Inquilab Logo

پڑگھا میں تباہ کن بارش، چھتیں اڑ گئیں، گاڑیاں پلٹ گئیں 

Updated: May 31, 2023, 9:26 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

دوپہر کے وقت اچانک شروع ہوئی بارش میںشادی کا منڈپ اڑ گیا، متعدد مہمانان زخمی، مدرسے کی عمارت کو بھاری نقصان، ٹورینٹ پاور کے کھمبے ٹیڑھے، بجلی گل

During the wedding, due to the stormy winds, the mandap was blown down and all the arrangements were scattered
شادی کے دوران طوفانی ہوائوں کے سبب منڈپ ا ڑ گیا اور سارے انتظامات بکھر گئے ( تصویر : انقلاب)

یہاں بھیونڈی شہر سے ملحق پڑگھا بوریولی علاقے  میں منگل کی دوپہر تیز اور طوفانی بارش کے سبب شہریوں کو شدید نقصان  اٹھانا پڑا ۔ طوفان اتنا زور دار تھا کہ سیکڑوں گھروں کے اوپر لگے پترے کے شیڈاُڑ گئے، کئی درخت اکھڑ گئے، سڑکوں پرجارہی آٹو رکشا سمیت کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ بجلی کے متعددکھمبے بھی تیز ہوا کی زد میں آکر ٹیڑھے ہوگئے۔اس کی وجہ سے علاقے میں بجلی سپلائی  بھی متاثر ہوئی ہے۔ تیز آندھی میں شادی کا ایک  منڈپ بھی اڑ گیا جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پڑگھاپولیس نے تیز آندھی کے ساتھ بارش میں درخت گرنے اور مکانات کے شیڈ اڑنے کی اطلاع دی ہے۔ لیکن پولیس کو زخمیوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔حیرت کی بات یہ ہے کہ موسم کی اس اچانک تبدیلی کا اثر بھیونڈی شہر میں نہیں دکھائی دیا۔
 غریبوں کی چھتیں سڑک پر 
 اطلاع کے مطابق  روز کی طرح منگل کو بھی شدید گرمی سے لوگ پریشان تھے ۔دوپہر ایک بجے کے بعداچانک ہی بھیونڈی سے ملحق پڑگھا  بوریولی میں تیز طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش شروع ہوگئی۔یہ طوفان اتنا تیز تھا کہ غریب اور متوسط طبقے کے بیشتر افراد کے گھروں کے پترے( چھتیں) اُڑ گئے۔عینی شاہدین کے مطابق سیکڑوں گھروں کے  پترے  اس طرح  اُڑے ہیں کہ سڑک پر چہار جانب پترے ہی پترے نظر آرہے ہیں۔ تیز آندھی کے باعث وہاں کے ہوٹلوں میں لگے شیشے ٹوٹ گئے۔
جامعتہ المومنات کو لاکھوں روپوں کا نقصان
 طوفانی بارش میں لڑکیوں کامدرسہ جامعیۃ المومنات میں نصب لاکھوں روپے مالیت کا سولر سسٹم اُڑ گیا۔  ساتھ ہی مدرسے کی چھت کھڑکیاں اور دوسرے سامان بھی طوفانی ہواؤں کی زد میں آ کر اُڑ گئے۔جماعت اسلامی ( بھیونڈی)کے صدرمولانا اوصاف فلاحی نے فون پر مدرسے کے نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پڑگھا میں سیکڑوں مکانات کے پترے اُڑ گئے ہیں  جس سے بہت نقصان ہوا ہے۔ 
 شادی کا منڈپ اڑ گیا
 منگل کو یہاں ایک شادی کی تقریب بھی تھی دوپہر کو لوگ شادی کے منڈپ میں کھانا کھا رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ تیز طوفان کے دوران  شادی کا منڈپ اُڑ گیا جس میں کئی لوگ کھانا کھاتے ہوئے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے پڑگھا پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جایا گیاہے جہاں کئی افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
 اس طوفان میں کل کتنے لوگ زخمی ہوئے ہیں اس کی صحیح معلومات نہیں مل سکی ہے لیکن مقامی شہریوں کے مطابق ۱۰؍ سے ۱۵؍ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سڑکوں پر درخت گرنے سے ٹریفک نظام بھی متاثر ہے۔ٹورینٹ پاور کمپنی کے عوامی رابطہ افسر چیتن بادیانی نے بتایا کہ تیز طوفان کی وجہ سے بجلی کے ۸؍ سے ۱۰؍ کھمبے جھک گئے ہیں۔ لائن کو کئی مقامات پر نقصان پہنچا ہے۔ بجلی کی تاروں پر درخت گرنے سے ۷؍ مقامات پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے اہلکاروں کو کام پر لگادیا گیا ہے۔تاہم بجلی کی سپلائی شروع ہونے میں ۸؍ تا۱۰؍ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات  نے پیش گوئی کی ہے کہ مانسون سے قبل مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں  بے موسم برسات ہو سکتی ہے ۔  پیر کو  پونے اور ناگپور میں بارش ہو چکی ہے، منگل کو بھیونڈی کے اطراف میں اس کا اثر دیکھنے کو ملا۔ خبر لکھے جانے تک ممبئی کے کسی علاقے میں بارش کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔  

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK