Inquilab Logo

بھارت جوڑو یاترا اور یوم جمہوریہ کیلئے ہائی الرٹ کے باوجود جموں میں۲؍ دھماکے،۷؍ زخمی

Updated: January 22, 2023, 10:41 AM IST | jammu

بلیرو گاڑی کو دھماکہ کیلئے استعمال کیاگیا، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نےبلاسٹ کی شدید مذمت کی،خاطیوں کو کیفر کردارتک پہنچانے کا اعلان، پولیس کے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کی، زخمیوں کے لئے عبوری راحت کا اعلان بھی کیا

After the blasts in Jammu, the security personnel are looking for clues. (PTI)
جموں میں دھماکوں کے بعد سیکوریٹی اہلکار سراغ کی تلاش میں سرگرداں نظر آرہے ہیں۔( پی ٹی آئی)

یوم جمہوریہ اور راہل گاندھی کی بھارت جوڑو  یاترا کے پیش نظر سیکوریٹی  انتظامات ہائی الرٹ پر ہونے کے  باوجود سنیچر کو دہشت گردوں نے جموں کے  نروال علاقے کو نشانہ بنانے میں کامیابی حاصل کرلی۔ یہاں یکے بعد دیگرے ہونے والے ۲؍ دھماکوں میں  ۷؍ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ گورنر نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے  خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا اعلان کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں  نے زخمیوں کیلئے عبوری راحت کا بھی اعلان کیا ہے۔ 
 پولیس کا کہنا ہے کہ نروال علاقے میں سنیچر کی صبح قریب پونے ۱۱؍بجے ۲؍پر اسرار دھماکے ہوئے جن میں۷؍ افراد زخمی ہوگئے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس جموں مکیش سنگھ نے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو بتایا کہ ایک پرانی بلیرو گاڑی کھڑی تھی جس میں ۱۱؍بجے کے قریب دھماکہ ہوا۔اس کے نتیجے میں وہاں موجود ۵؍ افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال پہنچایا گیا۔انہوں نے بتایاکہ دھماکے کے بعد  علاقے کو خالی کرایا جارہاتھا کہ محض آدھا گھنٹے کی دورانیہ میں دوسرا  دھماکہ ہوا جس میں مزیدف۲؍ افراد  معمولی  زخمی ہوگئے۔ کچھ میڈیا رپورٹوں نے زخمیوں کی مجموعی تعداد ۹؍ بھی بتائی ہے۔  زخمیوں کو علاج و معالجے کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں منتقل کیا گیا ہے۔
زخمیوں کی شناخت سہیل کمار ولد محمد اقبال ساکن استاد محلہ جموں، سشیل کمار ولد رمیش کمار ساکن پریم نگر ڈوڈہ، ویشپ پرتاب ولد بابو سنگھ ساکن کانہ چک جموں، ونود کمار ولد کاکو رام ساکن چک بکتاور آر ایس پورہ، ارن کمار ساکن قاسم نگر باوی، امت کمار ولد گلشن کمار ساکن باہو فورڈ جموں اور راجیش کمار ولد درشن کمار ساکن باوی جموں کے بطور ہوئی ہے۔
 اسپتال کے مطابق زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔ حملے کے فوراً  بعد سیکوریٹی فورسیز نے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے  تلاشی مہم شروع کر دی  ہے۔ یہ دھماکے  ایسے وقت  ہوئے ہیں جب بھارت جوڑ یاترا کے جموں پہنچنے اور یوم جمہوریہ کے پیش نظر جموں میں سیکوریٹی ہائی الرٹ پر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK