Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھاراوی :بھاجپا ہٹاؤ دیش بچاؤ اور سمویدھان بچاؤ کا پُرزور نعرہ

Updated: November 24, 2023, 9:03 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس کی جانب سے سمویدھان چوک پرزبردست احتجاج کیاگیا۔

Demonstrators are protesting against the government at Samvidhan Chowk. Photo: Inquilab
سمویدھان چوک پر مظاہرین حکومت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ تصویر:انقلاب

بھاجپا ہٹاؤ دیش بچاؤ ، سمویدھان بچاؤ،کامگار ،شیتکری (کسان)، کشٹ کاری اورسروسامان جنتا بچاؤ‘ کاپُرزور نعرہ بلند کرتے ہوئے آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس (آئیٹک )کی جانب سے سمویدھان چوک پر جمعرات کو زبردست احتجاج کیا گیا۔
 آئیٹک کےقومی سیکریٹری کامریڈ شیوکمار داملے نے کہاکہ ’’سمویدھان کا بچاؤ،کامگار ، شیتکری (کسان)، کشٹ کاری(محنت کش) اور سروسامان (عوام ) جنتا کا بچاؤ اسی وقت ہوگا جب ہم سب مل کربھاجپا کو ہٹائیں گے ،اسی سے دیش بچے گا۔آج حالات یہ ہیں کہ نہ سمویدھان محفوظ ہے اورنہ ہی عام آدمی۔ اس  پر بوجھ لادا جارہا ہے ، غریب عوام کی مہنگائی اوربے روزگاری سے کمر توڑی جارہی ہے۔‘‘
کامریڈ پرکاش ریڈی نے کہاکہ’’ ساڑھے ۹؍ سال مودی سرکار کوہوگئے ،ان برسوں میں مہنگائی اور بے روزگاری اپنی آخری حد کوپہنچ گئی ہے۔ملک میںمعاشی بحران پیدا ہوگیا ہے اس کےباوجود ملک کا تمام اثاثہ مودی حکومت اڈانی کے حوالے کررہی ہے۔اس کا صرف ایک ہی حل ہے کہ عوام اپنی طاقت کے ذریعے مودی سرکار کو اقتدار سے بےدخل کردیں۔‘‘ 
ایڈوکیٹ سنجے سنگھوی نے کہاکہ ’’یہ بدقسمتی ہے کہ۳۳؍فیصد ووٹ پانے والی بی جے پی حکومت بنالیتی ہے اور۶۷؍ فیصد ووٹ والے اپوزیشن میںآجاتے ہیں، ان حالات کوبدلنے کے لئے سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا ورنہ دیش برباد ہوجائے گا۔ اگر اب بھی ہم نے اپنی ذمہ داری محسوس نہ کی تو شاید پھر ووٹ دینے کی نوبت ہی نہ آئے ،اس لئے دیش واسی جاگیں اوربی جے پی کو اقتدار سے اکھاڑ پھینکیں۔‘‘
سامیا کورڈے نےخواتین کے مسائل بیان کرتے ہوئےکہا کہ’’ جب منی پور میں بہنوں کو ننگا گھمایاگیا تب مودی جی چپ تھے ، پہلوان بہنوں کے مسائل پرمودی جی خاموش رہے ، اسی طرح جے این یواور دیش کی دیگریونیورسٹیوں کے طلبہ جب اپنے حقوق کےلئے لڑرہے تھے تب بھی مودی جی چُپ رہے ۔اس لئے عوام کے مسائل پرخاموشی برتنے والے مودی جی اوربی جے پی کواقتدار سے بے دخل کرنا ہی مسئلہ کا واحد حل ہے۔‘‘ اس موقع پردیگرمقررین نےبھی اسی اندازمیں اظہارخیال کیا اورعوام کواپنے ووٹ کی طاقت پہچاننے اوراسے بھاجپا کو ہٹانے کےلئے استعمال کرنے کی اپیل کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK