اب بھی متعدد طلبہ اپنے پسند کے کالج میں داخلے کےمنتظر، ۹؍ویں اور آخری راؤنڈ کا منگل سے آغازہوگا۔
EPAPER
Updated: August 13, 2026, 4:34 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
اب بھی متعدد طلبہ اپنے پسند کے کالج میں داخلے کےمنتظر، ۹؍ویں اور آخری راؤنڈ کا منگل سے آغازہوگا۔
گیارہویں میں داخلے کیلئے اگرچہ ۸؍رائونڈ ریگولر اور اسپیشل رائونڈ مکمل ہوچکے ہیں اس کے باوجود ایسا لگ رہا ہے کہ بہت سے طلبہ کو ممبئی میں ان کی پسند کی فیکلٹی اور جونیئر کالجوں میں داخلہ نہیں مل سکا ہے۔ کالجوں کو ترجیحی فہرست میں شامل کرنے کے باوجود داخلے نہ ملنے سے طلبہ اور والدین فکرمند ہیں ۔
گھاٹکوپر کے اوم گائیکواڑ کو کامر س اسٹریم میں پریل کے کے ایم ڈی جونیئرکالج میں ۸؍رائونڈ مکمل ہونے کے باوجود اب تک داخلہ نہیں ملا ہے۔ اسے ایس ایس سی میں ۵۷؍فیصد مارکس ملے ہیں ۔ اسی طرح ہرش وردھن شندے کو ۵۵؍فیصد مارکس ملے ہیں ۔ اسے بھی سائنس اسٹریم میں اسی ایم ڈی جونیئر کالج میں داخلہ نہیں مل سکا ہے۔ ان دونوں طالب علموں کا کہنا ہے کہ ایک سے ۱۰؍نمبروں میں متعلقہ کالج کو ترجیح دینے کے باوجود انہیں اب تک داخلہ نہیں ملا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا ہےکہ کیا کم فیصد والے طلبہ کو داخلہ نہیں ملے گا ؟دوسری جانب محکمہ تعلیم کا کہناہے کہ اگر متعلقہ کالج کا کٹ آف طلبہ کے حاصل کردہ نمبروں سے زیادہ ہے تو داخلہ ملنا ممکن نہیں ہے۔ طلبہ کو اپنے نمبروں کے مطابق کالج کا انتخاب کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: آگری پاڑہ کی رانیہ رضوان انصاری کی عالمی تائیکوانڈو مقابلہ میں کامیابی
محکمہ تعلیم نے ۱۲؍ سے ۲۰؍ اگست کے درمیان آخری اسپیشل راؤنڈ شروع کیا ہے تاکہ ان طلبہ کو موقع دیا جائے جنہوں نے ابھی تک داخلہ نہیں لیا ہے۔ چونکہ کچھ طلبہ اب تک داخلے کے منتظر ہیں اس لئے یہ خصوصی فائنل راؤنڈ منعقد کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مہیش پالکر نے طلبہ کو وقت پر داخلہ لینے کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ ریاست میں اب تک ۱۵؍ لاکھ ۴۵؍ ہزار ۶۴۰؍ طلبہ نے ۱۱؍ ویں میں داخلے کیلئے رجسٹریشن کرایا ہے جن میں سے ۱۳؍ لاکھ ۲۶؍ ہزار ۳۹۷؍ طلبہ نے داخلہ حاصل کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: حج ٹرینرس اور حج انسپکٹرس کیلئے درخواستیں مطلوب
اسپیشل فائنل راؤنڈ کا شیڈول
رجسٹریشن اور درخواست ۱۲؍ سے ۱۶؍ اگست تک دی جاسکتی ہے۔
درخواست دینےکا عمل: نئے رجسٹریشن، پارٹ ایک میں تصحیح اور پارٹ ۲؍ میں ترجیحات کو بھرنے کا موقع دیا جائے گا۔ طلبہ کیلئے ۱۰؍ جونیئر کالجوں کی اپنی ترجیح کا اندراج کرنا لازمی ہے۔
کوٹہ داخلہ: انتظامی، داخلی اور اقلیتی کوٹوں کیلئے درخواستیں دینے اور ان کو حتمی شکل دینے کا موقع دیا جائے گا۔
کالج الاٹمنٹ: جونیئر کالج الاٹمنٹ کا عمل ۱۷؍ اگست کو ہوگا۔
میرٹ لسٹ: ۱۸؍اگست کی صبح ۱۰؍بجے میرٹ لسٹ اور کالج ایلوکیشن کا اعلان کیا جائے گا۔
داخلہ کی تصدیق : ۱۸؍ سے ۲۰؍اگست کے درمیان الاٹ شدہ جونیئر کالجوں کی دستاویزات کی تصدیق اور فیس ادا کرکے داخلہ ہوگا۔