Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی کے بازاروں میں غیر معمولی بھیڑ ،عید کی خریداری عروج پر

Updated: March 18, 2026, 3:01 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ٹریفک کو قابو میں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات ،بھیڑ بھاڑ اور ٹریفک پر قابو پانے کےلئے سماجی تنظیمیں بھی پیش پیش۔

Crowd of shoppers at Lala Shopping Center, Teen Batti, Bhiwandi ahead of Eid-ul-Fitr.Photo:INN
عیدالفطر سے قبل بھیونڈی کے لالہ شاپنگ سینٹر، تین بتی میں خریداروں کا ہجوم۔ تصویر:آئی این این
عیدالفطر میں اب چند ہی دن باقی رہ گئے ہیں اور صنعتی و تجارتی شہر بھیونڈی کے بازاروں میں خریداری کا جوش اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے۔ شہر کے اہم بازاروں، گلی محلوں اور تجارتی مراکز میں دن بھر خریداروں کی بھیڑ دیکھی جا رہی ہے ، جبکہ شام ڈھلتے ہی یہ رونق مزید بڑھ جاتی ہے اور رات گئے تک خریداری کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔بڑھتی ہوئی بھیڑ اور ٹریفک کے دباؤ کو دیکھتے ہوئے پولیس نے شہر کے مصروف بازاروں میں خصوصی انتظامات نافذ کر دئیے ہیں۔ شہر کے اہم تجارتی مراکز تین بتی اور بازار پیٹھ میں بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ زکات ناکہ پر بیریکیڈ لگا کر کاروں اور رکشوں کے داخلے کو روک دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق بازار کے اندر صرف دو پہیہ سواریوں کو ہی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ پیدل چلنے والے خریداروں کو سہولت مل سکے اور بھیڑ کو قابو میں رکھا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق عید کے پیش نظر خریداروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے یہ اقدامات ضروری ہو گئے تھے۔ ان اقدامات سے بازاروں میں نظم و ضبط قائم رکھنے میں کافی حد تک مدد مل رہی ہے۔صرف مرکزی بازار ہی نہیں بلکہ انصار محلہ، کھنڈوپاڑہ اور اوچٹ پاڑا،دھامنکر ناکہ و شہر کے دیگر حصوں میں بھی ان دنوں خریداری کے اہم مراکز بن چکے ہیں، جہاں گلیوں تک میں خریداروں کا ہجوم نظر آ رہا ہے اور چھوٹے کاروباری بھی عید کی رونق سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ 
 
 
بازاروں میں ٹریفک کو منظم رکھنے کے لئے سماجی تنظیمیں بھی سرگرم ہو گئی ہیں۔ مرزا گروپ کے رضاکار پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک کو قابو میں کرنے اور خریداروں کی رہنمائی کرنے میں مصروف ہیں۔ اس ٹیم میں نوجوانوں کے ساتھ لڑکیاں بھی شامل ہیں، جو نہایت ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔
 
 
  بازاروں میں ملبوسات، جوتے، ٹوپیاں، عطر اور بچوں کے کپڑوں کی دکانوں پر خاصا رش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ رمضان کے آخری عشرے کے ساتھ ہی کاروبار میں تیزی آ گئی ہے اور اب روزانہ سحری تک گاہکوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ کئی دکانداروں نے عید کے پیش نظر خصوصی رعایتی آفرز بھی متعارف کروائی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باوجود عید کی خوشیوں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور لوگ اپنی استطاعت کے مطابق خریداری کر رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ بھیونڈی کے بازاروں کی یہی چہل پہل اور رونق عید کی آمد کا سب سے خوبصورت پیغام ہوتی ہے، جسے برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور  رضاکاروں کے اقدامات نہایت اہم ثابت ہو رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK