شہر کے اطراف مختلف آبی ذخائر میں پانی کے وافر مقدار ہونے کے باوجود ناقص منصوبہ بندی اور انتظامی لاپروائی کے باعث شہریوں کو پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
وزیر آب رسانی کی رکن اسمبلی اور دیگر میونسپل افسران کے ساتھ میٹنگ۔ تصویر: آئی این این
شہر کے اطراف مختلف آبی ذخائر میں پانی کے وافر مقدار ہونے کے باوجود ناقص منصوبہ بندی اور انتظامی لاپروائی کے باعث شہریوں کو پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ شہر کے اکثر علاقوں میں کئی کئی روز بعد انتہائی قلیل مدت کیلئے پانی سپلائی کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں اور عوامی نمائندوں میں انتظامیہ کے تئیں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ بڑھتے ہوئے عوامی غصے کے پیش نظر امبرناتھ کے رکن اسمبلی ڈاکٹر بالاجی کینیکر نے ریاست کے وزیر آب رسانی گلاب راؤ پاٹل سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔
شہر میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری شدید آبی بحران اور پانی کی غیر مساوی تقسیم کے خلاف عوام میں بڑھتی بے چینی کے بعد انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی ہے۔ عوامی غم و غصے کو دیکھتے ہوئےامبرناتھ نگر پالیکا کےصدر اور مقامی کارپوریٹرس نے سڑکوں پر اتر کر احتجاج کیا اور مہاراشٹر جیون پرادھیکرن کے دفتر کے باہر دھرنا دے کر پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر بالاجی کینیکر نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ریاستی وزیر آب رسانی گلاب راؤ پاٹل سے ملاقات کی جس کے بعد ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی گئی۔
میٹنگ میں امبرناتھ شہر میں پانی کی فراہمی کو منصفانہ اور مساوی بنانے کیلئے مختلف اہم مقامات پر فلو میٹر نصب کرنے اور واٹر ٹینکوں کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد پانی کی اصل مقدار اور مختلف علاقوں کو فراہم کئے جانے والے پانی کی نگرانی کو مؤثر بنانا ہے۔ میٹنگ میں پانی کی فراہمی میں بار بار پیدا ہونے والی رکاوٹ کی ایک بڑی وجہ بجلی کی غیر مستقل فراہمی کو بھی قرار دیا گیا۔ بجلی منقطع ہوتے ہی پمپنگ کا عمل رک جانے سے پانی کی ترسیل متاثر ہوتی ہے۔ اس مسئلے سے مستقل طور پر نمٹنے کے لئے متعلقہ پمپنگ مراکز پر جنریٹر کا انتظام کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ بجلی کی بندش کے باوجود پانی کی سپلائی متاثر نہ ہو۔
شہر کے تیزی سے آباد ہونے والے اور بلند علاقوں خصوصاً جاوسئی، پھولے نگر اور نارائن نگر میں پانی کی قلت دور کرنے کیلئے نئی پائپ لائن بچھانے کے معاملے پر بھی میٹنگ میں مثبت پیش رفت ہوئی۔ ان علاقوں تک مناسب دباؤ کے ساتھ پانی پہنچانے کیلئے ضروری تکنیکی اقدامات جلد مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔ میٹنگ کے اختتام پر وزیرِ آب رسانی گلاب راؤ پاٹل نے متعلقہ افسران کو ہنگامی بنیادوں پر تمام ضروری اقدامات مکمل کرنے اور آئندہ ۱۵؍ دنوں کے اندر امبرناتھ شہر میں پانی کی فراہمی کو معمول پر لانے کی سخت ہدایت دی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انتظامیہ ان فیصلوں کو کس رفتار سے عملی جامہ پہناتی ہے اور برسوں سے پانی کی قلت سے پریشان شہریوں کو راحت کب ملتی ہے۔