Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھاراوی : مذہبی تعمیرات کے دستاویز جمع کرانے کیلئےمہلت

Updated: August 25, 2025, 12:36 PM IST | Shahab Ansari | Dharavi

دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ نے اخبار میں نوٹس شائع کرکے انہیں ۲۲؍اگست سے ۳۰؍ دن کی مہلت دی ہے جنہوں نے سروے میں حصہ نہیں لیا یادستاویز جمع نہیں کرائے ہیں۔

A notice regarding the Dharavi Redevelopment Survey has been published in the newspaper. Photo: INN
دھاراوی ری ڈیولپمنٹ سروے سے متعلق نوٹس اخبار میں شائع کروایا گیا ہے۔ تصویر: آئی این این

’دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ (ڈی آر پی)‘ نے اخبار میں عوامی نوٹس شائع کرکے دھاراوی میں واقع مذہبی تعمیرات کے ذمہ داران کو جمعہ، ۲۲؍ اگست سے ۳۰؍ دنوں کی مہلت دی ہے کہ وہ اپنے دستاویز جمع کروائیں تاکہ ان کو متبادل مقام پر منتقل کیا جاسکے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ آخری موقع دیا جارہا ہے اور یہ نوٹس خصوصیت سے ان لوگوں کیلئے ہے جنہوں نے سروے میں اب تک حصہ نہیں لیا ہے، نہ توسروے کیلئے ڈی آر پی کا نوٹس قبول کیا اور نہ ہی متعلقہ جگہ پر نوٹس چسپاں کرنے کی اجازت دی تھی۔ 
 مذکورہ نوٹس ’’ڈی آر پی۔ ریلیجئس اسٹرکچر کمیٹی‘ کی جانب سے شائع کیا گیا ہے جسے ریاستی حکومت نے ۴؍ اکتوبر ۲۰۲۴ء کو تشکیل دیا تھا۔ اس کمیٹی کی تشکیل کا مقصد دھاراوی کی بازآباد کاری کے دوران مذہبی ڈھانچوں کو متبادل جگہ پر منتقل کرنا اور ان سے متعلق دیگر ضروری کارروائیاں انجام دینا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سروے کے دوران جن مذہبی تعمیرات کے منتظمین نے دستاویز جمع کروائے ہیں، ان کا سروے تو ہوگیا ہے بلکہ ضرورت کے مطابق ان سے جو مزید دستاویز طلب کئے گئے تھے، انہوں نے وہ بھی جمع کروا دیئے ہیں۔ البتہ ان دستاویز کی جانچ کے دوران کمیٹی نے محسوس کیا کہ جن مذہبی ڈھانچوں کے ذمہ داران نے سروے میں حصہ نہیں  لیا ہے، انہیں مناسب موقع دیا جاچکا ہے، اس کے باوجود مزید ایک موقع دیا جائے تاکہ وہ ضروری دستاویز جمع کراسکیں۔ اس میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ جو نوٹس دیئے گئے ہیں، ان میں یہ بات کہی گئی تھی کہ اگر منتظمین کسی مذہبی عمارت یا ڈھانچے کے تعلق سے دستاویز جمع نہیں کرواتے ہیں تو کمیٹی یہ مان لے گی کہ ان کا دستاویز دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور سروے کے دوران کمیٹی کو جو دستاویز اور تفصیلات ملی ہیں یا ان کے پاس دستیاب ہیں، وہ ان کی بنیاد پر اس تعلق سے فیصلہ کرے گی۔ ایسی کئی مذہبی عمارتیں ہیں جن کے تعلق سے دستاویز جمع نہیں کرائے گئے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ انصاف کے قدرتی تقاضوں کے پیش نظر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اخبار میں عوامی نوٹس دے کر لوگوں کو ایک آخری موقع دیا جائے کہ جو لوگ مذہبی عمارتوں وغیرہ کے تعلق سے دستاویز جمع نہیں کرواسکے ہیں اور اب جمع کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ اپنے کاغذات دے سکتے ہیں۔ اب یہ دستاویز کوریئر، اسپیڈ پوسٹ یا ذاتی طور پر کمیٹی کے دفتر واقع کمیٹی کے ممبر سیکریٹری، تیسرا منزلہ، گالہ الٹیزّا، شانمکھا نندا آڈیٹوریم کے بازو میں سائن پر پہنچائے جاسکتے ہیں۔ 
 یہ نوٹس ۲۲؍ اگست کو شائع ہوا ہے اور اس میں  کہا گیا ہے کہ اس کی اشاعت کے ۳۰؍ دن میں جو لوگ دستاویز نہیں دیں گے، ان کے تعلق سے یہ مان لیا جائے گا کہ یا تو وہ دستاویز دینا نہیں چاہتے یا ان کے پاس ثبوت کیلئے کاغذات نہیں ہیں۔ 
 مذہبی جگہ کے تعلق سے جو تفصیلات طلب کی گئی ہیں ، وہ انگریزی، ہندی اور مراٹھی زبان میں 
https://drpmumbai.maharashtra. gov.in/mr/religious-structure 
ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ 
 یاد رہے کہ جہاں تک دھاراوی کے عام مکانات اور تجارتی یا صنعتی اداروں کے سروے کا سوال ہے، اڈانی گروپ کے ’دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ پرائیویٹ لمیٹڈ(ڈی آر پی پی ایل) کی جانب سے دھاراوی میں گھر گھر جاکر سروے کرنے کا ۱۲؍ اگست کو آخری دن تھا۔ البتہ سروے کی کارروائی بند نہیں ہوئی ہے اس لئے جو لوگ اب بھی اپنے دستاویز جمع کرانا چاہیں، وہ ان کی ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ قائم کرکے یا پھر ڈی آر پی یا پھر این ایم ڈی پی ایل (نوبھارت میگا ڈیولپرس پرائیویٹ لمیٹڈ) کے دھاراوی میں واقع دفتر پر جاکر دستاویز جمع کرواسکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK