این سی پی کے رکن اسمبلی نے وزیر اعلیٰ فرنویس کو خط لکھ کرفوری مداخلت کی درخواست کی ،نوجوانوں کوپھنسانے والے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگاکر اس میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی اپیل
EPAPER
Updated: June 30, 2026, 11:41 PM IST | Z A khan | New Delhi
این سی پی کے رکن اسمبلی نے وزیر اعلیٰ فرنویس کو خط لکھ کرفوری مداخلت کی درخواست کی ،نوجوانوں کوپھنسانے والے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگاکر اس میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی اپیل
سوشل میڈیا پر زیادہ تنخواہ والی ملازمت کا جھانسہ دے کر مہاراشٹر کے نوجوانوں کو میانمار-تھائی لینڈ سرحد پر قائم مبینہ سائبر کیمپوں میں پھنسائے جانے اور ان سے زبردستی آن لائن دھوکہ دہی اور سائبر جرائم کروائے جانے کا ایک نہایت تشویشناک معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس پس منظر میں پرلی کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر دھننجے منڈے نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس معاملے میں فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ۳۰؍ جون بروز منگل کو وزیر اعلیٰ کو ارسال کیے گئے اپنے خط میں دھننجے منڈے نے بتایا کہ ضلع بیڑ کے تعلقہ کیج کے گاؤں ناندور گھاٹ کے رہائشی سواپنل کالنکے سمیت ناسک، دھاراشیو(عثمان آباد)، چالیس گاؤں اور تھانے کے متعدد نوجوان سوشل میڈیا پر جاری ملازمت کے اشتہارات سے متاثر ہو کر میانمار-تھائی لینڈ سرحد تک پہنچ گئے۔انہوں نے الزام لگایا کہ وہاں ان نوجوانوں کو مبینہ سائبر جرائم پیشہ گروہوں نے اپنی تحویل میں رکھ کر روزانہ۱۶؍ سے۱۸؍ گھنٹے آن لائن فراڈ اور سائبر دھوکہ دہی سے متعلق سرگرمیوں پر مجبور کیا گیا۔ خط میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ انکار کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور انہیں الیکٹرک شاک بھی دیے جاتے ہیں۔دھننجے منڈے نے اپنے مکتوب میں مزید کہا کہ ان مبینہ کیمپوں میں اس وقت تقریباً ۷۰۰؍ سے ۸۰۰؍ ہندوستانی نوجوان پھنسے ہوئے ہیں جن میں۲۰؍ سے ۲۵؍ نوجوان مہاراشٹر سے تعلق رکھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں بیڑ سائبر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے اور ریاستی پولیس نے مرکزی وزارتِ خارجہ سے بھی رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ سے متعلق ہے، اس لیے ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ مرکزی حکومت اور وزارتِ خارجہ کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کرتے ہوئے پھنسے ہوئے نوجوانوں کی محفوظ واپسی کیلئے اعلیٰ سطح پر فوری اقدامات کرے۔دھننجے منڈے نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ مہاراشٹر سے نوجوانوں کو بیرونِ ملک بھیجنے والے ایجنٹوں کے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگا کر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ ریاستی حکومت اس سنگین معاملے میں فوری، مؤثر اور مثبت اقدامات کئے جائیں تاکہ متاثرہ نوجوانوں کو بحفاظت وطن واپس لایا جا سکے اور مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔