رکن پارلیمان نے کہا کہ ایئر پورٹ کو ڈی وائی پاٹل سے منسوب کرنے کی تجویز جلد ہی مرکزی کابینہ میں پیش کی جائےگی۔
رکن پارلیمان سریش مہاترے خطاب کرتے ہوئے:تصویر:آئی این این
نوی ممبئی میں زیر تعمیر بین الاقوامی ہوائی اڈے کو عوامی رہنما ڈی بی پاٹل کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز جلد مرکزی کابینہ میں پیش کی جائے گی جبکہ اس کے ساتھ ہی بھیونڈی کے مسافروں کو درپیش ریلوے مسائل کے حل کے لئے بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ یہ اطلاع بھیونڈی کے رکن پارلیمنٹ سریش مہاترے ( بالیا ماما) نے پریس کانفرنس میں دی۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پارلیمنٹ اور متعلقہ وزارتوں کے سامنے بھیونڈی کے عوام کو درپیش سفری مشکلات کا مسئلہ بارہا اٹھایا ہے۔ اسی کے نتیجے میں دیوا۔وسئی ریلوے روٹ سے گزرنے والی ۷؍ لمبی دوری کی ٹرینوں میں سے ۳؍ ٹرینوں کے بھیونڈی روڈ ریلوے اسٹیشن پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے بھیونڈی اور اطراف کے ہزاروں مسافروں کو بڑی سہولت ملے گی۔
سریش مہاترے نے کہا کہ واشند میں تیسری اور چوتھی ریلوے لائن کا کام مکمل ہونے کے بعد دیوا۔وسئی میمو ٹرین کو براہ راست ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس تک چلانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے، جس سے بھیونڈی کے مسافروں کو ممبئی تک براہ راست سفر کرنے میں آسانی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ علاقے کی ترقی کے لئے کلیان۔مرباڑ ریلوے پروجیکٹ بھی نہایت اہم ہے، جس کے لئے زمین کے حصول پر تقریباً۱۴۰۰؍ کروڑ روپے خرچ ہونے کا اندازہ ہے۔ اس سلسلے میں ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے انہیں یقین دلایا ہے کہ مرکز اور ریاستی حکومت اس منصوبے کو جلد عملی شکل دینے کے لئے سنجیدہ ہیں۔
پریس کانفرنس میں رکن پارلیمان نے مزید بتایا کہ نوی ممبئی میں زیر تعمیر بین الاقوامی ہوائی اڈے کو لوک نیتا ڈی بی پاٹل کے نام سے منسوب کرنے کا دیرینہ مطالبہ بھی اب پورا ہونے کے قریب ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر کنجراپو رام موہن نائیڈو نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کئی برسوں سے زیر التوا یہ تجویز جلد ہی مرکزی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔ سریش مہاترے نے کہا کہ وہ جلد ہی ریلوے حکام کے ساتھ میٹنگ کرکے بدلاپور، آسن گاؤں، واشند اور بھیونڈی روڈ ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کو درپیش سہولتوں کے مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے تاکہ علاقے کے عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔