Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج ٹرینرس اور حج انسپکٹرس کیلئے درخواستیں مطلوب

Updated: August 13, 2026, 4:16 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

حج کمیٹی کی جانب سے حج انسپکٹرس کیلئے ۱۳؍ تا۲۷؍ اگست اور ٹرینرس کیلئے۲۳؍ اگست تک درخواست دی جاسکتی ہے۔ انٹرویو کے بعد ان کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

This is a photograph from last year showing an interview being conducted at the State Hajj Committee. Picture: INN
یہ گزشتہ سال کی تصویر ہے جس میں اسٹیٹ حج کمیٹی میں انٹرویو لیا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این
جاج کی رہنمائی اور ان کی تربیت کے لئے حج ۲۰۲۷ء کی خاطرحج ٹرینرس اور حج انسپکٹرس(جو پہلے خادم الحج کہلاتےتھے) کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا نے آن لائن درخواست منگوائی ہیں۔ حج ٹرینرس ۱۱؍ سے۲۳؍ اگست تک آن لائن درخواست دے سکتے ہیں جبکہ حج انسپکٹرس کے لئے ۱۳؍ تا ۲۷؍اگست درخواست دی جاسکتی ہے۔ اس دونوں زمروں کے لئے متعدد شرائط رکھی گئی ہیں۔ 
کتنے حج ٹرینرس اورحج انسپکٹرس ہوں گے ؟
ریاستی سطح پر کوٹے کی مناسبت سے ۱۲۸؍حج ٹرینرس درکار ہوں گے۔ فی ٹرینر ۱۵۰؍ عازمین کو سفرِ حج سے متعلق ٹریننگ دیں گے۔ ان ٹرینرس کی عمر ۲۵؍ سال سے ۶۰؍سال کے درمیان ہوگی جبکہ حج انسپکٹرس ریاستی سطح پر ۱۴۰؍درکار ہوں گے اور وہ کلاس وَن افسر کے نیچے والی کٹیگری کے ہوں گے۔ ان کا سرکاری ملازم ہونا ضروری ہے۔ 
 
 
ٹریننگ کے ذریعے سفرِ حج کوآسان بنانے کی کوشش 
عازمین کی ٹریننگ اوران کوسفرِ حج سے متعلق معلومات فراہم کرانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ وہ حج بیت اللہ کےمقدس سفر کے دوران ضابطے سے واقف ہوں، صحت اور حفاظتی پروٹوکول کے ساتھ سعودی اتھاریٹیز کی جانب سے نافذ کئے جانے والے قواعد و ضوابط کوسمجھ لیں۔ اس سے نہ صرف ان کو آسانی ہوگی بلکہ وہ دوسروں کی بھی سہولت کا ذریعہ بن سکیں گے۔ 
حج ٹرینرس کیلئے آن لائن درخواست دینے کی تاریخ ۱۱؍ سے۲۳؍ اگست۔ ان درخواست دہندگان کا کمپیوٹر بیسڈ ٹسٹ ۳۰؍ اگست کو مرکزی حج کمیٹی کے ذریعے ہوگا اور انٹرویویکم تا ۹؍ ستمبر ریاستی حج کمیٹی کو پورا کرنا ہوگا۔ ان کی تعلیم، تجربات، کسی قسم کا مجرمانہ ریکارڈ نہ ہواور دیگر تفصیلات بھی مہیا کرانی ہوں گی۔ 
حج انسپکٹرس کے لئے ۱۳؍اگست سے آن لائن درخواست دینے کاسلسلہ شروع ہوگا اور۲۷؍ اگست درخواست دینے کی آخری تاریخ ہوگی۔ ۶؍ستمبر کو مرکزی حج کمیٹی کے ذریعے درخواست دہندگان کا کمپیوٹر بیسڈ ٹسٹ لیا جائے گا۔ اس کے بعد ۸؍سے ۱۶؍ ستمبر کے درمیان ریاستی حج کمیٹی کے ذریعے انٹرویو لیا جائے گا۔ حج انسپکٹر سعودی عرب میں دورانِ حج حجاج کی خدمت پرمامور ہوں گے اور ان کی رہنمائی کریں گے۔ ایک حج انسپکٹر کے ذمے ۱۳۵؍ حجاج کرام ہوں گے۔ یہ تمام سرکاری اہلکار ہوں گے جبکہ ٹرینرس کیلئے سرکاری ملازم جیسی کوئی شرط نہیں ہے۔ 
 
 
یادر ہے کہ ہرسال حج سے کئی ماہ قبل ان امور کو پورا کیا جاتا ہے مگرہرسال حجاج کی یہ شکایت رہتی ہے کہ حج انسپکٹر نے صحیح طریقے سے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی۔ اس دفعہ دیکھناہوگا کہ جب حج سے ۹؍ماہ قبل ہی ٹرینرس اورحج انسپکٹرس کا انتخاب کرنے کے ساتھ ان کی ذمہ داری پوری کروائی جارہی ہے، حجاج کو صحیح معنوں میں کتنا فائدہ ہوتا ہے اوروہ عملاً کس قدر تربیت حاصل کرپاتے ہیں۔ 
حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر بھی تفصیلات
اس تعلق سے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر بھی تفصیلات مہیا کرائی گئی ہیں جبکہ سی ای او شہنواز سی کی جانب سے سرکیولر بھی جاری کیا گیا ہےاورریاستی حج کمیٹیوں کوبھی اس سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ ریاستی حج کمیٹیاں اپنے طور پربھی آگاہ کروا رہی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK