ان قومی کھیلوں کیلئے چھتیس گڑھ کے ۳؍ شہر رائے پور، جگدل پور اور سرگوجا منتخب کئے گئے ہیں، ۲۶؍ مارچ سے آغاز۔
EPAPER
Updated: March 07, 2026, 10:20 AM IST | New Delhi
ان قومی کھیلوں کیلئے چھتیس گڑھ کے ۳؍ شہر رائے پور، جگدل پور اور سرگوجا منتخب کئے گئے ہیں، ۲۶؍ مارچ سے آغاز۔
کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز کا افتتاحی ایڈیشن ۲۶؍ مارچ تا ۶؍اپریل کے درمیان چھتیس گڑھ کے تین شہروں رائے پور، جگدل پور اور سرگوجا میں منعقد ہوگا۔ یہ اعلان مرکزی وزیر کھیل ڈاکٹر من سکھ مانڈویہ نے کیا۔ یہ کھیل سات قسم کے کھیلوں کی کٹیگری پر مشتمل ہوں گے جن میں ا تھلیٹک، فٹ بال، ہاکی، وزن اٹھانا، تیر اندازی، تیراکی اور کشتی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دو مظاہراتی کھیل ہوں گے - مل کھمب اور کبڈی۔ کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز میں ملک کی زیا دہ تر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے کھلاڑیوں کی نمائندگی ہوگی۔
ڈاکٹر من سکھ مانڈویہ نے کہا کہ کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز ہمارے کھیلوں کے شعبوں کو فروغ دینے کی مہم اور بڑھتے ہوئے دائرہ کار کا حصہ ہیں جو ہر نوجوان کو کھیل کھیلنے کا موقع اور دائرہ فراہم کرتے ہیں۔ یہ وزیر اعظم مودی کے وکست بھارت کے وژن کا حصہ ہیں اور اس سفر میں کھیلوں کوایک اہم کردار نبھاناہے۔
یہ بھی پڑھئے: احمد آباد فائنل سے قبل میدان صاف مہم کا انوکھا سنگ میل
پہلی بار کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز (کے آئی ٹی جی) کے لوگو، تھیم سانگ اور ماسکوٹ کی رونمائی ۲۳؍دسمبر کو بلاسپور کے آنجہانی بی آر یادو اسپورٹس اسٹیڈیم میں باضابطہ طور پر کی گئی تھی۔ افتتاحی تقریب میں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی اور نائب وزیر اعلیٰ ارون ساو موجودتھے۔ ڈاکٹر من سکھ مانڈویہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کھیل قبائلی علاقوں سے ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو مضبوط کریں گے۔ قبائلی علاقوں میں موجود صلاحیت کو بروئے کار لانا اور اپنے اتھلیٹک کے دائرہ کار کو بڑھانا ہماری مہم کی کلید اور وقت کی ضرورت ہے۔ ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ قبائلی کمیونٹیز کے باصلاحیت نوجوانوں کی بروقت شناخت ہو، انہیں منظم طریقے سے تعاون فراہم کیا جائے اور قومی کھیلوں کے فریم ورک میں شامل کیا جائے۔
واضح رہے کہ کے آئی ٹی جی کا انتظام و انصرام مشترکہ طور پر وزارت کھیل، اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا، انڈین اولمپک ایسوسی ایشن اورنیشنل اسپورٹس فیڈریشن سنبھال رہے ہیں۔ ساتھ ہی دیگر اسپورٹس تنظیمیں ان کی مدد کر رہی ہیں۔