرنا انتہائی ضروری ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہمارے علماء میدان عمل میں آکر نوجوانوں کو دینی راہ پر لانے کی سعی کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں برائیوں کے خلاف سینہ سپر ہوکر کام کرنے کی ایک طویل تاریخ علمائے کرام اور مسلمانوں کی رہی ہے، اس لئے ہمیں اب نشہ کے خلاف جنگ میں حصہ لے کرنوجوان نسلوں کو اس سے محفوظ رکھنا لازمی ہے۔‘‘
ابوعاصم ا عظمی نے کہا کہ نشہ کے خلاف بیداری مہم میں ہر کسی کو شامل ہونا ضروری ہے کیونکہ قابل ذکر تعداد میں معاشرے کے نوجوان اس لعنت کاشکارہیں۔ ایسے ان نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کیلئے علماء کرام اور عوام کو آگے آنا ہوگا یہی وقت کا تقاضا ہے۔ ابوعاصم اعظمی نے کہا ’’ مسلم اکثریتی علاقوں میں جس طرح نشہ کی فروخت عام ہے، یہ انتہائی تشویشناک ہے۔ میں پولیس سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ نشہ فروشوں کے خلاف اپنے کریک ڈاؤن میں وہ مزید اضافہ کرے۔‘‘ ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ مقامی ڈی سی پی ہیمراج راجپوت اور ان کی ٹیم نے منشیات مخالف جو مہم شروع کر رکھی ہے اس سے نشہ کے کاروبار کرنے والوں میں کچھ دہشت ضرور پائی جارہی ہے لیکن یہ کافی نہیں ہے بلکہ اسے جڑ سے ختم کرنے کیلئے ہمیں آگے آنا ہوگا یہ اسی وقت ممکن ہے جب عوام پولیس کے ساتھ تعاون کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے منشیات کیخلاف ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیاہے اگر کوئی بھی منشیات فروشی کا کاروبار کرتا ہے تو اسکی اطلاع پولیس کو فراہم کرے۔ منشیات فروشی کے نیٹ ورک کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں پولیس کی مدد کرنی چاہئے۔ڈی سی پی ہیمراج راجپوت نےاس موقع پر کہا ’’ منشیات مخالف مہم جو پولیس نے شروع کی ہے اس میں عوام کاتعاون ضروری ہے۔ جس طرح علمائے کرام نے میدان میں اترکرنشہ کے خلاف مہم میں پولیس کا تعاون کرنے کا اعلان کیاہے، اس سے پولیس کو کافی تقویت ملی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج پولیس نے نشہ کے خلاف مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔‘‘ انہوں نے اس تعاون کیلئے مقامی رکن اسمبلی اعظمی اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا نشہ مخالف مہم کے تحت ہوئے اس پروگرام میں مانخورد شیواجی نگر کے عوام اور علماء کرام ا ور معززین موجود تھے۔