ٹراویل کنٹینٹ کریئیٹرسیجن نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ٹرین میں کئی مرتبہ سوار ہونے کی کوشش میں ناکامی کی روداد بیان کی۔
EPAPER
Updated: August 13, 2026, 4:57 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ٹراویل کنٹینٹ کریئیٹرسیجن نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ٹرین میں کئی مرتبہ سوار ہونے کی کوشش میں ناکامی کی روداد بیان کی۔
عروس البلاد ممبئی میں بھیڑ کے اوقات میں لوکل ٹرینوں میں مرد و خواتین اور بزرگوں کو ٹرین میں سوار ہونے اور اترنے میں ہونے والی شدید پریشانی اور دقت سے ہر شہری واقف ہے۔ ایک کوریائی شہری جو گزشتہ ہفتے ہی ممبئی آیا ہے، نے ٹرینوں میں بھیڑ اور خود لوکل ٹرین میں سفر کرنے اور اس میں سوار ہونے کی کوشش میں ناکامی کی روداد بیان کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھیڑ کے باوجود خصوصی طور پر خواتین کے لڑ جھگڑ کر ٹرین میں سوار ہونے یا لٹک کر سفر کرنے پر وہ دم بخود رہ گیا۔ انہوں نے بھیڑ کے اوقات میں سفر کرنے والوں کو سلام کیا۔
یہ بھی پڑھئے: حج ٹرینرس اور حج انسپکٹرس کیلئے درخواستیں مطلوب
ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں بھیڑ دیکھ کر حیرت زدہ رہنے والے کوریائی ٹراویل کنٹینٹ کریئیٹرسیجن حال ہی میں ممبئی آئے ہیں تاکہ یہاں کی تہذیب اور کلچر کو سمجھ سکے۔ خود کو سابق سفارتکار بتانے والے کوریائی شہری کے بقول’’ مجھے غیر ملکی ثقافت اور زبانوں میں بہت دلچسپی ہے۔ ‘‘ انہوں نےاپنے انسٹا گرام پر ٹرین سے سفر میں ناکامی کی ویڈیو ریکارڈ کی گئی روداد کچھ اس طرح بیان کی ہے۔ ’’ مجھے حیرت ہے کہ روزانہ اتنی بھیڑ میں لوگ کیسے سفر کرتے ہیں ۔ مرد کے ساتھ ساتھ خواتین بھی شاید جو ملازمت پیشہ ہیں ، روزانہ ٹرین میں چڑھنے کیلئے جس جہدو جہد کا مظاہرہ کررہی تھیں، اسے دیکھ کر میں نہ صرف میں حیران تھا بلکہ پریشان بھی تھا کہ آخر میں اس بھیڑ میں کیسے چڑھ سکوں گا۔ چلو کسی طرح چڑھ بھی جاؤں تو کیا میں ٹرین میں لٹک کر سفر کر سکوں گا۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: پوترپورٹل ویب سائٹ کی سست رفتاری سے اُمیدوار پریشان
جنوبی کوریاکے ڈیگو نامی شہرکے رہنے والے ٹراویل کنٹینٹ کریئیٹرسیجن نے مزید تحریر کیا کہ ’’ اسے اس وقت انتہائی بے چینی اور گھبراہٹ بھی ہوئی جب وہ بارہا کوشش کے ٹرین میں نہیں چڑھ سکا اور مرد کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی دروازہ پر لٹک کر سفر کرتے دیکھ کر حیران رہ گیا۔ ‘‘ سیجن نے اپنے انسٹا گرام پر ڈالے گئے ویڈیو میں یہ بھی دکھایا ہے کہ بارہا کوشش کے باوجود وہ ٹرین میں نہیں چڑھ سکا اور تھک ہار کر اسٹیشن سے باہر نکلا اور ٹیکسی کے ذریعہ اپنی منزل مقصود کی طرف روانہ ہوگیا۔ انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر شہر کے کلچر اور تہذیب سے ہم آہنگ ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ساتھ ہی ہندی زبان سیکھنے میں بھی دلچسپی دکھائی ہے۔ اس نے یہ بھی تحریر کیا کہ۱۷۰؍ روپے کا راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ خریدنے اور ٹرین میں سفر کرنے کی خواہش پوری نہ ہونے کا افسوس ہے لیکن ایک حیرت انگیز اور دلچسپ تجربہ سے گزرنے کا موقع ملنے سے وہ خوش ہے۔
اس تعلق سے سوشل میڈیا پر کوریائی شہری کے ٹرین کا سفر کرنے میں ناکام رہنے پر تبصرہ کرتے ہوئے لوگوں نے کہا کہ آپ اتنی جلدی ہار مان گئے جبکہ اس وقت تو ٹرین میں اتنی بھیڑ بھی نہیں تھی۔ بہت سے لوگوں نے اس روداد پر مسکراتا ہوا ایموجی ڈالا ہے۔