گوشت تاجروں سے مارپیٹ کا معاملہ Iپولیس کی کارروائی سے ناراضگی، دیگر تاجروں کیلئے لمحہ فکریہ۔
دھاراوی میں جائے وقوعہ پر بھیڑ۔ تصویر: آئی این این
گوشت کے تاجروں کے ساتھ مارپیٹ اور پولیس کے ذریعے حراست میں لئے گئے تاجر کے ملازمین کی ضمانت کے لئے وکلاء سے صلاح ومشورہ کیا جارہا ہے۔ آج پیر کے دن ماہر وکلاء کے ذریعے پیروی کی جائے گی تاکہ ضمانت مل سکے۔ یہ کہنا ہے کہ آل مہاراشٹر کھٹک اسوسی ایشن کے ذمہ دار عقیل تاڑے کا۔
انہوں نے نمائندہ انقلاب کو یہ بھی بتایا کہ بجرنگ دل کے کارکنان کی حرکتوں سے بابو شیخ اور کے ملازمین ہی پریشان نہیں ہوئے بلکہ دیگر تاجروں کے لئے بھی یہ لمحہ فکریہ ہے۔ کیونکہ اگر دیونار سے گوشت لانے پر یہ حرکت کی جائے گی تو کیا ہوگا؟ اس لئے اس تعلق سے گرفتار شدگان کی ضمانت کی کوشش کے ساتھ اس طرح کے حالات سے بچنے پر بھی صلاح ومشورہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس واقعے سے دیگر تاجر بھی ناراض ہیں اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے وکلاء کے ہمراہ ذمہ داران صلاح ومشورہ کریں گے ۔عقیل تاڑے کے مطابق پولیس کی کارروائی پر بھی ناراضگی پائی جارہی ہے کیونکہ تاجر یا ان کے ملازمین کا کوئی قصور جمعہ کے واقعے میں نہیں تھا، شرانگیزی بجرنگ دل کے کارکنان نے کی تھی، بلاوجہ ملازمین کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ان کے مطابق اس کارروائی کی آڑ میں کیس کو ہلکا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔