Inquilab Logo Happiest Places to Work

دیونار : ۱۵؍مئی سے قربانی کے جانوروں کی آمد

Updated: May 13, 2025, 11:17 PM IST | Mumbai

دیونار بکرا منڈی میں بکروں کی چوری کو روکنے اور تاجروں و خریداروں کو ہونے والے نقصان سے بچانے کے لئے کیو آر کوڈ سسٹم نصب، ۲؍ لاکھ سے زائد بکرے اور ۱۵؍ ہزار سے زائد بڑے جانوروں کی آمد کا امکان ،شیڈ وغیرہ لگانے کا کام جاری

It will be mandatory to scan the QR code while bringing and taking animals to Deonar Mandi. (File photo)
دیونار منڈی میں جانور لانے اور لے جانے کے وقت کیو آر کوڈ اسکین کرنا لازمی ہوگا۔(فائل فوٹو)

دیونار سلاؤٹر ہاؤس میں عیدالاضحی کی مناسبت سے جہاں بی ایم سی اور دیونار سلاؤٹر ہاؤس انتظامیہ نے بکروں اور بڑے جانوروں کی آمد، انہیں رکھنے کے بہتر انتظامات ، جانوروں کو دھوپ اور بارش سے محفوظ رکھنے ،فضلہ اور کوڑا کرکٹ کی صفائی کاخصوصی اہتمام کرنے کی تمام تیاریاں عنقریب مکمل کرنے کی اطلاع دی ہے ۔ وہیں ۱۵؍ مئی کو ریاست مہاراشٹر اور دیگر ریاستوں سےلائے جانے والے قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہونے سے بھی آگاہ کیا  ہے ۔تاہم دیونار میں جانوروں کی آمد ، ان کی خرید و فروخت کے دوران بکروں کی چوری کے مسئلہ کو ختم کرنے کے مقصد سے سیکوریٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں  اورجانوروں کو منڈی میں لانے اور خریداری کے بعد لے جاتے وقت صحیح تعداد کا پتہ لگانے کے لئے کیو آر کوڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے ۔
 دیونار مذبح کے جنرل منیجر کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق ۷؍ جون کو عیدالاضحی کی مناسبت سے۱۵؍ مئی سے قربانی کیلئے مینڈھے ، بکروں اور بڑے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی ایک اندازے کے مطابق ۲؍ سے ڈھائی لاکھ بکرے اور مینڈھے کے علاوہ ۱۲؍ سے ۱۵؍ ہزار سے زائد بڑے جانوروں کو لائے جانے کا امکان ہے ۔ جنرل منیجر نے خصوصی طور پر جانوروں کی حفاظت اور جانوروں کے چوری ہونے کے مسئلہ پر قابو پانے کی ضمن میں پوچھے گئے سوال کےجواب میں بتایا کہ جانوروں کی آمد یا خریداری کے بعد رخصت کے وقت صحیح تعداد کا پتہ لگانے کے لئے کیو آر کوڈ نصب کیا گیا ہے ۔ 
  جانوروں کو لاتے وقت داخلی دروازے سے ہر جانور کو اسی کیو آر کورڈ کے ذریعہ ایک نمبر دیا جائے گا تاکہ خریداری کے بعد جانور لے جاتے وقت یا قربانی کے بعد گوشت  لے جاتے وقت دی گئی رسید پر درج نمبر کیو آر کوڈ کے ذریعہ اسکین کرنے کے بعد خریدار جانور  اور گوشت لے کر آسانی سے رخصت  ہوسکتا ہے ۔جنرل منیجر کے بقول کیو آر کوڈ کے نصب کرنے سے چوری کے امکانات صفر ہوں گے  اس کے باوجود  منڈی میں حفاظتی دستہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی سی سی ٹی وی کیمرے اور بجلی کا بھی ٹھوس انتظام کیا گیا ہے ۔
  ہر سال کی طرح امسال بھی  دھوپ اور ممکنہ بارش سے بچانے کے مقصد سے جانوروں کیلئے مختلف شیڈ بنائے گئے ہیں۔ منڈی انتظامیہ کے بقول مختلف ریاستوںسے لائے جانے والے جانوروں کی صحت اور انہیں فوری طبی مدد پہنچانے کے مقصد سے جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ہمہ وقت دیونار منڈی میں موجود ہوگی وہیں جانوروںاور ان کے ساتھ رہنے والے تاجروں کی حاجتوں کو پورا کرنےکانظم بھی کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ پینے کے پانی کی سہولت کا بھی معقول انتظام ہے ۔یہی نہیں بڑی تعداد میں جانوروں کی آمد کے سبب ہونے والی گندگی اور کوڑے کرکٹ  اور فضلہ سے منڈی کو پاک  صاف رکھنے کے مقصد سے ۳؍ شفٹوں میں صفائی ملازمین کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے ۔
   اگر جانور کی موت ہوجاتی ہے تو ان مردہ جانوروں کو ٹھکانے لگانے کے لئے بھی الگ شیڈ بنایا گیا ہے ۔ دیونار منڈی انتظامیہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق ایک طرف جہاں قربانی کے موقع پر جانوروں کو ذبح کرنے کا ٹھوس انتظام کیا گیا ہے  وہیں ۶۴؍ ایکڑ وسیع اراضی پر پھیلی منڈی میں جانوروں کے لئے ۸؍ مستقل شیڈ کے علاوہ بکرے اور بڑے جانوروں کے لئے ۳۰؍ سے زائد عارضی شیڈ بھی بنائے گئے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK