Inquilab Logo Happiest Places to Work

دیونار: عیدالاضحی کے پہلے اور دوسرے دن ذبیحہ کیلئے بھیڑ

Updated: June 09, 2025, 4:54 PM IST | Mumbai

سلاٹرہاؤس میں ۱۲؍ ہزار ۴۲۶؍ بھینسوں اور پاڑوں کو ذبح کیا گیا۔ اتوار کو ۷؍ ہزار ۲۵۹؍ جانوروں کی قربانی کی گئی۔ قربانی کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا

A view of the goat market at Deonar Slaughterhouse. Photo: INN.
دیونارسلاٹرہاؤس میں بکروں کی منڈی کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این۔

دیونار مذبح میں عید قرباں کے پہلے اور دوسرے دن گاہکوں کی بھیڑ رہی۔ اس دوران ۱۲؍ ہزار۴۲۶؍ بھینسوں اور پاڑوں کا ذبیحہ کیا گیا۔ دیونار انتظامیہ کی جانب سے قربانی کرنے والوں کی سہولت کی خاطر بی ایم سی ایپ پر آن لائن بکنگ کی سہولت مہیا کرائی گئی تھی تاکہ اسی حساب سے قربانی کرنے والے افراد دیونار پہنچیں اور انہیں گاڑی اندر لے جانے یا گوشت وغیرہ لانے میں آسانی ہو اور ان کا وقت بھی بچے۔ اس کے بغیر انہیں انتظار کرنا پڑتا کیونکہ جس ترتیب سے بکنگ کی گئی تھی، ذبیحہ اسی ترتیب سے کیا گیا۔ 
بڑے جانورو ں کی قربانی کا یہ سلسلہ حسب ترتیب آج تیسرے دن بھی جاری رہے گا۔ 
عموما ہرسال پہلے اور دوسرے دن زیادہ جانور ذبح کئے جاتے ہیں، آخری دن نسبتاً کم جانوروں کی قربانی کی جاتی ہے۔ یہی اس دفعہ بھی رہا۔ پہلے دن۵؍ ہزار ۱۶۷؍ پاڑے اور بھینس ذبح کئے گئے جبکہ عیدالاضحی کے دوسرے دن ذبح کئے گئے جانوروں کی تعداد۷؍ ہزار ۲۵۹؍ تھی۔ 
دیونار سے گوشت لے جانے کے لئے نگرانی کی خاطر پولیس کے جوان تعینات کئے گئے تھے تاکہ کسی قسم کا مسئلہ نہ ہو۔ اسی کے ساتھ ملی تنظیموں کی جانب سے بھی یاد دہانی کرائی گئی تھی کہ گوشت لانے میں احتیاط برتیں ، ڈھک کر اور اس طرح لائیں کہ راستے میں خون وغیرہ نہ ٹپکے، چنانچہ لوگوں نے اس پر توجہ دی اور پر امن طریقے سے سنت ابراہیمی کی‌ ادائیگی کا سلسلہ جاری رہا۔ 
دیونار مذبح کے جنرل منیجر ڈاکٹر کلیم پاشا پٹھان نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ ’’ ترتیب کے مطابق کام جاری ہے۔ بہت سے لوگوں نے ایپ پر بکنگ کرائی اور جو وقت ان کو دیا گیا تھا، لوگ اپنے مقررہ وقت پر پہنچ کر قربانی کررہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ’’ قربانی کے آج آخری دن بھی اسی ترتیب سے قربانی جاری رہے گی۔ یہ الگ بات ہے کہ کچھ لوگ عجلت میں رہتے ہیں، حالانکہ انہیں یہ اندازہ رہتا ہے کہ کام ترتیب سے ہوگا اور سب کو موقع دیا جائے گا، چند منٹ آگے پیچھے ہوسکتا ہے، پھر بھی وہ جلدبازی کرنے سے باز نہیں آتے۔ امسال۱۵؍ہزار۴۵۶؍ بڑے جانوروں کی دیونار میں قربانی کی جائے گی جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد۱۳؍ہزار۳۶۷؍ تھی‌۔ 
اس کے علاوہ امسال بکروں اور بڑے جانوروں کی فروخت اور قربانی میں اضافہ ہوا ہے اور لوگوں نے جوش وخروش سے قربانی کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK